فلم ’پٹھان‘ : انتہا پسند ہندو رہنما کی شاہ رخ کو ’زندہ جلانے‘ کی دھمکی

ویب ڈیسک

بھارت کے سُپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی اِس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہے، بائیکاٹ ٹرینڈز اور انتہا پسندوں کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد اب بھارتی ریاست ایودھیا میں ایک انتہاپسند ہندو رہنما نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو ’زندہ جلانے‘ کی دھمکی دی ہے

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک وڈیو میں ایودھیا سے تعلق رکھنے والے ہندو پنڈت پرامہنس اچاریا مہاراج کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں ”شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں ہمارے مذہب سے منسلک ایک رنگ کی تضحیک کی گئی ہے“

وڈیو میں پرمہنس آچاریہ کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ”بے شرم رنگ گانے میں زعفرانی رنگ کی توہین کی گئی ہے، ہمارے سناتن دھرم کے لوگ اس حوالے سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں، آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے، میں ڈھونڈ رہا ہوں اگر مجھے فلم جہادی شاہ رخ خان کہیں مل گیا تو میں اسے زندہ جلا دوں گا“

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اور شاہ رخ خان کو جلا دیتا ہے تو وہ خود اس شخص کا مقدمہ لڑیں گے

وڈیو کے آخر میں پرمہنس آچاریہ نے لوگوں سے ’پٹھان‘ فلم کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اگر فلم کو تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا تو تھیٹرز کو بھی آگ لگا دیں گے‘

دریں اثنا ممبئی پولیس کو ایک تحریری شکایت بھی موصول ہوئی ہے جس میں پٹھان فلم کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے نامناسب لباس پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے

ساکیناکا پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پٹھان فلم کے پروڈیوسر، ہدایت کار اور مرکزی اداکاروں کے خلاف ایک شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندو مذہب اور لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر فلم میں زعفرانی رنگ کا استعمال کیا گیا ہے

انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے اپنے اور اپنی فلم کے خلاف ہونے والے ہنگامے سمیت سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد شاہ رخ خان 15 دسمبر کو ریاست بنگال کے شہر ’کولکتا‘ میں ہونے والے اٹھائیسویں کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پہنچے، جہاں انہوں نے اس حوالے سے منفرد انداز میں بات کی

شاہ رخ خان نے کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (کے آئی ایف ایف) میں خطاب کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر منفی اور تنگ نظری پر مبنی باتیں اور نظریے پھیلائے جانے کے حوالے سے کھل کر بات کی اور اسے معاشرے کے لیے نقصان دہ قرار دیا

شاہ رخ خان نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں اور ٹرینڈز کا ذکر کیے بغیر سوشل میڈیا کی نفرت انگیز مہم پر بات کرتے ہوئے سینما کو اس کا بہتر متبادل قرار دیا

بولی وڈ بادشاہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی نفرت کا سینما مقابلہ کر سکتا ہے اور سینما حقیقی زندگی کی کہانیوں کو بہتر انداز میں لوگوں کے سامنے رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے

انہوں نے خطاب کے آخر میں ہندی زبان میں بات کرتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے انداز میں فلم کا ہی ایک ڈائلاگ ’زندہ ہیں‘ کہا تو ہجوم نے ان کے لیے تالیاں بجائیں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر آئی

شاہ رخ خان نے آخر میں کہا ’دنیا کچھ بھی کرلے، میں اور آپ لوگ اور جتنے بھی مثبت لوگ ہیں، سب کے سب۔۔ زندہ ہیں‘

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا، جب فلم کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز کیا گیا

گانے میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہنگامہ کھڑا کردیا تھا جن کا دعویٰ ہے کہ ’گانے میں جس طرح سبز اور زعفرانی رنگ پہنا گیا ہے اس کے علاوہ گانے کے سُر سمیت فلم کا ٹائٹل بھی نامناسب ہیں‘

بی جے پی کے ریاستی وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے گانے میں دیپیکا پاڈوکون کے لباس کو ’قابل اعتراض‘ دیا تھا اور مدھیہ پردیش میں فلم پر پابندی لگانے کی بھی دھمکی دی تھی

مدھیہ پرادیش کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا کا اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی ایک وڈیو میں کہنا تھا ”گانے میں پہنا گیا لباس بہت قابل اعتراض ہے اور صاف نظر آرہا ہے کہ یہ گانق گندی ذہنیت کے ساتھ فلمایا گیا ہے“

ان کا مزید کہنا تھا ”گانے میں دکھائے گئے مناظر اور لباس کو درست کیا جائے ورنہ ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ فلم کو مدھیہ پردیش میں نمائش کی اجازت دی جائے یا نہیں“

شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اور جان ابراہم بھی اکٹھے نظر آئیں گے

فلم کے دیگر اداکاروں میں میں ہریتھک روشن، ڈمپل کپاڈیہ، آشوتوش رانا اور سلمان خان شامل ہیں

یہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے، جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔ دیپیکا پاڈوکون نے 2007ع میں اپنی پہلی ہی فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ہیپی نیو ایئر اور چنائے ایکسپریس میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close