انتخابی اصلاحات سمیت 29 بلز منظور، اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیئے ملتوی

اسلام آباد : پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے انتخابی اصلاحات بل، الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کی ترمیم سمیت انتیس بلز منظور کر لیے گئے، جس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیئے ملتوی کردیا گیا

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران انتخابات ترمیمی بل 2021ء پیش کرنے کی تحریک مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کی۔ تحریک پیش ہونے کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے ارکان کو ہدایت کی کہ گنتی ہو رہی ہے، اپنی نشستوں پر کھڑے ہوں

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران انتخابات ترمیمی بل 2021ع پیش کرنے کی تحریک پر ووٹنگ ہوئی جس کے دوران یہ تحریک کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی

انتخابات ترمیمی بل 2021ء پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 221 اور مخالفت میں 203 ووٹ آئے

اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے آئینی ماہرین نے اسپیکر ڈائس پر مشاورت کی۔

فروغ نسیم، رضا ربانی، اعظم نذیر تارڑ اور شیری رحمٰن کی آپس میں مشاورت ہوئی، اس دوران انتخابات ترمیمی بل تحریک پر گنتی ہوتی رہی

اس تمام عمل کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس میں اعلان کیا کہ بل پیش کرنے کی تحریک منظور ہو گئی ہے

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اب ایوان رولز کے مطابق چلے گا، اپوزیشن بائیں جانب اور حکومت دائیں جانب چلی جائے. اگر منٹ میں ارکان نشستوں پر نہ گئے تو کاؤنٹنگ کے بجائے آواز کی بنیاد پر فیصلہ سنا دوں گا

اس کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے وائس ووٹنگ پر فیصلہ کیا، تحریک پر آواز کے ذریعے رائے لے کر اسے پاس قرار دے دیا

بابر اعوان کی الیکشن ایکٹ دوسرے ترمیمی بل پر ترمیم منظور کر لی گئی۔

تاج حیدر نے اس موقع پر الیکشن ایکٹ دوسرے ترمیمی بل پر ترمیم مسترد کر دی

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ علی وزیر کے ایوان میں نہ ہونے کی مذمت کرتے ہیں، تاہم سینیٹر مشتاق احمد کی ترمیم مسترد کر دی گئی

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ ہم اس سارے عمل کو مسترد کرتے ہیں، آئین اور حق ووٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے

ایوان میں ناخوشگوار صورتِ حال پیدا ہو گئی، دھکم پیل ہوئی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی آپس میں تلخ کلامی بھی ہوئی

اس موقع پر اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے، جنہوں نے وہاں احتجاج کیا اور ایوان میں اپوزیشن کے ’دھاندلی دھاندلی‘، ’گو نیازی گو‘ اور ’ووٹ چور‘ کے نعرے بلند ہونے لگے. اپوزیشن اراکین وزیرِ اعظم عمران خان کے سامنے احتجاج کرنے لگے، اس موقع پر وزیرِ اعظم اپنی نشست پر کھڑے ہو گئے

ایوان میں اپوزیشن کے ’گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو‘ کے نعرے بھی گونجتے رہے

ایوان میں اپوزیشن اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے بل اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ایوان میں ’اسپیکر کو رہا کرو‘ کے نعرے لگائے. ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر کی جانب پھینکی جاتی رہیں، ایوان مچھلی منڈی کا ماحول پیش کرنے لگا

اس دوران مرتضیٰ جاوید عباسی کی شہریار آفریدی اور وفاقی وزیر مراد سعید سے تلخ کلامی ہوئی، وہاں سارجنٹ ایٹ آرمز پہنچ گئے، جن کی وجہ سے وہاں ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی

ایوان میں حکومتی اراکین کی جانب سے ’کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان‘ کے نعرے بھی بلند ہوئے

اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان ایوان میں پہنچے تھے، حکومتی ارکان نے ڈیسک بجا کر وزیرِ اعظم کا خیر مقدم کیا تھا

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے 12 بجے کے بجائے 1 بجے دوپہر شروع ہوا تھا

مشترکہ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں اچانک اس وقت گرما گرمی پیدا ہو گئی جب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر مندوخیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر مندوخیل کو اپنی حد میں رہنے کی وارننگ دی

اسپیکر قومی اسمبلی نے عبدالقادر مندوخیل کی رکنیت معطل کرنے اور سیکورٹی کو انہیں ایوان سے باہر نکالنے کی ہدایت بھی کر دی

