عالمی یومِ جنگلات: لاہور میں میاواکی جنگلات کا کامیاب آغاز، ماحولیات کے لیے ایک مثبت قدم

ویب ڈیسک

لاہور – ’’بیچ بازار جنگل‘‘ کیا ایسا ممکن ہے؟ کیا کسی بازار میں بھی جنگل لگایا جاسکتا ہے؟ جی ہاں، کیونکہ اگر ”جنگل میں منگل“ ممکن ہے تو یہ بھی ممکن ہے اور ایسا لاہور کے ایک بازار میں ہو بھی چکا ہے

لاہور کی معروف لبرٹی مارکیٹ میں تین برس کے قلیل عرصہ میں ایک جنگل اپنے خدوخال نمایاں کر چکا ہے۔ یقیناً یہ بات کئی لاہوریوں کے ساتھ ساتھ اکثر پاکستانیوں کے لیے بھی نئی ہوگی۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ انسانی عزم اور کوششوں نے ایسا کر دکھایا ہے

ایسا کرنا اس لیے ضروری تھا کہ ہم جس تیزی سے ملکی جنگلات کو کھو رہے ہیں اگر ہم نے کسی ایسی تکنیک کو اختیار نا کیا، جس کے ذریعے جنگلات کو کامیابی کے ساتھ لگانے اور اُن کی افزائش میں نمایاں تیزی حاصل کی جاسکے تو یہ روز بروز بڑھتا عدم توازن کہیں ہمیں شدید ماحولیاتی اور دیگر مسائل میں جکڑ نہ لے، جس کا آغاز ہو بھی چکا ہے۔ درختوں سے ہماری دن بدن بڑھتی محرومی کوئی کہی سنُی بات نہیں، بلکہ حقیقت ہے اور اس کے منفی نتائج شدید گرمی کی صورت میں آنا شروع ہو چکے ہیں

پنجاب کے تناظر میں ہی اِسے لے لیں جہاں صرف آٹھ سال کے عرصہ کے دوران صوبے کے tree cover میں 72 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے۔2007ع سے 2015ع تک پنجاب کے tree cover میں ہونے والی اس کمی کی نشاندہی محکمہ تحفظ پنجاب کی ’’دی پنجاب کلین ائیرایکشن پلان‘‘ میں کی گئی ہے۔اس صورتحال میں لبرٹی مارکیٹ لاہور میں ایک مختصر عرصہ کے دوران کامیاب ہونے والا یہ جنگل جاپانی تکنیک ’’میاواکی‘‘ کے تحت لگایا گیا

جس کی کامیابی نے لاہور میں مزید اکیاون میاواکی جنگل لگانے کی راہ ہموار کی اور دنیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل بھی حال ہی میں لاہور میں ایک سو کنال رقبہ پر لگایا گیا ہے، جس میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار درخت لگائے گئے ہیں

’’میاواکی‘‘ تکنیک کے تحت لگائے جانے والے جنگل کے ماہر بلال اختر چودھری جن کا شمار ملک کے اولین ’’میاواکی‘‘ ماہرین میں ہوتا ہے۔

21 مارچ کو دنیا بھر میں منائے جانے والے جنگلات کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے لبرٹی مارکیٹ لاہور میں لگائے گئے شہری جنگل کے بارے میں ان سے ہونے والی گفتگو ہم یہاں ایکسپریس نیوز کے شکریے کے ساتھ سنگت میگ کے قارئین کی دلچسپی اور معلومات کے لیے شائع کر رہے ہیں

میاواکی تکنیک کیا ہے اور آپ نے یہ تکنیک کس سے سیکھی؟

’’میاواکی‘‘ جاپانی ماہر نباتات اکیرا میاواکی کی طرف سے پیش کردہ ایک تکنیک ہے۔جو گھنے، مقامی اقسام کے درختوں پر مشتمل جنگلات لگانے میں مدد کرتی ہے۔اس تکنیک کی بدولت پودے کی نشوونما 10 گنا تیز ہوتی ہے اور جنگل عام جنگل کی نسبت 30 گنا زیادہ گھنا ہوتا ہے

یہ کم سے کم جگہ پر بھی لگایا جاسکتا ہے بنیادی طور پر شہری علاقوں کے لیے موزوں ہے۔عام طور پر آپ کے ذہن میں جنگل کے ساتھ یہ خیال آتا ہے کہ جنگل بہت بڑے رقبہ پر ہوتا ہے لیکن اربن فارسٹ یا شہری جنگل کی یہ تکنیک بہت تھوڑے ایریا میں بھی بالکل موزوں اور کامیاب ہے یہ جنگل چھوڑے رقبہ میں بھی نمو پا جاتے ہیں

