کروشیا: سمندر کے اندر سات ہزار سال پرانی سڑک دریافت

ویب ڈیسک

سائنسدانوں نے کروشیا میں ساحل کے قریب ایک قدیم بستی کی باقیات سے منسلک سمندری کیچڑ کی تہہ میں دبی ہوئی سات ہزار سال پرانی پتھروں سے بنی ایک سڑک دریافت کی ہے

رپورٹ کے مطابق کروشیا کی یونیورسٹی آف زادر کے محققین نے پتھر کی قدیم سڑک کو اس وقت دریافت کیا، جب وہ کورچولا جزیرے پر سولین کے علاقے کے ساحل سے سمندری مٹی کے ذخائر کو صاف کر رہے تھے

ماہرینِ آثار قدیمہ کے مطابق یہ قدیم سڑک ممکنہ طور پر ’ہوار تہذیب‘ کی سمندر میں ڈوبی ہوئی بستی کو کورچولا کے ساحل سے جوڑتی تھی

ان کا کہنا ہے کہ پتھر کی سِلوں کو، جو چار میٹر چوڑے پلیٹ فارم کا حصہ تھیں، بظاہر احتیاط سے جوڑا گیا

اس مقام کے قریب سے ملنے والی محفوظ لکڑی کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے استعمال سے اس بات کا اندازہ لگیا ہے کہ پوری بستی چار ہزار نو سو قبل مسیح کے قریب تعمیر کی گئی ہوگی

ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ اس وقت کے قدیم لوگ اس سڑک پر سفر کرتے تھے، جو تقریباً سات ہزار سال پہلے بنائے گئے مصنوعی جزیرے کو ساحل سے جوڑتی تھی

زادر یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے فیسبک پر جاری ایک بیان میں کہا ”کورچولا جزیرے پر سولین کی ڈوبی ہوئی نوولتھک سائٹ کی زیر آب تحقیق میں ماہرین آثار قدیمہ کو ایسی باقیات ملی ہیں، جس نے انہیں حیران کر دیا ہے“

بیان میں بتایا گیا ہے ”سمندری کیچڑ کی تہوں کے نیچے انہوں نے ایک ایسی سڑک دریافت کی، جو ہوار تہذیب کی ڈوبی ہوئی قبل از تاریخ کی ایک بستی کو کورچولا جزیرے کے ساحل سے جوڑتی تھی“

سائنسدانوں کا قیاس ہے کہ یہ سڑک، جو اب سطح آب سے تقریباً پانچ میٹر نیچے ہے، اپنے عروج کے زمانے میں ایک فعال جگہ کا حصہ رہی ہوگی

اس کے علاوہ ماہرین آثار قدیمہ نے اسی علاقے میں موجود ’عجیب ڈھانچے‘ کو بھی دریافت کیا ہے

انہوں نے کورچولا جزیرے کے دوسری جانب گراڈینا خلیج میں سولین سے ملتی جلتی ایک اور بستی دریافت کی ہے

گراڈینا خلیج کے مرکزی حصے میں غوطہ خوری اور اس کی کھوج کرتے ہوئے چار سے پانچ میٹر کی گہرائی میں ایک اور ایسی ہی بستی کا وجود دریافت ہوا ہے، جو سولین میں واقع ہے

اس مقام پر استرے اور پتھر کی کلہاڑی کے ساتھ ساتھ قربانی کے ٹکڑے جیسے نمونے بھی ملے ہیں

ماہرین نے کہا کہ ہوار تہذیب کے لوگ، جو جزیرے کے باشندوں کے اصل گروہوں میں سے ایک تھے، اس وقت انہی علاقوں میں رہ رہے تھے

میامی ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق ”اس وقت کے لوگوں نے مصنوعی جزیرے تک پتھر کی سڑک بنا کر اپنی ذہانت کا مظاہرہ کیا تھا“

واضح رہے کہ یہ خطہ پتھر کے زمانے سے تعلق رکھنے والی گھریلو بستیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close