سائفر کا مبینہ متن شائع، عمران خان کے دورہ روس کے بعد امریکی دباؤ کا اشارہ

ویب ڈیسک

امریکی نیوز ویب سائٹ نے امریکا میں سابق پاکستانی سفیر کی جانب سے اسلام آباد بھیجے گئے اس سفارتی مراسلے (سائفر) کا مبینہ متن شائع کیا ہے، جسے سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس اپنے اقتدار کے خاتمے کے لیے ’امریکی سازش‘ کا ثبوت قرار دیا تھا اور اس عمل کو ’رجیم چینج‘ کا نام دیا تھا

مذکورہ سائفر میں امریکی محکمہ خارجہ کے حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کا احوال تھا، اس میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لو اور پاکستانی سفیر اسد مجید خان موجود تھے، گزشتہ روز ’دی انٹرسیپٹ‘ نامی امریکی نیوز ویب سائٹ نے اس سائفر کا مبینہ متن شائع کیا ہے

تاہم اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہ ہوسکی کہ امریکی نیوز ویب سائٹ کی جانب سے شائع کردہ سائفر کا متن واقعی مستند ہے یا نہیں

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے مبینہ لیکس پر تبصرہ نہیں کیا جاتا، تبصرے کے لیے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا

تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے سائفر کے شائع شدہ مذکورہ متن کی تصدیق کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مندرجات میں امریکا کی جانب سے ایسے کسی مؤقف کا کوئی اشارہ نہیں مل رہا کہ پاکستان کی قیادت کس رہنما کے پاس ہونی چاہیے

سائفر کے مذکورہ متن کے مطابق امریکا نے یوکرین جنگ کے تناظر میں عمران خان کی خارجہ پالیسی پر اعتراض کیا تھا

’دی انٹرسیپٹ‘ کی جانب سے سائفر کے شائع کردہ مبینہ متن کے مطابق ڈونلڈ لو نے یوکرین تنازع پر پاکستان کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں (امریکا) اور یورپ کے لوگ اس بات پر کافی پریشان ہیں کہ پاکستان (یوکرین کے معاملے پر) اس قدر جارحانہ انداز میں غیرجانبدارانہ مؤقف کیوں اختیار کر رہا ہے، یہ ہمیں اتنا غیر جانبدارانہ مؤقف نہیں لگتا، ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں مشاورت کے بعد بالکل واضح لگ رہا ہے کہ یہ وزیراعظم کی پالیسی ہے

جواب میں اسد مجید خان نے کہا کہ یہ صورتحال کا درست مشاہدہ نہیں ہے، یوکرین کے بارے میں پاکستان کا مؤقف انٹر ایجنسی مشاورت کا نتیجہ ہے

سائفر کے مبینہ متن میں مزید کہا گیا کہ ’میں نے ڈونلڈ لو سے پوچھا کہ کیا امریکا کے سخت ردعمل کی وجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں پاکستان کی عدم شرکت تھی؟ جواب میں انہوں نے واضح طور پر تردید کی اور کہا کہ اس کی وجہ وزیر اعظم (عمران خان) کا دورہ روس ہے‘

متن کے مطابق ڈونلڈ لو نے کہا کہ میرے خیال میں اگر وزیر اعظم (عمران خان) کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو امریکا کی جانب سے سب کو معاف کر دیا جائے گا کیونکہ دورہ روس کو صرف وزیر اعظم (عمران خان) کے ہی فیصلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، بصورتِ دیگر مجھے لگتا ہے کہ ساتھ آگے چلنا مشکل ہوگا

سائفر کے مبینہ متن کے یہ الفاظ بظاہر اسی دھمکی کا اشارہ دے رہے ہیں، جس کا دعویٰ سابق وزیر اعظم نے کیا تھا اور اسے اپنی حکومت کا تختہ الٹنے کی امریکی سازش یا رجیم چینج قرار دیا تھا

ایک سینیئر سفارت کار نے ڈونلڈ لو کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بظاہر اس میں کوئی سازش نہیں ہے لیکن ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے ایسے الفاظ استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے کہ ’اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے تو سب کو معاف کر دیا جائے گا‘

سائفر کے مبینہ متن میں بتایا گیا کہ اسد مجید خان نے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی کہ عمران خان کا دورہ روس ایک دو طرفہ دورہ تھا اور اسے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کی تائید کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے

مبینہ متن کے مطابق اسد مجید خان نے یہ مؤقف بھی رکھا کہ (پاکستان میں) یہ احساس بھی پایا جاتا ہے کہ امریکا ان تمام معاملات پر پاکستان کی حمایت کی توقع کرتا ہے، جو امریکا کے لیے اہم ہیں لیکن پاکستان کے لیے تشویش ناک مسائل، خاص طور پر مسئلہ کشمیر پر ہمیں کوئی خاص امریکی حمایت نظر نہیں آتی

اسد مجید خان نے امریکی سفارت کار سے یہ سوال بھی کیا کہ اگر یوکرین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف امریکا کے لیے اتنا اہم ہے تو اس نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے قبل پاکستان کے ساتھ بات چیت کیوں نہیں کی؟

اس پر ڈونلڈ لو نے جواب دیا کہ امریکا کی جانب سے یہ سمجھا جارہا تھا کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران کو دیکھتے ہوئے یہ اس طرح کی بات چیت کا صحیح وقت نہیں ہے اور اس کے لیے پاکستان کے سیاسی حالات ٹھیک ہونے تک انتظار کیا جا سکتا ہے

