گھوٹکی: مہلک قسم کے کینسر ’ہاجکنز لمفوما‘ کو شکست دینے والے نوجوان کی کہانی

ویب ڈیسک

دور جدید میں کینسر یا سرطان اب ماضی کی طرح لاعلاج مرض تو نہیں رہا، مگر اس کا علاج بہت تکلیف دہ اور طویل ثابت ہوتا ہے جبکہ اس کے اثرات کے نتیجے میں وزن میں کمی، بالوں سے محرومی اور کئی دیگر سائیڈ ایفیکٹ کا بھی سامنا ہوتا ہے۔ یہاں یہ بات جان لیں کہ کینسر راتوں رات جسم کو نشانہ نہیں بناتا بلکہ اس کے لیے کافی عرصہ درکار ہوتا ہے

کینسر صرف بڑھاپے میں نہیں بلکہ کسی بھی عمر میں حملہ آور ہو سکتا ہے۔ یہی کچھ سندھ کے شہر گھوٹکی کے نوجوان عاقب مختیار کے ساتھ بھی ہوا

عاقب مختیار میں 2018ع میں کینسر کی ایک مخصوص اور مہلک قسم ’ہاجکنز لمفوما‘ کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد انہوں نے ہمت سے اس کا مقابلہ کرتے ہوئے کیمو تھراپی سے علاج شروع کیا

تاہم مرض کی شدت کے بعد عاقب کو ’ایڈوانس انٹینس کیموتھراپی‘ جیسے تکلیف دہ عمل سے گزرنا پڑا اور اب نو ماہ کے مسلسل علاج کے بعد وہ نارمل زندگی کی طرف لوٹ آئے ہیں

ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرنے والے عاقب مختیار نے اس کینسر کی علامات کے حوالے سے بتایا کہ انہیں مسلسل بخار، رات کو سوتے ہوئے بہت زیادہ پسینے آنا اور گردن کے قریب غیر معمولی سوزش کی شکایت رہی

وہ کہتے ہیں ”جب میں نے ای این ٹی ڈاکٹر سے چیک اپ شروع کروایا تو اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ میں کینسر جیسے مرض کس شکار ہوچکا ہوں“

عاقب کے مطابق ”ڈاکٹروں نے رپورٹس کی روشنی میں مجھے علاج کے لیے کراچی جانے کا کہا، جہاں اس حوالے سے مزید ٹیسٹ کروائے گئے“

انہوں نے بتایا ”میں معمول کا ٹیسٹ سمجھ کر اکیلا ہی کراچی گیا اور ڈاکٹروں نے جب رپورٹس کے بعد مجھے اس مرض کا بتایا تو کچھ لمحوں کے لیے میں گم سم ہو گیا“

وہ بتاتے ہیں ”اب بھی مجھے وہ دن یاد ہے، جب ہسپتال کے لان میں بیٹھا تھا تو بے اختیار آنکھوں سے آنسو جاری تھے کیونکہ ہمارے معاشرے میں کینسر کی بیماری کا ہونا بس موت کا پیغام ہوتا ہے“

”اس کے بعد میں نے اپنے والد اور بھائی کو بتایا، جو فوری طور پر کراچی آئے اور مجھے حوصلہ دیا“

عاقب کہتے ہیں ”اس وقت میری شادی کو صرف دو سال ہی ہوئے تھے، میرے دو چھوٹے بچے تھے۔ جب گھر آ کر اپنی بیوی کو بتایا تو وہ بھی بہت زیادہ پریشان ہوئی مگر مجھے ظاہر نہیں ہونے دیا بلکہ مجھے حوصلہ دیتی رہی“

عاقب مختیار نے بتایا کہ علاج کے لیے جب انہیں مسلسل کراچی میں رہنے کی ضرورت پیش آئی تو کراچی میں رہائش بھی ایک مسئلہ تھی

”ایک روز جب کیموتھراپی کے بعد رات کو طبیعت اچانک خراب ہوئی تو بھائی بہت مشکل سے ہسپتال لے کر پہنچے۔ اس وقت میں نے بھائی سے کہا کہ بس چھوڑتے ہیں علاج، قسمت میں ہوا تو بچ جاؤں گا“

وہ کہتے ہیں ”اس تکلیف دہ صورتحال میں میرے بھائی اور میری بیوی نے مجھے بہت حوصلہ دیا جبکہ میرے دو دوستوں نے بھی مجھے اس کرب کی صورتحال سے نکلنے میں مدد کی“

عاقب اب مکمل طور پر صحت یاب ہوکر اپنی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں

ہاجکنز لمفوما کیا ہے؟

’ہاجکنز لمفوما‘ ایک ایسا کینسر ہے، جو انسان کی لمف نوڈز کو متاثر کرتا ہے۔ لمف نوڈز لمفیٹک نظام یا نظام سیال کا حصہ ہوتی ہیں، جو ہمارے مدافعتی نظام کا ایک حصہ ہے اور جسم میں بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے والے خلیے تیار کرتی ہیں

طبی تحقیق پر کام کرنے والے امریکی ادارے میو کلینک کے مطابق اس کینسر میں لمفوسائٹس نامی خون کے سفید خلیوں کی پیداوار بے قابو ہو جاتی ہے، جس سے لمف نوڈز اور جسم کے دوسرے حصوں میں سوجن اور ٹیومر بن جاتے ہیں

اس حوالے سے انڈس اسپتال میں غدود اور خون کے کینسرز کا علاج کرنے والی ڈاکٹر نائمہ کا کہنا ہے ”ہاجکنز لمفوما غدود کا ایک کینسر ہے اور جسم میں موجود مختلف غدود میں شروع ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے جسم کے مختلف حصوں جیسے گردن، پیٹ، سینہ یا پھر جسم کے باقی حصوں کے غدود پھیلنا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہ بیماری دوسری کئی بیماریوں سے ملتی جلتی ہے، اس لیے اس کی تشخیص میں بہت وقت لگ جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close