اگرچہ پاکستان کے علاوہ دیگر چند ممالک میں جانوروں کے شناختی کارڈ بھی بنائے جانے لگے ہیں، تاہم جلد ہی پاکستان اس ضمن میں دیگر ممالک سے بازی لے جاتے ہوئے ایپلیکیشن متعارف کرانے جا رہا ہے
پاکستانی سافٹ ویئر انجنیئرز کی ایک ٹیم ایسی ایپلیکیشن بنانے میں مصروف ہے، جس پر جانوروں کو نہ صرف شناخت کیا جا سکے گا بلکہ اس پر جانوروں کی تصدیق اور ڈیٹا کو بھی جمع کیا جا سکے گا
سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویئر انجنیئر سید عمید احمد اور ان کے ساتھی ایک ایسی ایپلیکیشن بنانے میں مصروف ہے جو جانوروں کی بائیومیٹرک تصدیق کرنے کے اہل ہوگی
مذکورہ ایپلیکیشن کے حوالے سے سید عمید احمد نے ’پرو پاکستان‘ کو بتایا کہ ایپلیکیشن کی تکمیل کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد ہی متعارف کرایا جا سکے گا
سافٹ ویئر انجنیئر نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ ایپلیکیشن کو عید الاضحیٰ کے موقع پر آن لائن کر دیا جائے گا اور اسے گوگل پلے اسٹور سمیت دیگر ایپ اسٹورز پر متعارف کرایا جائے گا
ابتدائی طور پر مذکورہ ایپلیکیشن میں گائے اور بھینسوں کے ڈیٹا کو شامل کیا جائے گا اور ان ہی کی شناخت ممکن ہوگی، تاہم بعد ازاں ایپلی کیشن میں گھوڑوں، گدھوں، کتوں اور بلیوں سمیت دیگر جانوروں کو بھی شامل کیا جائے گا
سید عمید احمد کی جانب سے جاری کی گئی وڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ ایپلیکیشن کو مفت میں استعمال کیا جا سکے گا اور اس میں پہلے جانور کی معلومات شامل کرنا ضروری ہوگا
ایپلیکیشن کے ذریعے جانوروں کی شناخت کے لیے کسی بھی صارف کو اپنے جانور کی تصاویر کھینچ کر ایپ پر ڈاؤنلوڈ کرنی پڑیں گی
اس کے بعد صارفین کو اپنے جانور سے متعلق کچھ ڈیٹا فراہم کرنا پڑے گا، صارف اپنی معلومات بھی فراہم کرنے کا پابند ہوگا، یعنی وہ اس بات کا دعویٰ کرے گا کہ مذکورہ جانور ان کا ہی ہے
اس کے بعد صارف کو تمام معلومات اور تصاویر کو ایپلیکیشن کے نظام میں شامل کرنے کی اجازت دینی ہوگی
ڈیٹا کے نظام میں شامل ہوجانے کے بعد صارف اپنے جانور کی رجسٹریشن کی تصدیق کر سکیں گے
اس کے بعد جب بھی مذکورہ جانور سے متعلق کوئی اور دعویٰ کرے گا تو ایپلی کیشن کے ذریعے جانور کے اصل مالک کا پتا لگایا جا سکے گا
ایپلیکیشن جانوروں کو ان کے چہرے اور خصوصی طور پر ان کی ناک کے خدوخال سے شناخت کرے گی کیوں کہ جانوروں کی ناک الگ الگ ہوتی ہے
ممکنہ طور پر ایپلیکیشن دوسری چیزوں کی بھی تصدیق کر کے جانوروں کی شناخت میں مدد فراہم کرے گی
مذکورہ ایپلیکیشن پر ہر کوئی خود جانوروں کی رجسٹریشن، ان کی تصدیق اور شناخت کرنے کا اہل ہوگا۔