اس میں ایک ہی علاقے میں درجنوں مقامی انواع کے پودے لگائے جاتے ہیں۔ یہ ایسی جگہ پر لگائے جاتے ہیں جہاں پہلے جنگل نہیں ہوتے۔ پہلے تین سال اسے دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم نے یہ کام ایک بھارتی ماہر شبھیندو شرما (Shubhendu Sharma) سے سیکھا

میاواکی تکنیک میں کس طرح کام کیا جاتا ہے؟

سب سے پہلے ہم نے جہاں بھی میاواکی جنگل لگانا ہو، ہم وہاں جاکے یہ اسٹڈی کرتے ہیں کہ یہاں مقامی درخت کونسے ہیں۔ جس جگہ جنگل لگانا ہو وہاں کی مٹی کا لیبارٹری تجزیہ کیا جاتا ہے۔اُس کی فزیکل پراپرٹیز دیکھی جاتی ہیں

اس بات کا تعین کیا جاتا ہے کہ مٹی میں کس چیز کی کمی ہے۔ یہ جو ہمارے درخت تیزی سے بڑھتے ہیں اس کی ایک بنیادی وجہ یہی ہے کہ جو کمی اُس مٹی میں ہمیں ملتی ہے اُسے پورا کرنے کے لیے ہم قدرتی اجزا مٹی میں شامل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس جنگل کی تیاری میںکسی بھی مرحلہ پر کوئی بھی کیمیکل استعمال نہیں کیا جاتا۔ مثلاً اگر ریتلہ علاقہ ہے اور اُس میں پانی کو hold کرنے کی صلاحیت کم ہے تو اُس میں ہم شوگرمل کا ویسٹ جسے گنے کا بگاس کہتے ہیںاستعمال کریں گے

ایک مخصوص تناسب کے ساتھ لیبارٹری تجزیہ کے بعد۔ اسی طرح اگر مٹی چکنی ہے اس میں کلے زیادہ ہے جو ہمیں اپنے اردگرد لاہور میں زیادہ تر ملتی ہے ۔ تو اس میں پانی کو نیچے پہنچانے کی ضرورت ہے۔ یعنی پانی کو گہرائی تک لے جانے کی ضرورت ہے تاکہ جیسے جیسے درختوں کی جڑیں پھلیں ان کو پانی میسر ہو تاکہ وہ اپنی خوراک بناسکیں۔ پانی کو نیچے پہنچانے کے لیے ہم توڑی یعنی گندم کا ویسٹ استعمال کرتے ہیں

بعض اوقات چاول کا چھلکا بھی استعمال کرتے ہیں۔ تو یہ وہ نامیاتی عناصر ہیں جو ہم استعمال کرتے ہیں۔تاکہ مٹی کو زیادہ طاقتور بناسکیں کیونکہ ہم نے اتنے بہت درخت وہاں اکھٹے کرکے لگانے ہوتے ہیں۔ جب ہم یہ کہتے ہیں کہ کسی علاقے میں جاکر مقامی درخت دیکھیں تو اس کے پیچھے یہ سادہ سا اصول ہے کہ مقامی درخت وہاں کی آب و ہوا سے مطابقت رکھتا ہے۔ جب آپ نے اُسی درخت کا انتخاب کیا جو علاقے کے لیے تھا تو یقیناً وہ وہاں کے ماحول اور اُس کی آب وہوا کے لیے مناسب تر ہے ۔ یہ مقامی چرند و پرند کو سپورٹ کرتے ہیں

حشرات الارض اور بیکٹریا کو سپورٹ کرتے ہیں جو قدرت نے اس ماحول اور اس موسم اور اس علاقے کے لیے پیدا کیے ہیں۔ یہ جنگل ملٹی لیر ز ہوتے ہیںاور ان میں آپس میں ریس لگی ہوتی ہے ایک دوسرے سے اوپر نکلنے کی۔میاواکی جنگل کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے جو جنگل کھو چکے ہیںجو اب ہمارے اردگرد موجود نہیںہیںیا وہ درخت جو اب ہمیں اپنے گردو نواح میں نظر نہیں آتے لیکن کبھی ہوا کرتے تھے۔وہ درخت ہم واپس لانا چاہتے ہیں۔ اسے climax forest کہا جاتا ہے۔یہ جنگل قدرتی طور پر sustainable ہیں

