واجہ گلزار گچکی کی کتاب ”اشرپء درا“ کا مختصر جائزہ

گل حسن کلمتی

7 مئی 2022ع کو قادربخش کلمتی کے Wild Venture Water Park میں مکران کے دوستوں کے ساتھ ایک بیٹھک کے بعد بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کے سرگرم رہنما اور بلوچی زبان کے تحقیق کے حوالے سے خاص طور پر بلوچی میوزک، شاعری اور گائیکی کے حوالے سے ایک پہچان واجہ گلزار گچکی نے اپنی دو بلوچی زبان میں لکھی گئی کتابیں ،”اشرپ ء درا (زندءٔ ازم)” اور "سیم سستگ آنت گلبانگِء” ، تحفتاً دیں

رات بلوچی زیمرء ٹھاٹھ راگ "زھیروک” کے بہت بڑے نام اشرپ درا (اشرف درا، کیچی بلوچی لہجے میں ف کو پ میں بدل دیا جاتا ہے) پر واجہ گلزار گچکی کی تحقیقی کتاب کا سرسری جائزہ لیا۔ میری بلوچی کمزور ہے کوشش کی ہے واجہ گلزار گچکی کی اس محنت پر کچھ لکھوں

یہ کتاب بلوچی زبان میں قدیم راگ "زھیروک” اور "زھیروک” کو جدت دینے والے راگی اشرپ درا کی زندگی اور فن پر ایک بھرپور کتاب ہے۔ کتاب نہ صرف بلوچی موسیقی ، ساز و زیمل پر لکھی گئی ہے، اس میں مکران کے گچکی حکمرانوں کی مختصر تاریخ بھی دی گئی ہے۔اشرپ درا بھی اسی خاندان سے ہیں. وہ مکران کے گچکی حکمران ملک دینار گچکی کے پڑ پوتے تھے، اس کے علاوہ بہت سارے بلوچی پہلوان (کلاسیک) شاعروں اور گائیکوں کا بھی ذکر ہے.

اشرپ، جس کے والد کا نام درا تھا، اس لیے وہ اشرپ درا کے نام سے مشہور ہوا، اس نے بلوچی موسیقی کے قدیم ترین راگ ٹھاٹھ "زھیروک” میں نام پیدا کیا ،اس میں جدت پیدا کی ہے ،اور "زھیروک "کو نیا اسلوب دیا. گلزار گچکی کی تحقیق کے مطابق اس جدت کو آنے والے گائیکوں نے اشرپ دراء زھیروک (اشرف درا کا زھیروک) کا نام دیا

گلزار گچکی نے اپنی کتاب کے ص۔109 پر پہلوان (کلاسیک شاعر اور راگی) مزار ابرھم کے حوالے سے لکھا ہے کہ، "مزار ابراھم کے مطابق زھیروک کی 33 اقسام ہیں، جن میں سے ایک اشرپ درا کے نام سے مشہور ہے: 1. زر۔کنکی 2.شھر کردی 3.رودباری کردی 4.جنوزامی 5.سری جنوزامی 6.نری جنوزامی (سروزامی) 7.گھنکی 8.جنتری 9.باھوئی 10. سری باھوئی 11.بلوچی زھیروک 12.بلوچی برزی 13. یک ڈاک 14.اشرپء درا 15.کردی 16.راگ کردی 17.ٹٹ 18.بشکرو 19.میانگ 20.سرنائی 21.میدی 22.سری میدی 23.کبلھی 24.گورءٔ بام 25.چیھال 26. گین کش 27. مانتر 28.سلات 29.ساربانی 30.سراوانی 31.سرھدی 32.نیام 33.کیچی اشرپ درا۔”

گلزار گچکی مزار ابرھم کے حوالے سے مزید لکھتے ہیں کہ، "ھر زھیروک میں چار کڑیاں(نوٹیشن) ہوتے ہیں ، بعض اوقات چھ بھی اور آٹھ کڑیاں بھی کرتے ہیں، لیکن اصولاً چار کڑیاں ہوتی ہیں”

"زھیروک” حوالے سے واجہ گلزار گچکی لکھتے ہیں کہ،”اشرپ درا سے پہلے بھی بہت سے گائیکوں اور شاعروں نے”زھیروک” کہے ہیں، ان میں سے "زھیروک” کہنے والے سازگروں میں پہلوان ھوتی، پہلوان ریلان، پہلوان زبدان، پہلوان نعمت، پہلوان سادہ اور دوسرے شامل ہیں، لیکن زھیروک کو اشرپ درا نے دوام بخشا.

زھیروک کے بارے میں واجہ گلزار گچکی لکھتے ہیں کہ، "زھیروک اکثر مکران (ایران و بلوچستان ) میں اور کراچی کے علاقوں میں بہت مقبول ہے۔”

کتاب کے پیش لفظ میں ڈاکٹر صابر بدل خان لکھتے ہیں کہ، "مکران کے علاقے میں محبت، بی وفائی، بچھڑنے اور یادوں کے دریچوں میں راگ اور ساز کو "زھیروک” کہتے ہیں. بلوچی لہجے رودراتکی میں اسے "ڈیھی” اور گوریچانی لہجے میں اسے "لیکو” کہتے ہیں۔مکران میں بھی”لیکو” اور "ڈیھی”ساز راگ موجود ہے، لیکن یہاں”زھیروک”نے اپنی ایک خاص پہچان بنائی ہے۔”

کتاب میں گلزار گچکی اور اس کے ساتھیوں نے تمپ میں اشرپ درا کی قبر کو ڈھونڈنے اور اس خستہ حال قبر کی مرمت اور اس پر چار دیواری ، نام کا کتبہ لگانے پر محنت بھی کی ہے۔ جس کی تصاویر کتاب میں دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چھ سات بار تمپ گئے ہیں۔

واجہ گلزار گچکی کو اس کتاب پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ واجہ گلزار گچکی کی یہ کتاب بلوچی ساز و زیمل کے نامور لوگوں کی پہچان کرانے کی سلسلے کی ایک خوبصورت کڑی ہے۔

یہ کتاب "بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی گوادر نے جولائی 2021 میں چھاپی ہے۔
بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کی بلوچی میوزک، فنکاروں، گائیکوں، سازوندوں کی مالی مدد اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مصروف عمل ہے. بلوچستان اور وفاقی حکومت کو چاہئے کہ اس ادارے کے ترقی کے لیئے فنڈ اور زمین مہیا کرے تاکہ یہ ایک ادارے کے طور پر بہتر انداز میں کام کرے۔

اس کتاب کی وجہء تصنیف کے حوالے سے واجہ گلزار گچکی لکھتے ہیں کہ ، "3 دسمبر 2018 کو وہ اور واجہ یوسف گچکی کے ساتھ برہ کھور کیچ اشرپ درا کے پڑ پوتے محمد اقبال گچکی کے بیٹے محمد طارق گچکی کے وفات پر فاتحہ خوانی کے لئے گئے، وہاں میں نے پوچھا کہ ،”اشرپ درا تمپ میں مدفون ہیں ، لیکن اس کی قبر کس جانب ہے؟”
اس سوال کا جواب نہیں ملا ، تو میں نے ارادہ کیا کہ اس کی قبر کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے ، بس اسی ارداے نے یہ کتاب لکھنے کی راہ ہموار کی۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close