اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اسلام آباد میں پراپرٹی کی تصدیق کا نظام وضع

نیوز ڈیسک

اسلام آباد – وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاٹ خریدنے کے خواہش مند اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آئندہ چند دنوں میں آن لائن پراپرٹی ویری فیکیشن کی سہولت مہیا کر دی جائے گی، جسے استعمال کرتے ہوئے دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم پاکستانی اسلام آباد میں پراپرٹی کی خریداری سے قبل اس کی تصدیق کے ذریعے اطمینان کر سکیں گے کہ ان کے ساتھ دھوکہ تو نہیں ہو رہا

واضح رہے کہ پاکستان میں پہلے پراپرٹی ویری فیکیشن سینٹر کے قیام کے ذریعے اسلام آباد میں مقیم افراد کے لیے یہ سہولت پہلے ہی 24 نومبر سے متعارف کروائی جا چکی ہے

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ سینٹر کے قیام کے ذریعے اب شہری چوبیس گھنٹوں میں کسی بھی پراپرٹی کی قانونی حثییت کے بارے میں جان سکتے ہیں

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی چند دنوں میں تقریبا ایک سو بیس سے زائد افراد نے ویری فیکیشن سنٹر سے رجوع کر کے پلاٹ خریدنے سے قبل اس کی قانونی حثییت کے بارے میں معلومات حاصل کیں

حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ حیرت انگیز طور پر معلومات کرنے والے اسی فیصد افراد کو یہ معلوم ہوا کہ جس پلاٹ یا پراپرٹی کو وہ خریدنے لگے تھے، وہ غیر قانونی سوسائٹی میں تھی یا صرف کاغذوں میں موجود تھی

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ پراپرٹی ویری فیکیشن سینٹر میں آکر کوئی بھی شخص، جو کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹ لینا چاہتا ہے، تو وہ معلومات چیک کر سکتا ہے۔ وہ سنٹر میں اپنے مطلوبہ پلاٹ کے حوالے سے فارم پُر کرکے جمع کروائے گا تو اسے فورا ڈی سی آفس کی جانب سے میسج موصول ہوجائے گا اور اگلے دن تک اس کے ای میل پر مذکورہ پلاٹ کے حوالے سے ڈی سی آفس کی جانب سے مصدقہ معلومات موصول ہو جائیں گی

ان کا کہنا تھا کہ بہت سی اسکیمیں ہیں جو کہتی ہیں کہ وہ اسلام آباد میں ہیں، لیکن وہ وہاں نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سی منظور شدہ سوسائٹیز کی جانب سے بھی دھوکہ دہی کی جاتی ہے

حمزه شفقات کا کہنا تھا کہ اس فراڈ کے سد باب کے لیے اسلام آباد کی حدود میں کام کرنے والی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ڈیٹا سی ڈی اے سے لے کر ہم نے اپنے سسٹم میں ڈال لیا ہے

غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف ایکشن کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سوسائٹی کے اشتہار پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ کچھ سوسائٹیز انٹرنیٹ پر اشتہار لگاتی ہیں۔ اسلام آباد کی غیر قانونی سوسائٹیز کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور دفعہ 144 کے ذریعے غيرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پابند کر دیا گیا ہے۔ اب کوئی غير منظور شدہ پراجيکٹ اور بليک لسٹڈ کمپنی اخبارات میں اشتہار نہيں چھاپ سکتی اور ايسی کمپنی، پراجيکٹ يا سوسائٹی ديگر اشتہاری مہم بھی نہيں چلا سکتی

تاہم ڈی سی نے خبردار کیا کہ غیر قانونی سوسائیٹیاں انتظامیہ کے ایکشن سے آگاہ ہوتی ہیں، اس لیے وہ واٹس ایپ یا کسی اور ذریعے سے ممکنہ گاہکوں سے آن لائن رابطہ کرتی ہیں

حمزہ شفقات کے مطابق اب تک انتظامیہ نے اسلام آباد میں ڈیڑھ سو غیر قانونی سوسائیٹیاں پکڑیں ہیں اور انہیں سیل کیا ہے. اسی طرح ڈیڑھ سو کے قریب غیر قانونی پلازوں کو بھی سیل کیا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ ہم ہر جگہ تشہیر کر رہے ہیں، لوگ کاغذ کا ٹکڑا لے کر پھرتے رہتے ہیں کہ یہ پلاٹ ہے۔ لوگوں میں آگاہی کی ضرورت ہے

ان کا کہنا تھا کہ بعض سوسائیٹیاں اسلام آباد میں دس مرلے کا پلاٹ پچیس لاکھ میں بیچنے کا جھانسہ دے کر اوورسیز پاکستانیوں کو متوجہ کرتی ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو بھی یہ جاننا چاہیے کہ اسلام آباد میں اتنا سستا پلاٹ نہیں ملتا اور یہ واضح دھوکہ ہے

ڈی سی اسلام آباد نے امید کا اظہار کیا کہ آن لائن ویری فیکیشن سے سمندر پار پاکستانیوں کی کروڑوں اربوں روپے کی سرمایہ کاری محفوظ ہو جائے گی

ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ ساری دنیا میں مقیم پاکستانی اسلام آباد میں پراپرٹی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں وہ ضلعی انتظامیہ کی ویب سائٹ یا ایپلیکیشن پر کلک کریں اور چوبیس گھنٹے میں جان جائیں کہ وہ درست جگہ سرمایہ لگا رہے ہیں یا نہیں

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جب اسلام آباد انتظامیہ کے پورٹل پر آئیں گے تو صرف دو چیزیں درکار ہوں گی، ایک شناختی کارڈ اور ایک ای میل ایڈریس۔ وہ اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ ہوں گے، اپنا ای میل ایڈریس دیں گے اور پھر پراپرٹی جس کو خریدنا ہے اس کی تفصیل درج کریں گے۔ انہیں چوبیس گھنٹوں کے اندر انتظامیہ کی طرف سے جواب موصول ہوگا، جس میں ان کی مطلوبہ پراپرٹی کی قانونی حثییت کے بارے میں تفصیل درج ہو گی

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کینیڈا سے اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے لاگ ان کرے گا اور لکھے گا کہ جدہ ٹاؤن کا فلاں فلاں پلاٹ کیسا ہے، تو اگلے دن اسے ای میل میں بتا دیا جائے گا کہ جدہ ٹاؤن غیر قانونی ہے. اس طرح وہ غلط سرمایہ کاری سے محفوظ ہو جائے گا۔ اور اگر وہ کسی قانونی سوسائٹی میں کسی پلاٹ کی تفصیل مانگے گا تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ فلاں پلاٹ فلاں اسکیم میں فلاں گلی میں درست ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close