کیا میاواکی تکنیک کی مدد سے وسیع علاقے پر بھی جنگل لگایا جاسکتا ہے؟

میاواکی تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے دنیا میں سینکڑوں کلومیٹر کے جنگل لگائے جاچکے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ اس کو ایکڑوں میں بھی لے جاسکتے ہیں بہت بڑے علاقے میں بھی پھیلا سکتے ہیں۔صرف یہ ہے کہ اخراجات کی وجہ سے لوگ اس کو بہت بڑے علاقے پر نہیں لگا پاتے کیونکہ اس میں intervention ہوتی ہیں جس کے لیے خرچہ کی ضرورت ہوتی ہے

ہمارے یہاں عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ درخت لگانا یا جنگل لگانا ایک ایسا کام ہے جس میں زیادہ خرچہ نہیں ہونا چاہیئے۔ میاواکی کے چونکہ فوائد بے شمار ہیں ۔ یہ تیزی سے بڑھتا ہے بہت سارے علاقوں میں یہ اس لیے لگایا جاتا کہ ہمارے کلائنٹس انتظار نہیں کرنا چاہتے۔ یہ تکنیک کسی بھی کلائمیٹ زون کے لیے محدود نہیں ہے ۔ یہ کسی بھی علاقے میں اُس کے ماحول اور اُس کی مٹی کے مطابق ترقی پاسکتا ہے

تو اس کا مطلب ہے کہ میاواکی تکنیک کے ذریعے جنگل لگانا ایک مہنگا عمل ہے؟

جی یہ درست ہے لیکن اس میں اسکیل کا فرق آجاتا ہے کہ آپ جب بہت بڑے علاقے میں جنگل لگائیں گے اور اس میں آپ کو تیز رفتاری سے بڑھنے والے درخت نہیں چاہیئے یا پھر یوں کہہ لیجیئے کہ جنگل کا تیز رفتاری سے بڑھنا اہم نہیں ہے آپ کے یا کلائینٹ کے نزدیک تو پھر وہاں میاواکی کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی۔ لیکن ایک کلائینٹ پیسے خرچ کرنے کو تیار ہے وہ اپنے گھر میں یا اپنی فیکٹری میں یا اپنے کسی بھی ایریا میں جو اس کی ملکیت ہے وہ تیزی سے جنگل چاہتا ہے تو اُس کو یہ خرچہ کرنا پڑتا ہے

لہذا آپ اس کو مہنگا کہنا چاہیں تو وہ بھی درست ہے لیکن ایک چیز کو ہم نظر انداز نہیں کرسکتے کہ ہمارا ماحول اتنا خراب ہوچکا ہے کہ اب آپ کو مصنوعی جنگل کی ضرورت ہے کیونکہ آپ نے اپنا نباتاتی غلاف تو ختم کردیا ہے اور اگر آپ اس کو قدرتی طور پر واپس لانے کی کوشش کریں گے تو نہ تو اُس کے لیے ماحول سازگار ہے نہ آپ کے پاس زمین / مٹی موجود ہے کیونکہ شہری علاقوں میں زمین/ مٹی بہت تنزلی کا شکار ہوتی ہے تو اس میں جان ڈالناضروری ہے

یہ تمام محنت بھی اس لیے کی جاتی ہے کہ ہمارا ماحول اس وقت ایسا نہیں ہے کہ وہ تیزی سے جنگلات کی افزائش کے لیے مددگار ہو۔ اس تکنیک میں یہ صلاحیت ہے کہ یہ تیز رفتاری سے جنگل لگا سکتی سکتی ہے تو اس میں اگر خرچہ ہوتا ہے تو یہ برا نہیں ہے۔

پاکستان میں میاواکی تکنیک کا استعمال کہاں سے شروع ہوا؟

ج: ملک میں میاواکی تکنیک سب سے پہلے کراچی کلفٹن کے مقام پر استعمال کی گئی۔ دوسرا جنگل لاہور میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگایا گیاجس کی بنیاد 14 اگست 2017ع کو رکھی گئی۔ جنوری2020ع میں لبرٹی مارکیٹ کے پارکنگ ایریا والے جنگل کا آغاز کیا گیا

جو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہمارے ادارے RESTORE GREEN کا لگایا ہوا ہے۔ شجر کاری کے حوالے سے یہ پہلی مثال ہے جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہوئی۔ زمین لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فراہم کی اور معاشی وسائل اظہار منو ںگروپ نے مہیا کیے

