کراچی : کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، منصور نگر میں ایک شخص نے خود کو گولی مارکر خود کشی کرلی
پولیس کے مطابق خود کشی کرنے والا ٹارگٹ کلر شاہین بہاری ہے جس نے چند روز قبل ساتھی کے ساتھ مل کر پولیس افسر کو قتل کیا تھا اور اب پولیس چھاپوں سے پریشان ہو کر خود کشی کی ہے
ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق خود کشی کرنے والے شخص کی شناخت شاہین بہاری کے نام سے ہوئی ہے جو ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے
سہائی عزیز نے بتایا کہ جائے وقوع سے ایک پستول اور خود کشی سے پہلے لکھا خط ملا ہے
شاہین بہاری نے خط میں لکھا ہے کہ جس پستول سے اے ایس آئی کوشہید کیا وہ پستول پھینک دیا تھا، دوسرے پستول سے خود کشی کررہا ہوں
سہائی عزیز کا کہنا ہے کہ شاہین نے ساتھی کے ساتھ 28 اگست کو اے ایس آئی اکرم خان کو شہید کیا تھا جس کے بعد گزشتہ دنوں ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو رینجرز اور پولیس نے گرفتار کر لیا تھا
ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق اے ایس آئی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی شاہین بہاری نظر آ رہا تھا.