شہباز شریف کی پارٹی صدارت چھوڑنے کی خبروں پر ن لیگ کا ردعمل آگیا

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور میاں نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے پارٹی صدر شہباز شریف کی صدارت چھوڑنے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا

ن لیگی رہنما محمد زبیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف سے متعلق من گھڑت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، یہ مخالفین کی خواہش ہے

انسداد منشیات کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جب رانا ثناء اللہ سے صحافی نے  سوال کیا کہ شہباز شریف کے پارٹی کی قیادت چھوڑنے کی اطلاعات ہیں، اس میں کتنی صداقت ہے؟

رانا ثناءاللّٰہ نے جواب دیا کہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں، ان کے پارٹی قیادت چھوڑنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری طرح میاں شہباز شریف کے لیڈر بھی میاں نواز شریف ہیں، شہباز شریف پارٹی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف نے (ن ) لیگ کے میڈیا سیل کو 24 گھنٹے موثر اور متحرک رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے

(ن) لیگ سیکریٹریٹ لندن سے جمعہ کو مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ نے کہا کہ شہباز شریف کی اپنے بھائی نواز شریف سے غیر متزلزل وابستگی ہے اور ماضی میں بھی حکمرانوں کی خواہش رہی ہے کہ شریف خاندان میں دراڑ ڈالی جائے مگر کامیاب نہیں ہوئے. اب بھی شریف خاندان متحد اور متفق ہے اور رہے گا

ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی ناراضگی کی خبر پڑھنے کے بعد نواز شریف نے تمام متعلقہ لوگوں سے رابطہ کرکے اس بات پر زور دیا کہ وہ میڈیا سے چوبیس گھنٹے رابطے کا انتظام موثر بنائیں تاکہ کوئی خبر (ن) لیگ کے موقف کے بغیر شائع نہ ہو سکے

خیال رہے کہ کشمیر انتخابات میں شکست اور اپنی حکمت عملی کے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے گذشتہ دن مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے پارٹی صدارت چھوڑنے کی دھمکی کی خبریں گردش کر رہی تھیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close