اسد قیصر نے چیئرمین پی پی پی سے مخاطب ہو کر کہا کہ اسپیکر سے بات کرنے کا کوئی طریقہ ہے، بلاول صاحب! جس طرح آپ کے رکن نے رویہ اختیار کیا آپ اس کا نوٹس لیں

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر اتفاقِ رائے کے بغیر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل پاس کیا گیا تو ہم آج سے ہی آئندہ الیکشن کو نہیں مانیں گے

انہوں نے اسپیکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم آپ کا، آپ کی کرسی کا اور پارلیمان کا احترام کرتے ہیں، حکومتی ممبرانِ پارلیمان کی عزت کریں، اس قوم اور ہاؤس سے جھوٹ نہ کہا جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ اسپیکر اپنے عہدے کی عزت رکھیں گے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنابِ اسپیکر جوائنٹ سیشن میں پیش ہونے والے بلوں پر پہلے بحث ہوتی ہے، اگر حکومت اس معاملے کو بلڈوز کرنا چاہتی ہے تو آپ کو اس کھیل میں شامل نہیں ہونا چاہیئے، الیکشن کمیشن بھی اس الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کر چکا، الیکشن کمیشن نے اس مشین پر 37 سنگین اعتراضات اٹھائے ہیں

انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے آئندہ الیکشن کو متنازع بنا رہی ہے، ہم آپ کی انتخابی اصلاحات کو نہیں مانتے، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک الیکشن کمیشن کے تحفظات ہیں تب تک ہمارے تحفظات ہیں، آپ اس بل کو پاس کرا بھی لیں تو آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم عدالت میں جائیں گے

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم سب غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں، تاہم الیکٹرانک مشین کے ذریعے دھاندلی کی کوشش کی جا رہی ہے، نہ کل کسی کو اس چیز کی اجازت دی گئی تھی نہ آج ان کو اجازت دیں گے، آپ ایک الیکشن کی ترمیم کے ذریعے پاکستان کے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدنیتی سے کوشش جاری ہے کہ کلبھوشن کو این آر او دلائے، بھارتی جاسوس نے حکومتی آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا، کلبھوشن نے آپ کے آرڈیننس پر اپیل نہیں کی، آج پارلیمنٹ کو استعمال کر کے کلبھوشن کو این آر او دینے کی کوشش کی جا رہی ہے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کو زبردستی پاس کروانا چاہتی ہے، سب مل کر قانون سازی کریں گے تو اگلا الیکشن متنازع نہیں ہو گا، اپوزیشن اور الیکشن کمیشن کے اعتراضات کے باوجود بل منظور کرائے گئے تو اگلا الیکشن متنازع ہو گا، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے عہدے، کرسی اور پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں، حکومت اپوزیشن اور عوام کو دھوکا دے رہی ہے، اسپیکر کے دفتر کو استعمال نہیں ہونا چاہیئے، اسپیکر اپنے عہدے کی عزت کریں، مل بیٹھ کربات کرتے ہیں، ایسی کیا جلدی ہے؟ حکومت کو بتا رہا ہوں کہ ہم عدالت میں جائیں گے، پیٹرول اور گیس کی قیمتیں کم کریں گے تو ہم آپ کا ساتھ دیں گے

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر نشاندہی کر رہی ہے کہ حکومتی صفوں میں مکمل اتحاد ہے، ہم تاریخ سے کب سبق سیکھیں گے، قائدِ حزبِ اختلاف کہتے ہیں کہ ہم قانون سازی کو بلڈوزر کرنا چاہتے ہیں، ایسا ہرگز نہیں ہے، ہم کوئی قانون بلڈوز نہیں کرنا چاہتے، ای وی ایم ناپاک عزائم کو دفن کرنے کیلئے لائی جا رہی ہے، حکومت کی صفوں میں یکجہتی ہے، اتحادی ساتھ ہیں، ہم نے ہر وہ طریقہ اختیار کیا جو قانونی طریقہ کار ہے

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے اجلاس اس لیے مؤخر کیا کہ کچھ دوستوں کے سوالات تھے، ہم نے انہیں دلائل سے قائل کیا اور آج وہ ہمارے ساتھ بیٹھے ہیں، آج ایک تاریخی دن ہے، ہم کوئی کالا قانون مسلط نہیں کرنا چاہتے، ہم ماضی کی کالک کو دھونا چاہتے ہیں

