ہنزہ میں ششپر گلیشئر پگھلنے سے سیلاب، قراقرام ہائے وے کا حسن آباد پل تباہ

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں ششپر گلیشئر پگھلنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے حسن آباد تباہ اور کئی مکان بھی زد میں آگئے۔

گلگت بلتستان کی ٹورسٹ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک ساس ویلی روڈ کے متبادل راستے پر منتقل کردی گئی ہے

سوشل میڈیا پر جاری فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہے کہ سیلاب نے حسن آباد پل کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ کردیا

ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ظہور احمد نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے گلیشئر ہفتے کو پگھلنا شروع ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں سیلاب آیا اور پل تباہ ہوا اور ناقابل استعمال ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےتاہم انہیں گنیش اور مرتضیٰ آباد کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورسٹ پولیس بھی مختلف مقامات پر تعینات ہے تاکہ سیاحوں کو مشکل پیش نہ آئے۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ نالے کے قریب مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس اور ریکسیو سروسز سمیت پوری انتظامیہ ہنگامی صورت حال کے لیے الرٹ ہے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ ہنگامی طور پر پل کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حسن آباد پل کی فوری بحالی کے لیے سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان، کمشنر گلگت اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹریفک کی روانی کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں اور مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد ازالہ کریں۔

چیف سیکریٹری کے دفتر کے مطابق سیاحوں کو پیٹرول اور دیگر اہم ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو بحالی اور راشن کے انتظامات بھی یقینی بنائے جارہے ہیں

بیان میں کہا گیا کہ حسن آباد کے دو پاور پلانٹ بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔

ضلعی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہنزہ اور گلگت میں کنڑول روم قائم کیا گیا ہے اور بالترتیب 05813-930721-2 اور 05811930033 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close