جیکلین اور نورا کا جیل میں بند مجرم سے کروڑوں لینے کا انکشاف، مشکل میں پھنس گئیں

ویب ڈیسک

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز اور نورا فتیحی کا منی لانڈرنگ کیس میں ملوث شخص سے کروڑوں کے تحائف لینے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد دونوں مشکل میں پھنس گئی ہیں

گذشتہ روز بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو ممبئی ایئر پورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، جبکہ ان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جیکلین فرنانڈیز دبئی میں ایک شو میں شرکت کے لیے ممبئی ایئرپورٹ پہنچیں جہاں انہیں امیگریشن حکام نے بیرون ملک جانے سے روک دیا

رپورٹس کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سکیش چندرا شیکھر کیس میں جیکلین فرنانڈیز کو بھی تفتیش میں شامل کر رکھا ہے، اداکارہ سے کیس سے متعلق پوچھ گچھ اور گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے

منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین کا نام آنے کے بعد ان کے قریبی سمجھے جانے والے بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بھی اداکارہ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے

بالی ووڈ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے قریبی دوست سلمان خان نے بھی جیکلین کا نام منی لانڈرنگ کیس میں آنے کے بعد کنارہ کشی اختیار کرلی ہے، رپورٹس کے مطابق دبنگ خان ریاض میں ہونے والے دبنگ کانسرٹ کے لیے اب جیکلین کی جگہ کسی اور چہرے کی تلاش میں ہیں

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں فائل کی جانے والی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ جیکلین فرنانڈز اور نورا فتیحی نے دھوکے بازی اور بھتہ خوری میں ملوث مجرم سے کروڑوں کے تحائف لیے تھے

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دو سو کروڑ کے منی لانڈرنگ اور بھتہ خوری کے کیس میں سکیش چندرا شیکھر، اس کی بیوی اداکارہ لینا ماریا پول اور دیگر چھ افراد کے خلاف سات ہزار صفحات پر مبنی چارج شیٹ داخل کی ہے

چارج شیٹ کے مطابق سکیش نے تفتیش کے دوران حکام کو بتایا کہ اس نے اداکارہ جیکلین فرنانڈز کو کروڑوں مالیت کے تحائف دئیے۔ اس کے علاوہ بھارتی اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی کو مہنگی کار بھی تحفے میں دی تھی

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق سکیش اور جیکلین کے درمیان جنوری 2021 میں بات چیت شروع ہوئی تھی، جس کے بعد سکیش نے اداکارہ کو تقریباً دس کروڑ کے تحائف دئیے، جن میں ہیرے کے زیورات، مہنگی کراکریز، اعلیٰ نسل کی چار بلیاں جن میں سے ہر ایک کی قیمت نو لاکھ ہے، جبکہ باون لاکھ کی خطیر رقم کا گھوڑا بھی تحائف شامل ہے

بھارتی میڈیا میں جیکلین فرنانڈز اور سکیش چندر شیکھر کی چند تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں، جن میں دونوں ایک دوسرے کے کافی قریب نظر آ رہے ہیں

چارج شیٹ ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ کی عدالت میں داخل کی گئی۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چارج شیٹ داخل کرنے سے پہلے استغاثہ اور اپنے سینئر اہلکاروں سے قانونی رائے بھی لی۔ اس چارج شیٹ میں جیکلین فرنانڈز اور نورا فتیحی کے بیانات بھی شامل ہیں

واضح رہے کہ دونوں اداکاراؤں کو گزشتہ کچھ عرصے کے دوران اسی کیس کے سلسلے میں کئی بار انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کے باہر آتے اور جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل دو سو کروڑ کے منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ جیکلین فرنانڈز نے بطور گواہ اپنا بیان رکارڈ کروایا تھا اور کہا تھا ”میں قریبی دوست کے ذریعے اس ریکٹ کا شکار ہوئی“

خیال رہے کہ سکیش چندرا شیکھر جیل کے اندر سے بھتہ خوری کا ریکٹ چلا رہا تھا اور ایک تاجر سے دو سو کروڑ روپے بھتہ لیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چندرا شیکھر اس فراڈ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وہ سترہ سال کی عمر سے جرائم کی دنیا کا حصہ رہا ہے۔ اس کے خلاف پولیس اسٹیش میں کئی شکایات درج ہیں، جبکہ اس وقت وہ روہنی جیل میں قید ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close