سندھ اور بلوچستان میں 1961ع کے بعد رواں سال سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ

ویب ڈیسک

سندھ اور بلوچستان میں رواں سال چھ عشروں کے سب سے زیادہ تباہ کن مون سون اسپیلز کے دوران 1961ع کے بعد سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں

معمول سے زیادہ بارشوں کی یہ شرح سندھ میں 522 فیصد اور بلوچستان میں 469 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے

سندھ کے نوشہرو فیروز ضلع کے قصبے پڈعیدن میں جولائی سے اب تک 1 ہزار 722 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے، سندھ کے کسی قصبے میں کبھی بھی یہ مقدار ریکارڈ نہیں کی گئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار نے حکام کو حیران کر دیا ہے،ل۔ ماہرینِ ماحولیات بھی ان اعدادوشمار کی بنیاد پر انتباہ جاری کر رہے ہیں، جنہوں نے اسے حکام کے لیے نئے چیلنجز کا آغاز قرار دیا ہے

محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا ”سندھ میں جولائی میں مون سون کے موسم کے آغاز سے اب تک 680.5 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے، یہ معمول سے 522 فیصد زیادہ ہے کیونکہ تناسب اور طے شدہ معیارات کے مطابق سندھ میں عام طور پر مون سون کے موسم میں 109.5 ملی میٹر بارش ہوتی ہے“

عہدیدار نے کہا ”اسی طرح بلوچستان میں مون سون کے ہر موسم میں اوسطاً 50 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن اس میں اب تک 284 ملی میٹر یعنی 469 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے“

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں رواں سال مون سون میں اب تک مجموعی طور پر 207 گنا زیادہ بارش ہوئی ہے اور یہ موسم ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا

انہوں نے بتایا ”نوشہرو فیروز ضلع کے قصبے پڈعیدن میں جولائی سے اب تک 1 ہزار 722 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے، سندھ کے کسی قصبے میں کبھی بھی یہ مقدار ریکارڈ نہیں کی گئی“

انہوں نے ان اعداد و شمار کا حوالہ دیا، جن کے مطابق سندھ اور بلوچستان نے آخری بار 1994ع میں ایسی طوفانی بارشیں دیکھی تھیں، جو 1961ع کے بعد سے سب سے زیادہ بارشوں کے طور پر ریکارڈ کی گئی تھیں

انہوں نے بتایا کہ 1994ع میں سندھ میں 502.6 ملی میٹر بارش ہوئی تھی جو کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی ماڈیولز کی بنیاد پر اس وقت کے تناسب کے مطابق معمول سے 276 فیصد زیادہ تھی، اسی سال بلوچستان میں 175 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ وہاں کے معمول سے 52 فیصد زیادہ تھی

ملک کے دیگر حصوں میں بھی رواں سال یہی صورتحال نظر آئی، محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اب تک دو ماہ میں 50.3 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو کہ معمول سے 99 فیصد زیادہ ہے اور پنجاب میں 349 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ مون سون میں ہونے والی معمول کی بارش سے 90 فیصد زیادہ ہے، خیبرپختونخوا میں معمول سے 31 فیصد زیادہ بارش ہوئی، جہاں اب تک 257.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے

جبکہ آزاد جموں و کشمیر ملک کا واحد خطہ ہے، جہاں رواں سال مون سون میں اوسط سے کم بارش ہوئی، یہاں 279.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ یہاں کے معمول سے 7 فیصد کم ہے

اس صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجائی ہے کیونکہ حکام اور ماہرین کا خیال ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب آنے والا چیلنج نہیں رہا، بلکہ یہ آ چکا ہے

اس حوالے سے سابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کہتے ہیں ”موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، اب جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں وہ درحقیقت ان واقعات کا تسلسل ہے جو کافی عرصے سے شروع ہوچکے تھے، مثلاً پاکستان میں بہار تقریباً ختم ہو چکی ہے، ہم نے رواں سال بہار نہیں دیکھی، انتہائی سخت سردیوں کا سامنا کرنے کے بعد دیہی علاقوں میں ہم نے ایک کے بعد ایک ہیٹ ویو کے ساتھ انتہائی شدید گرمی بھی دیکھی“

ڈاکٹر غلام رسول نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی وجہ زمین کی ساخت کی بجائے بڑے پیمانے پر تباہ کن بارشوں کو ہی قرار دیا

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہاڑی مٹی سیلابی صورتحال کو مزید بگاڑنے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے، کیونکہ ایسی سطح پر پانی جذب نہیں ہو سکتا لیکن سندھ کے کسی بھی حصے میں اس کی ایسی کوئی وجہ نہیں ہے

ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق ’ایک اور پہلو جو اس آب و ہوا کے مسئلے کو مزید بڑا چیلنج بناتا ہے وہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ایک بہتر اور ماحول دوست ماحولیاتی نظام کے لیے تیزی سے سکڑتی ہوئی جگہ ہے‘

انہوں نے کہا ”آبادی اتنی تیزی سے بڑھ رہی ہے کہ ہماری زرعی زمین شہری آباد کاری اور تعمیرات کے لیے استعمال ہو رہی ہے، آپ سادہ اعداد و شمار سے اس مسئلے کی سنگینی کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ 1951 میں پاکستان میں ایک شخص کے لیے ساڑھے 5 ہزار کیوبک میٹر پانی دستیاب تھا، یہ مقدار اب کم ہو کر 850 کیوبک میٹر رہ گئی ہے“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close