سائفر کے مبینہ متن کے آخری سرے پر اپنے تجزیے میں اسد مجید خان نے کہا ”ڈونلڈ لو اتنے ٹھوس انداز میں تحفظات کا اظہار وائٹ ہاؤس کی واضح منظوری کے بغیر نہیں کر سکتے تھے، جس کا انہوں نے بارہا حوالہ بھی دیا۔“

اسد مجید خان نے اپنے تجزیے میں مزید کہا ”یہ واضح ہے کہ ڈونلڈ لو نے پاکستان کے داخلی سیاسی امور پر غیرذمہ دارانہ انداز میں بات کی، ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنے اور اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو مناسب انداز میں ڈیمارش جاری کرنے کی ضرورت ہے“

’دی انٹرسیپٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یہ دستاویز (سائفر کا مبینہ متن) پاک فوج کے ایک گمنام ذرائع نے فراہم کی ہے، جس نے کہا تھا کہ ان کا عمران خان یا ان کی جماعت پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے

دریں اثنا ’دی انٹرسیپٹ‘ کی جانب سے شائع ہونے والے سائفر کے مبینہ مندرجات کا بالواسطہ اعتراف کرتے ہوئے

نو اگست کو ختم ہونے والی پاکستان کی وفاقی حکومت میں وزیرِ داخلہ رہنے والے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا، اس معلومات یا اس کی ماخذ دستاویز کی تصدیق کے لیے تحقیقات کی ضرورت ہے، ممکنہ طور پر یہ ایک بہت ہی ’مذموم، غداری اور فتنہ انگیزی پر مبنی عمل‘ ہے

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ سائفر کی ایک کاپی عمران خان کے پاس موجود تھی جو انہوں نے واپس نہیں لوٹائی اور اعلانیہ تسلیم کیا کہ ان سے وہ کاپی کھو گئی ہے، اگر عمران خان قصوروار ثابت ہو گئے تو اُن پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے

یہ پہلا موقع نہیں کہ رانا ثنا اللہ نے اس معاملے میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمے کی بات کی ہے۔ گذشتہ ماہ سائفر کے معاملے پر عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر کام کرنے والے سابق بیورو کریٹ اعظم خان کے بیان کے بعد بھی انھوں نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی لیگل ڈیپارٹمنٹ کی رائے کے بعد کی جائے گی

دوسری طرف گزشتہ روز ایک بریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے تصدیق کی کہ جب یوکرین پر روس کے حملے کے روز ہی سابق وزیر اعظم عمران خان روس کے دورے پر چلے گئے تھے تو امریکا نے حکومتِ پاکستان سے نجی طور پر اور بعدازاں اعلانیہ طور پر تشویش کا اظہار کیا تھا

انہوں نے ’دی انٹرسیپٹ‘ کی جانب سے شائع کردہ سائفر کے متن کی صداقت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ تبصرے کسی بھی طرح سے یہ ظاہر نہیں کرتے کہ امریکا نے اس بارے میں کوئی مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کی قیادت کس رہنما کے پاس ہونی چاہیے، میرا خیال ہے کہ اِس سے اُن پالیسیوں کے انتخاب پر امریکی حکومت کی تشویش ظاہر ہوتی ہے، جو وزیر اعظم اپنا رہے تھے

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کے بارے میں اندرونی فیصلوں میں امریکا کی جانب سے مداخلت کے الزامات غلط ہیں، جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ یہ الزامات غلط ہیں، یہ الزامات ہمیشہ سے جھوٹے تھے اور جھوٹے ہی رہیں گے

جب ان سے سوال کیا گیا کہ امریکا دوسرے ممالک میں قیادت کو بے دخل کرنے کی تاریخ رکھتا ہے، لہٰذا اس تناظر میں اس سب کو کس طرح سمجھا جانا چاہیے تو میتھیو ملر نے جواب دیا کہ اس کو اس تناظر میں دیکھیں کہ ایک تو ان تبصروں کو سیاق و سباق سے کیسے ہٹا کر پیش کیا جا سکتا ہے اور دوسرا یہ کہ لوگ اسے سیاق و سباق سے کیسے ہٹا کر پیش کرنے کی خواہش کر سکتے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ لوگ اس کا استعمال کسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کریں، میرے خیال میں بہت سے لوگ اسے سیاسی استعمال کے لیے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہے ہیں

انھوں نے یہ بھی کہا کہ آیا یہ دانستہ کوشش تھی یا نہیں اس بارے میں وہ تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ’میں کسی کی نیت پر بات نہیں کر سکتا لیکن میرے خیال میں ایسا ہی ہوا ہے‘

خیال رہے کہ عمران خان نے 27 مارچ 2022 کو اپنی حکومت کے خاتمے سے چند دن قبل اسلام آباد میں ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے جیب سے ایک خط نکال کر لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بیرونِ ملک سے ان کی حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے اور انھیں تحریری دھمکی دی گئی ہے

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کا تعلق بھی اسی ‘دھمکی آمیز خط’ سے ہے۔ اس عدم اعتماد کے نتیجے میں اپریل 2022 میں عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا

اس جلسے میں عمران خان نے امریکہ کا نام نہیں لیا تھا تاہم بعدازاں انہوں نے نام لے کر امریکہ کو اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close