بلوچستان میں شدید بارشیں، 6 افراد جاں بحق

نیوز ڈیسک

صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، اطلاعات کے مطابق جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں اب تک دو بچوں سمیت کم از کم چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پانی کے بہاؤ سے پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے کا پل بھی بہہ گیا.

لسبیلا، آواران، قلات اور پنجگور میں بھی شدید بارشیں ہوئیں ہیں، دوسری طرف حب کے قریب ریلے میں پھنسے سات لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق گوادر کا لسبیلہ اور کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور کئی گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں۔

ڈیرہ بگٹی میں مختلف علاقوں میں چار سے پانچ فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ڈیرہ بگٹی میں سیلابی پانی میں سانپ نے ایک شخص کو کاٹ لیا جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ سیلابی ریلوں میں لوگوں کا سامان اور کھانے پینے کی اشیاء بہہ کر تباہ ہونے سے کافی نقصان بھی پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے موجودہ بارشوں کا سلسلہ اتوار 9 اگست تک جاری رہنے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، کیچ اورگوادر میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں.

دوسری جانب سندھ میں نئیں گاج ڈیم کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں، کہا جاتا ہے کہ ڈیم کے فیلڈ پروٹیکشن بند میں شگاف پڑ گیا ہے۔ شگاف پڑنے سے ضلع دادو کے 12دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں. آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close