لبرٹی مارکیٹ لاہور میں جنگل کی تفصیل سے آگاہ کریں؟

لبرٹی مارکیٹ والا جنگل دو مراحل میں لگا ہے۔ پہلے مرحلے میں ہم نے دو ہزار مربع میٹر کے ایریا میں چھ ہزار پودے لگائے۔ دوسرے مرحلے میں چار ہزار درخت مزید لگائے۔ اس وقت کم و بیش دس ہزار پودے اس جنگل میں نمو پا رہے ہیں، جس کا رقبہ ایک ایکڑ سے تھوڑا سا زیادہ ہے

اس میں آٹھ فٹ سے دس فٹ کی راہداریاں رکھی گئی ہیں۔ اس جنگل میں پچاس سے زائد اقسام کے درخت موجود ہیں اس وقت۔ اس جنگل میں ادویاتی فوائد کے حامل درخت اور پھلدار درخت بھی موجود ہے۔ پھلدار درختوں کو خصوصی طور پر باہر کی جانب لگا یا گیا ہے تاکہ جب اُن پر پھل لگنا شروع ہو تو لوگ پھل توڑ کر کھا سکیں۔ اس وقت اس جنگل میں موجود کئی درخت بیس سے بائیس فٹ کی بلندی کو پہنچ چکے ہیں۔ ا س جنگل کی تیاری میں اوراس کے لگانے کے مراحل میں کسی بھی مقام پر کوئی بھی کیمیائی کھاد یا کیمیکل استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کی اجازت بعد میں ہے۔ ہماری کوشش یہ ہوتی ہے کہ ہم تین سے پانچ فٹ کا پودا لگائیں

ہم نے کم و بیش پچاس پراجیکٹ مکمل کئے ہیں اور اس طرح کے جنگل میں پودوں کا survival ریٹ 95 فیصد حاصل کیا ہے جو کسی اور تکنیک میں حاصل نہیں ہوتا۔اس طرح کے جنگل کی دیکھ بھال بھی زیادہ نہیں کرنی پڑتی۔ اس کے لیے ہماری گائیڈ لائنز موجود ہیں جب ہم کہیں جنگل بناتے ہیں تو دیکھ بھال کرنے والوں کو باقاعدہ تحریری اور تصاویر کی مدد سے ٹریننگ دی جاتی ہے

لبرٹی جنگل کے کیا ماحولیاتی فوائد سامنے آئے ہیں؟

ہم پانی کی قلت کے حامل ملک ہیں میاواکی جنگل کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ ہے کہ لانگ ٹرم میں ان کی پانی کی ضرورت بہت کم رہ جاتی ہے۔ کیونکہ ہم ان جنگل کے فلور کی mulching کرتے ہیں پرالی سے یا کسی ایسی مقامی گھاس سے جس سے زمین کے اندر نمی موجود رہتی ہے۔ اس کے علاوہ سردیوں میں جو فراسٹ کی لیئر آتی ہے جو زمین میں موجود بیکٹریل لائف کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے اس سے بھی ایک قسم کا تحفظ ملتا ہے

جب یہ فارسٹ میچور ہوتا چلا جاتا ہے تو اس کے فلور پر براہ راست بارش کا جو پانی گرتا ہے وہ سارے کا سارا ایک اسپنج کی مانند اُس میں جذب ہوجاتا ہے جس سے واٹر ٹیبل خود کار طریقے سے اوپر آجاتا ہے۔ لبرٹی جنگل اس حوالے سے بھی اہم ہے۔ جہاں یہ جنگل موجود ہے وہاں پہلے بارش کا پانی کافی کافی عرصہ کھڑا رہتا تھا کیونکہ زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت ہی نہیں تھی

اب ہمارے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ یہ تمام پانی زمین میں جذب ہوجاتا ہے۔ جس سے زیر زمین پانی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔قریب قرشی پارک ہے جہاں ٹیوب ویل موجود ہے ۔ گرمیوں کے موسم میں ٹیوب ویل سے پانی کی سپلائی کم ہوجاتی تھی۔ لیکن اب لبرٹی جنگل لگنے کے بعد اردگرد علاقے کے زیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح میں بہتری آئی ہے۔ لبرٹی جنگل اب sustain کر چکا ہے اور ہم اسے پانی نہیں دیتے

