موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کے دس بڑے شہروں کو ڈینگی کے پنپنے کی نرسریاں بنا دیا!

ویب ڈیسک

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ’موسمیاتی تبدیلیاں‘ ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہیں اور کراچی سمیت دس بڑے شہروں میں آئندہ ماہ ڈینگی پھیلنے کا خطرہ ہے

محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میونسپل اداروں کے بلند دعووں کے باوجود کراچی میں ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ایک ’الرٹ‘ میں شہروں اور اضلاع میں ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس میں ڈیٹا کے تجزیے، موجودہ اور مستقبل کے ماحولیاتی منظرنامے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس نے اس وبا کو خوفناک صورت اختیار کرنے میں مدد دی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آئندہ ماہ ڈینگی کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ملتان میں پھیل سکتا ہے

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ’ماضی کے اعداد و شمار کے تجزیے اور موجودہ اور مستقبل کے ماحولیاتی منظرنامےکو مدنظر رکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں‘

ستمبر 2022 کے وسط سے ماحول ڈینگی کے پنپنے کے لیے سازگار ہو گیا ہے، پیش گوئی کے مطابق یہ اکتوبر 2022 میں خاص طور پر پاکستان کے مندرجہ بالا دس بڑے شہروں میں پھیل سکتا ہے

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی نے اپنی جڑیں گہری کر لی ہیں، اس بیماری نے گزشتہ دس برسوں میں عوام کی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہر سال مون سون کے بعد کے سیزن یعنی 20 ستمبر سے 5 دسمبر کے دوران یہ صورتحال سامنے آتی ہے، جب ڈینگی کے پنپنے کے لیے حالات سازگار ہوتے ہیں

الرٹ میں کہا گیا ہے ’ڈینگی تب شروع ہوتا ہے جب تین سے پانچ ہفتوں کے لیے درجہ حرارت 26 ڈگری دے 29 ڈگری کے درمیان اور نمی 60 فیصد رہے اور زیادہ سے زیادہ تین ہفتوں کے وقفے کی مدت کے دوران 27 ملی میٹر بارش ہوتی رہے‘

ڈینگی کے حملوں کا فعال دورانیہ طلوع آفتاب کے دو گھنٹے بعد اور غروب آفتاب سے دو گھنٹے قبل تک رہتا ہے، درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آنے کے بعد ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ الرٹ کوئی نئی بات نہیں ہے، زندگی کے مختلف پہلوؤں کو متاثر کرنے والی موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی صورتحال کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا جاتا رہتا ہے

انہوں نے کہا ’ہم اکثر بدلتے ہوئے ماحول اور ماحولیاتی منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی شعبے کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہیں، اسی طرح محکمہ موسمیات بھی ضرورت پڑنے پر لوگوں کو اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے‘

ڈاکٹر سرفراز کا کہنا تھا ’اسی طرح سردیوں میں لوگوں کو دھند کے حوالے سے احتیاطی اقدامات اپنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے اور اس سے ہمارے موٹر وے حکام کو بھی مدد ملتی ہے‘

دریں اثنا محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 218 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جب کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 309 کیسز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تعداد صرف محکمہ صحت کے ریکارڈ پر آنے والے کیسز کی ہے، درحقیقت یہ تعداد کہیں زیادہ ہے کیونکہ مختلف شہروں میں ڈینگی اس وقت ایک وبائی صورت اختیار کر چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close