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اجلاس اگر عجلت میں ہوتا تو آپ ممبران سے رابطہ کیوں کرتے، اگر ہمارے پاس عددی اکثریت نہ ہوتی تو آج یہ بل کیسے پیش کر رہے ہوتے؟ حکومت کی صفوں میں یک جہتی ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، ہم آج قانون سازی کے ذریعے شفاف نظام لانے کا ارادہ رکھتے ہیں

ان کا کہنا ہے کہ جو پارٹی ممبر شپ چھوڑنے کا مطالبہ آج اسپیکر سے ہو رہا ہے کیا یہ ایازصادق سے کیا تھا؟ ہمیں زورِ بیان سے اجتناب کرنا چاہیئے، دہرے معیار سے ہمیں اجتناب کرنا چاہیئے، آپ کہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کو حق دینا چاہتے ہیں مگر اعتراضات بھی ہیں، آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ایوان کو مؤخر نہ کیا جائے، قائدِ حزبِ اختلاف اس بل کے حق میں ووٹ دیں اور اپنے ضمیر کا سودا نہ کریں

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین کو شیطانی مشین قراردے دیا

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے پاس ووٹ کے لئے نہیں جاسکتے تھے اس لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لا رہے ہیں، یہevil vicious machine ہے

انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ مجھے آپ کا خط موصول ہوا، ہم نے پوری توجہ سے آپ کے خط پر غور کیا اور اس کا مکمل جواب آپ کو دیا، اپوزیشن ارکان کو داد دیتا ہوں کہ وہ حکومتی دباؤ میں نہیں آئے

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور اتحادی بلز کو بلڈوز کرانا چاہتے ہیں، حکومت کے اتحادی انکاری تھے تو اجلاس کو مؤخر کیا گیا

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن سے پہلے ایوان اور بائیس کروڑ عوام دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں، یہ سیلکٹڈ حکومت اب عوام کے پاس ووٹ کے لیے نہیں جاسکتی، یہ جانتے ہیں کہ عوام ان کوووٹ نہیں دیں گے

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مشین کے ذریعے یہ سیلکٹڈ حکومت اپنی میعاد کو طول دینا چاہتی ہے، 2018ع میں تو آر ٹی ایس خراب ہو گیا تھا جس سے یہ دھاندلی زدہ حکومت بنی

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ آپ ان بلز پر تفصیلی مشاورت کریں، آپ نے آج یہ کالا قانون پاس ہونے دیا تو ملک کو شدید نقصان ہو گا، اس کے ذمے دار آپ ہوں گے

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف یہ ساری کارروائی عمران نیازی کی مرضی کے بغیر نہیں ہوئی، ہم نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، ان کی گالی کا جواب کبھی نہیں دیا

ان کا کہنا ہے کہ نو ممالک نے اس ایول ویشیئس مشین کے استعمال کو رد کر دیا اور یہ حکومت اس مشین کو لانے کے لیے بضد ہے، یہ حکومت جتنا اس مشین کے لیے سنجیدہ ہے اتنا مہنگائی، صحت اور غریب کے لیے نہیں سوچتی، حکومت عوام کے پاس جائے بغیر منتخب ہو کر آنا چاہتی ہے

شہباز شریف نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ہمارے سر کے تاج ہیں، ہم اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی بھرپور تائید کرتے ہیں، ہم طریقہ کار پر بات کر رہے ہیں، حکومت اوور سیز پاکستانیوں کا کہہ کر اپنے فسطائی ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتی ہے

انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کی تائید کرتے ہیں، بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق سے کوئی اختلاف نہیں، ہمیں اس طریقۂ کار سے اختلاف ہے جو یہ حکومت استعمال کرنا چاہتی ہے، ہمیں اس بارے میں بھی پوری طرح چوکنا ہونا ہو گا

شہباز شریف نے کہا کہ میں ریکارڈ پر یہ بات آپ کے توسط سے ایوان کے سامنے لاتا ہوں، خدانخواستہ پاکستان کو ایسے قوانین کا شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، الیکشن کمیشن نے اس ای وی ایم کو قانون، آئین اور ثبوتوں کی بنیاد پر مسترد کیا، اس کے بعد وزراء نے الیکشن کمیشن پر الزامات کے نشتر چبھوئے

ان کا کہنا ہے کہ یہ چار حلقوں اور پینتیس پنکچر کی بات کرتے تھے، اب الیکشن کمیشن کی بات بھی نہیں مان رہے، یہ حکومت الیکشن کمیشن کے پیچھے پڑ گئی ہے، ان کی حکومت آنے کے بعد تین الفاظ کے معنی بدل گئے، بربادی کا نام تبدیلی ہو گیا، انتقام کا نام احتساب ہو گیا، دھاندلی کا نام ای وی ایم مشین ہو گیا

