ہاتھ میں لگے مائکروچِپ امپلانٹس کی مدد سے بل ادا کریں

سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس جدید ٹیکنالوجی کا تاریک پہلو بھی ہے… ابھی تو یہ محدود ہے، اگر وسیع پیمانے پر پھیلی تو کیا ہو سکتا ہے؟

پیٹرِک پامن جب بھی کسی اسٹور یا ریسٹورنٹ میں کسی چیز کی قیمت ادا کرتے ہیں تو آس پاس موجود لوگ حیران ہوئے بغیر نہیں رہ پاتے

لوگوں کے حیران ہونے پر حیران ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ بات ہی کچھ ایسی ہے

دراصل پیٹرک پامن کو بل کی ادائیگی کے لیے اپنا بینک کارڈ یا اسمارٹ فون استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ وہ بس اپنا ہاتھ کانٹیکٹلیس (چھوئے بغیر) کارڈ ریڈر کے پاس لے جاتے ہیں اور پیمنٹ ہو جاتی ہے

سینتیس برس کے پامن، جو نیدرلینڈ میں سکیورٹی گارڈ ہیں کہتے ہیں ”کیشیئر کی حیرانی قابلِ دید ہوتی ہے“

وہ صرف ہاتھ دکھا کر ادائیگی اس لیے کر سکتے ہیں کہ 2019ع میں انہوں نے اپنے ہاتھ کی جِلد کے نیچے ایک کانٹیکٹلیس پیمنٹ مائکروچِپ لگوا لی تھی

پامن کا کہنا ہے ”چپ لگوانے میں بس اتنی ہی تکلیف ہوئی جتنا کہ اگر کوئی چٹکی بھر لے“

پیٹرِک پامن کے بائیں ہاتھ کی جلد کے نیچے نصب چپ پیمنٹ مشین کے قریب لائے جانے پر روشن ہو جاتی ہے

کسی انسان میں دنیا کی سب سے پہلی مائکروچپ 1998ع میں لگائی گئی تھی، تاہم گزشتہ دہائی کے دوران یہ ٹیکنالوجی تجارتی بنیادوں پر بھی دستیاب ہو چکی ہے

اور جہاں تک امپلانٹ (نصب) کیے جانے کے قابل پیمنٹ چِپس کی بات ہے تو برطانوی پولِش فرم والٹمور کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس وہ پہلی کمپنی بن گئی تھی، جس نے ان کی فروخت شروع کی تھی

کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو وُجٹیک پاپروٹا کہتے ہیں ”اس کی مدد سے آپ ریو کے ساحل پر ڈرنک، نیویارک میں کافی، پیرس میں ہیئرکٹ اور دیگر اشیا کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ یہ ہر اس جگہ پر قابلِ استعمال ہے، جہاں پر کانٹیکٹلیس پیمنٹ کا انتظام موجود ہے“

والٹمور کی چِپ کا وزن ایک گرام سے کم اور جسامت چاول کے دانے سے کچھ بڑی ہے، اور یہ ایک چھوٹی سی مائکروچپ اور بایوپولیمر کے اندر بند ایک اینٹینا پر مشتمل ہے

واضح رہے کہ بایوپولیمر پلاسٹک کی مانند قدرتی طور پر پایا جانے والا مادہ ہے

پیپروٹا کے مطابق ”یہ بالکل محفوظ ہے اور اسے سرکاری منظوری حاصل ہے۔ یہ نصب کیے جانے کے فوراً بعد کام شروع کر دیتی ہے اور اپنی جگہ پر قائم رہتی ہے۔ اسے بیٹری کی ضرورت بھی نہیں ہے“

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک وہ پانچ سو سے زیادہ چِپس فروخت کر چکی ہے

اس چپ کے اندر وہ ہی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو سمارٹ فون کے کانٹیکٹلیس پیمنٹ سسٹم میں استعمال ہوتی ہے، جسے نیئرفیلڈ کمیونیکیشن یا ’این ایف سی‘ کہتے ہیں۔ ایسی ہی دوسری چِپوں میں کانٹیکٹلیس ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ (بینکوں کے کارڈ) کی ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے جو ریڈیو فریکوینسی آئڈنٹیفیکیشن یا ’آر ایف آئی ڈی‘ کہلاتی ہے

انگوٹھے اور پہلای انگلی کے درمیان نصب والٹمور اِمپلانٹ جسے ہاتھ کو سُن کر نے کے بعد لگایا گیا

ہم میں سے اکثر لوگوں کے لیے ایسی چپ لگوانے کا خیال ہی ہولناک ہے، لیکن 2021ع میں برطانیہ اور پورپی یونین میں چار ہزار افراد کے ایک سروے کے مطابق 51 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اسے لگانے سے متعلق سوچ سکتے ہیں

تاہم فیصد تناسب کا ذکر کیے بغیر اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس سلسلے میں شرکا کے بڑے خدشات ’جاسوسی اور سکیورٹی‘ سے متعلق تھے

پامن کہتے ہیں انہیں اس کی زیادہ پروا نہیں ہے ”چپ امپلانٹ اُسی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جسے ہم روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ جیسا کہ دروازہ کھولنے کے لیے کی فابز(ٹکیہ)، سفری کارڈ اور کانٹیکٹلیس پیمنٹ کے حامل بینک کارڈ وغیرہ۔“

انہوں نے کہا ”اس کے پڑھے جانے کے فاصلے کا انحصار اس میں موجود اینٹینا پر ہے۔ چپ اگر آر ایف آئی ڈی یا این ایف سی ریڈر کی ایلکٹرومیگنیٹیک فیلڈ کے اندر آئے تب ہی کارآمد ہوگی۔ اسے پڑھا جانا اسی صورت ممکن ہوگا جب ریڈر اور ٹرانسپورڈر کے درمیان مقناطیسی شناخت پیدا ہوگی“

ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس کی بالکل فکر نہیں کہ اگر کوئی یہ جان لے کہ وہ کہاں کہاں گئے تھے

ان کا کہنا ہے ”آر ایف آئی ڈی چپ پالتو جانوروں کے گم ہونے کی صورت میں ان کی شناخت کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ مگر اس کی مدد سے کھوئے ہوئے جانور کو ڈھونڈ نکالنا ممکن ہے، پہلے اسے تلاش کیا جائے گا اور ملنے کے بعد اس کے جسم کو اسکین کر کے اس میں نصب آر ایف آئی ڈی چپ کا پتا لگایا جائے گا اور اسے کے بعد ہی اسے پڑھ کر مطلوبہ معلومات حاصل کی جا سکیں گی“

البتہ ایسی چِپوں کا مسئلہ یہ ہے (اور جو خدشے کا باعث بھی ہے) کہ مستقبل میں انہیں زیادہ ترقی دے کر ان پر کسی شخص کی پرائویٹ معلومات محفوظ کی جا سکیں گی۔ اور کیا تب یہ معلومات محفوظ رکھی جا سکیں گی اور کسی کی ٹریکنگ (برقیاتی تعاقب) کو روکا جا سکے گا

’بیانڈ گُڈ: ہاؤ ٹیکنالوجی از لیڈنگ اے بزنس ڈرِیون ریوولوشن‘ نامی کتاب کی مصنف تھیوڈورا لاؤ، فِنٹیک یعنی فائنانشل ٹیکنالوجی کی ماہر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جسم کے اندر نصب شدہ پیمنٹ چپ صرف ’اشیا کے انٹرنیٹ کی توسیع ہے۔‘ اس سے ان کی مراد ہے کہ یہ رابطے اور معلومات کے تبادلے کا ایک اور ذریعہ ہے

اگرچہ ان کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ اسے اپنانے کو تیار ہیں کیونکہ اس طرح سے چیزوں کے لیے ادائیگی تیز اور آسان ہو جائے گی، مگر لازم ہے کہ فوائد اور خطرات کا موازنہ کیا جائے۔ خاص طور سے اس وقت، جب نصب شدہ چپوں پر زیادہ ذاتی معلومات موجود ہوں

وہ کہتی ہیں ”ہم سہولت کی خاطر کتنی قیمت چکانے کو تیار ہیں؟ جب معاملہ پرائیویسی اور سکیورٹی کا ہو تو ہمیں کہاں پر حد مقرر کرنی چاہیے؟ اس سارے نظام اور جو اس کا حصہ ہیں، ان کی حفاظت کون کرے گا؟“

ریڈنگ یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر نادا کاکابادسے بھی مستقبل کی جسم میں نصب ترقی یافتہ چپوں کے بارے میں محتاط ہیں

وہ کہتی ہیں ’اس ٹیکنالوجی کا ایک تاریک پہلو بھی ہے جسے ممکنہ طور پر غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان لوگوں کے لیے جن کے نزدیک شخصی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی، دوسروں کو کنٹرول کرنے اور دبانے اور اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

’معلومات یا ڈیٹا کی ملکیت کس کے پاس ہوگی؟ ڈیٹا تک رسائی کسے حاصل ہوگی؟ اور کیا یہ اخلاقی لحاظ سے ٹھیک ہے کہ جانوروں کی طرح انسانوں کے اندر بھی چپ لگائی جائے؟‘

وہ خبردار کرتی ہیں کہ اس کا نتیجہ ’چند افراد کے مفاد کے لیے بہت سے لوگوں سے اختیار چھیننے کی صورت میں نکلے گا۔‘

یونیورسٹی آف وِنچسٹر سے وابستہ اسٹیفن نارتھم ان خدشات کو بلا جواز قرار دیتے ہیں۔ تدریس کے ساتھ وہ برطانوی فرم بایوٹیک کے بانی بھی ہیں جو 2017ع سے امپلانٹڈ کانٹیکٹلیس چپس بنا رہی ہے۔

اس کی چِپیں معذور افراد میں لگائی جاتی ہیں، جن کی مدد سے ایسے لوگ خود ہی دروازہ کھول سکتے ہیں

ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں روزانہ سوالات موصول ہوتے ہیں اور اب تک ہم نے برطانیہ میں پانچ سو سے زیادہ چپیں لگائی ہیں، تاہم کووڈ کی وجہ سے کچھ کمی ضرور آئی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’جانوروں میں یہ ٹیکنالوجی کئی سالوں سے زیر استعمال ہے۔ یہ بہت چھوٹی اور بے ضرر ہیں۔ ان میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘

پیٹرِک پامن نے اپنی انگلیوں کے اندر مقناطیس لگوا رکھے ہیں

ادھر نیدرلینڈ کے پامن خود کو بایوہیکر کہتے ہیں، ایک ایساشخص جو اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو اپنے جسم میں سموتا چلا جاتا ہے۔ ان کے جسم میں بتیس امپلانٹ نصب ہیں، جن میں دروازے کھولنے والی چپ اور مقناطیس شامل ہیں

ان کا کہنا ہے کہ ’ٹیکنالوجی میں نت نئی چیزیں آ رہی ہیں، اس لیے میں بھی انہیں جمع کر رہا ہوں۔ میرے امپلانٹ میرے جسم کو قوت فراہم کرتے ہیں۔ میں خود کو ان سے محروم نہیں رکھنا چاہتا۔

پامن کہتے ہیں ”ایسے لوگ تو ہمیشہ رہیں گے جو اپنے بدن میں تبدیلی لانا نہیں چاہتے۔ ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے اور انہیں ہم بایوہیکر کا احترام کرنا چاہیے“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close