یہ کمرشل فارسٹری کا ماڈل نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق مکمل طور پر ماحول دوستی سے ہے۔اس کی گنجانیت دیگرطرح کی پلانٹیشن سے زیادہ نظر آتی ہے۔ کیونکہ اس میں درختوں کو بہت قریب قریب لگایا جاتا ہے۔ 70 کی دہائی میں لاہور میں 70 سے زائد اقسام کے مقامی پرندے تھے جو اب کم ہو کر پندرہ سے بیس اقسام کے رہ گئے ہیں۔ان جنگلات سے وہ پرندے واپس آئیں گے۔ اس جنگل کی انفرادیت یہ بھی ہے کہ یہ ایک ایسا ماحول پرندوں، انسان دوست کیڑوں اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق کو فراہم کرتے ہیںجو ایک عام درخت اور درختوں کی لائن مہیا نہیں کرتی۔ تو یہاں پر پرندے اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔جس کی وجہ سے وہ گھونسلے بناتے ہیں اور مقامی درختوں کے ساتھ ان کا ایک تعلق ہے

ہمارے یہاں گرمیوں کا موسم طویل ہوتا ہے اور بڑے شہروں میں آنے والے مسافروں اور پیدل چلنے والے افراد کو سایہ دار جگہ چاہیئے۔ ہم نے اس جنگل کے اندر کے درجہ حرارت کاار دگرد کے درجہ حرارت میں 10 سے 12 ڈگری سیلسیس کا فرق دیکھا ہے۔ اب ہم جہاں بھی جنگل ڈئزائن کرتے ہیں چاہے وہ کسی نجی ادارے کا ہو یا پبلک سیکٹر کا ۔ اس میں کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ راہداری بنائیں اور بیٹھنے کی جگہ بنائیں۔ تاکہ لوگوں کو گرمیوں کے مہینوں میں اربن ہیٹ آئی لینڈ سے محفوظ کرسکیں۔ اس کے لیے میاواکی تکینک بہت انفرادی حیثیت کی حامل ہے

لبرٹی مارکیٹ کے جنگل میں خصوصی طور پر کونسے گمشدہ مقامی درخت دوبارہ لگائے گئے ہیں؟

ہم نے ’’ون ‘‘کا درخت اور ’’جنڈ‘‘ کا درخت خصوصی طور پر لگایا ہے یہ درخت اب ہمیں اپنے اردگرد نظر نہیں آتے

 آپ مقامی درخت پر بہت زور دے رہے ہیں درخت تو کوئی بھی ہوسکتا ہے۔ سب درخت ماحول کو فائدہ دیتے ہیں تو مقامی درخت ہی کیوں؟

دیکھیں کوئی بھی درخت یا مٹی بری نہیں ہوتی ۔ لیکن قدرت نے ہر علاقے کے ماحول اور قدرتی وسائل کی مناسبت سے وہاں درخت لگائے ہیں۔جب آپ غیر مقامی اقسام کے پودے لگا لیتے ہیں تو یا تو وہ خود مرجاتے ہیں یا اپنے اردگرد کے پودوں کو نہیں چلنے دیتے ۔ اس کے نتیجے میں جنگل میں خالی جگہیں بن جاتی ہیں اور جب ان پر براہ راست دھوپ پڑتی ہے تو جو بیکٹریل کالونیز ہم پروڈیوس کرنا چاہتے ہیں وہ نہیں ہوتی۔ جس کے نتیجے مین جنگل کی کوالٹی اتنی اچھی نہیں ہوتی جتنی ہونی چاہیئے۔ اس کے مقابلے میں مقامی درخت مٹی کی ذرخیزی کو بڑھاتے ہیں

ماحول کو صاف رکھتے ہیں۔ الرجیز پیدا نہیں کرتے ۔ وہاں کے چرند پرند کے لیے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس کے بر عکس غیر مقامی درخت بہت سے مسائل کا بھی باعث بنتے ہیں۔ اسکی مثال ہم یوں بھی دیکھ سکتے ہیں کہ سفیدے کا درخت سیم زدہ زمینوں کے لیے ملک میں متعارف کرایا گیا

اس میں زیادہ پانی کواستعمال کرنے کی خصوصیت ہے لیکن اب یہ آپ کو سیم زدہ زمینوں کے علاوہ جابجا لگا ملے گا اور پانی کی قلت کا شکار ملک ہونے کے ناطے اس طرح کے درخت کا پھیلاؤ توجہ طلب ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میںپیپر ملبری پولن الرجی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ لاہور میں کونو کارپس آپ کو اکثر جگہ لگا ملے گا۔ اس درخت پر پرندے گھونسلہ نہیں بناتے۔ اس کے پتے زمین میںحل نہیں ہوتے کیونکہ ہماری مٹی میں وہ بیکٹریا ہی موجود نہیں جو انھیں زمین میں تحلیل کرے۔