شہباز شریف سے قبل مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان کے بات شروع کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا

اس موقع پر بابر اعوان نے اسپیکر اسد قیصر سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل مؤخر کرنے کی استدعا کی

بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اس بل پر آپ سے بات کرنا چاہ رہی ہے اس لیے اسے مؤخر کر دیا جائے

اسپیکر نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بل کو مؤخر کر دیا۔

مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان کی جانب سے تحریک پیش کرنے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ ایجنڈا نمبر 2 انتخابات ترمیمی بل 2021ء پر اپوزیشن کو اعتراض ہے، اس بل سےمتعلق آپ سے اور سینیٹ میں بھی بات ہوئی ہے، اس بل کو مزید بحث کے لیے مؤخر کر دیا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد کی جانب سے انتخابات ترمیمی بل 2021ء پر بحث شروع کرا دی گئی

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جو کھلاڑی ہوتا ہے جب وہ میدان میں چلتا ہے تو ہر چیز کے لیے تیار ہوتا ہے

انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی کہتا ہے کہ جو مخالف کرے گا، میں اس سے بہتر کروں گا

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم صاحب اتنی ملاقاتیں کر رہے ہیں، کوئی پریشانی تو نہیں؟

وزیرِ اعظم عمران خان نے صحافی سے الٹا سوال کر لیا کہ کون ملاقاتیں کر رہا ہے؟

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت حکومتی اتحاد کا اجلاس
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلے حکومتی اتحاد کا اجلاس بھی ہوا

تحریکِ انصاف اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیرِ اعطم عمران خان کی زیر صدارت ہوا ہے جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کی گئی

وزیرِ اعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ان سمندر پار پاکستانیوں نے اس سال تیس ارب ڈالرز بھیجے ہیں

وزیرِ اعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں یہ بھی کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن میں دھاندلی رکے گی

مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں

پارلیمنٹ پہنچنے والے حکومتی اور اتحادی ارکان کے موبائل فونز باہر جمع کیئے جا رہے ہیں

پارلیمنٹ پہنچنے والے وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آج پارلیمان کی بالادستی کا دن ہے

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مثبت ہے، آج پاکستان کی فتح کا دن ہے، جو جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں

شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ دو سال رہ گئے ہیں، ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے

وزیر توانائی حماد اظہر بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ پوری دنیا میں ایل این جی کی قلت ہے لیکن ہم نے ایل این جی کے دس کارگو شپ سیکیور کر لیئے ہیں۔

وزیر توانائی حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ گیس کی فراہمی سردیوں میں بھی جاری رہے گی۔

وزیر مملکت عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ حکومت آج اپنا ایجنڈا پاس کروائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادیوں کی یکجہتی پارلیمنٹ میں نظر آئے گی، ہمارے سو فیصد لوگ مکمل ہیں

مسلم لیگ نون کے رانا تنویر حسین بھائی کی رحلت باعث اجلاس سے غیر حاضر ہیں

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا اہم دن ہے

انہوں نے کہا کہ آج ایسے قوانین کے نفاذ کا ارادہ رکھتے ہیں جن سے ملک میں انتخابی عمل کو شفافیت ملے گی

وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس میں بہت سے عوامی مفاد کے قوانین شامل ہیں، ان قوانین سے جمہوریت، جمہوری قدریں اور ادارے مضبوط ہوں گے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں موجود تمام ساتھیوں پر مکمل اعتماد ہے، اعتماد اس لیے ہے کہ وہ ایک نظریے اور مقصد کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہمارا مقصد انتخابات کو شفافیت کی طرف لے جانا ہے

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم قانون سازی کے ذریعے عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی میں صرف ایک ہی گروپ ہے اور وہ عمران خان کا گروپ ہے ، جو پی ٹی آئی سے منسلک ہے وہ عمران خان اور ان کے نظریے کے ساتھ ہے

شہباز اور بلاول کی ملاقات
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف، صدر نون لیگ شہباز شریف سے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی ہے

شہباز شریف نے گرم جوشی سے بلاول بھٹو کا استقبال کیا، ملاقات میں مولانا اسعد محمود اور دیگر ارکان بھی شریک ہوئے

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل شہباز شریف کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم کا پارلیمانی اجلاس ہوا. جس میں مسلم لیگ نون اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی، اجلاس میں مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمتِ عملی طے کی گئی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close