کراچی – ایکسچینج کمپنیوں پر اچانک ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد ڈالر کی قیمت دو سو روپے سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، جبکہ کمپنیوں کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کروڑوں روپے کے نوٹس موصول ہو رہے ہیں
ایکسچینج کمپنیوں کے نمائندوں نے بتایا ہے کہ انہیں ایف بی آر کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کیے جارہے ہیں جس کو 2016 میں واپس لے لیا گیا تھا
ٹیکس نوٹسز نے ایکسچینج کمپنیوں میں افراتفری کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ ان کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اضافی قیمت صارفین کو منتقل کی جائے گی جس سے ڈالر کی قیمت دو سو روپے سے زیادہ ہو سکتی ہے
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا کہ انہیں ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ایک ارب سے زیادہ ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹسز موصول ہو رہے ہیں، جو 2014 میں نافذ کیا گیا تھا اور 2016 میں واپس لے لیا گیا تھا
انہوں نے کہا کہ کمپنیاں 16 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کا بوجھ صارفین کو منتقل کردیں گی جنہیں ایک ڈالر پر بیس روپے سے زائد کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا، اس کے نتیجے میں ڈالر کا شرح تبادلہ ایکسچینج ریٹ دو سو روپے یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کے خلاف سازش لگتی ہے، ایکسچینج ریٹ پر بہت دباؤ ہے اور روپے کی قدر کم ہونے پر حکومت کو پہلے ہی تنقید کا سامنا ہے
انہوں نے کہا کہ اگر ڈالر دو سو تک پہنچتا ہے تو ایکسچینج کمپنیوں کے قانونی کاروبار کی جگہ بلیک مارکیٹ لے گی
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ، جو کہ خود بھی ایک ایکسچینج کمپنی چلاتے ہیں، کا کہنا تھا کہ گرے مارکیٹ ہمارے کاروبار کے بڑے حصے کو کھا چکی ہے، کیونکہ یہ زیادہ قیمت دیتی ہے، ڈالر اسمگلر، حوالہ کرنے والوں اور افغانستان کے لوگوں کو زیادہ قمیت پر فروخت کیا جارہا ہے
ایک ’اے’ کیٹیگری کی ایکسچینج کمپنی نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایف بی آر کی جانب سے موصول نوٹس شیئر کیا جس میں ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے سے زیادہ کی رقم طلب کی گئی ہے
ایکسچینج کمپنی نے کہا کہ وہ یہ بوجھ کرنسی مارکیٹ کو منتقل کردے گی اور ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کرتی نظر آئے گی، گزشتہ روز ڈالر 178روپے 30 پیسے پر بند ہوا تھا
ملک بوستان نے کہا اس وقت ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ سمجھ سے باہر ہے جبکہ مارکیٹ پہلے ہی غیر مستحکم اور حکومت دباؤ میں ہے
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین ایف بی آر سے ہونے والی ملاقات میں انہیں 16 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے نتائج کے بارے میں بتایا تھا
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر نے ایکسچینج کمپنیوں کو یقین دلایا تھا کہ نوٹس واپس لے لیے جائیں گے اور کمپنیوں کو ٹیکس افسران کی جانب سے کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایکسچینج کمپنیوں نے اپنی فروخت سے متعلق کئی پابندیوں کا سامنا کیا ہے جبکہ ان کا کاروبار مکمل طور پر دستاویزی شکل میں ہے
حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے تناظر میں اس کاروبار کو منظم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں جبکہ پاکستان، ایف اے ٹی ایف کے زیادہ تر مطالبات کی تعمیل کر رہا ہے
پاکستان اب بھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے جو متعلقہ حکام کو اس کاروبار کو سخت کنٹرول میں رکھنے پر مجبور کرتا ہے
اس کے ساتھ ہی حکومت ملک سے ڈالر کے بیرون ملک بہاؤ کو بھی قابو کرنا چاہتی ہے.