میاواکی جنگل دیگر جنگل سے کس طرح منفرد ہے؟

اکیرا میاواکی کہتے تھے ’’ no management is the best management‘‘ ایک بار آپ نے جنگل لگا دیا تو بہتر ہے کہ آپ اس میں داخل انداز ی نہ کریں۔ اس کی آپ صرف اتنی نگہداشت کریں جتنی اس کو شروع میں چاہیئے۔ جس میں آپ کا پانی دینا اہم ہے

یا آپ کو اس چیز کو یقینی بنانا کہ جنگل اگر کسی ایسے علاقے میں ہے جہاں مویشی یا بچوں کے کھیلنے کودنے سے درخت خراب ہوسکتے ہیں تو آپ اس کے اردگرد باڑ لگادیں۔ mulching کو ٹھیک رکھنا ۔ اگر کوئی بہت زیادہ جڑی بوٹی نکل آئی ہے تو اُس کا نکال دینا ۔ بس اتنی نگہداشت کی ضرورت ہے جو بہت آسانی سے کی جاسکتی ہے۔آپ کو میاواکی جنگل کی لانگ ٹرم مینٹینس کاسٹ کم پڑتی ہے۔ ایک ایکڑ میں ایک نگہبان کافی ہوتا ہے وہ بھی صرف اُس وقت تک جب تک جنگل خود انحصار نا ہوجائے اور یہ عرصہ دو سے تین سال کا ہوتا ہے۔

کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا آغاز میں؟

شروع میں سب سے بڑا مسئلہ جو درپیش تھا وہ یہی تھا کہ لوگوں کو آسانی سے سمجھ نہیں آتا تھا۔ چونکہ ہم ایک نجی ادارہ ہیں اور ہمارے لیے پراجیکٹس کمرشل پراجیکٹس ہوتے ہیں تو ہم کسی کلائینٹ کو یہ بات بتاتے اور سمجھاتے تھے تو ان کو یہ لگتا تھا کہ اس activity پر پیسے نہیں لگنے چاہیئے۔ یعنی ایک فارسٹ کو آپ لگانا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس زمین موجود ہے آپ وہ زمین استعمال کرلیں اور جنگل وہاں پر لگا دیں۔ لیکن اس میں چونکہ مٹیریل کاسٹ آتی ہے

مشین کاسٹ آتی ہے۔ لیبر کاسٹ آتی ہے۔ تو یہ بغیر پیسوں کے ممکن نہیں ۔اس کے علاوہ جب ہم لوگوں کو بتاتے تھے کہ اس طرح کے اقدامات ہیں جنگل بنانے کے لیے۔ تو کافی لوگ یہ سمجھتے تھے کہ اس طرح کی بات انھوں نے پہلے نہیں سنی اور کبھی اس پر توجہ نہیں دی کہ کونسا درخت لگانا ہے اور اس کی کیوں اہمیت مخصوص جگہ پہ ہے۔ ہمارے پبلک سیکٹر کی آرگنائزیشنز کو یہ کافی مضحکہ خیز چیز لگتی تھی اور یہ کہا جاتا تھا کہ یہ تو آپ مٹی کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیںاتنا زیادہ درخت لگا کر۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ نشریاتی اداروں کی بدولت اس تکنیک کو فروغ دینے اور لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہی دینے میں مدد ملی ہے۔آج وسیع تر تناطر میں کافی شہریوں کو یہ پتا ہے کہ میاواکی جنگل کیا ہے وہ کیسے لگتا ہے

اس تکنیک کی تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے کیاپیش رفت رہی؟

ہم لاہور کے ایک مقامی سرکاری ادارے کو اس کام کی کسی حد تک تربیت دے چکے ہیں اور وہ ادارہ قدرے کامیابی سے یہ جنگل لاہور میں بنارہا ہے۔ محکمہ جنگلات کی بات کریں تو گلگت بلتستان وہ پہلا علاقہ ہے جس نے ہمیں دعوت دی اور ہم نے اُن کے محکمہ جنگلات کے لیے مختلف جگہوں پر پائلٹ پراجیکٹس کا انتظام کیا ہے۔ جہاں پہ جنگل لگانے کے دوران ہم فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے آفیسرز کو باقاعدہ ٹریننگ مہیا کریں گے۔ تاکہ ان جنگلات کو پھیلانے کا کام پھر وہ خود سے احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close