کوئٹہ – وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے معروف پاکستانی ٹی وی ڈرامہ ’پری زاد‘ سے متاثر ہو کر بلوچستان میں اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس سلسلے میں محکمہ تعلیم سے تجاویز طلب کر لی ہیں
انہوں نے ایک مراسلے میں صوبائی سیکریٹری ثانوی تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ ’اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ابتدائی طور پر ہر ضلعے میں ایک اسکول کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر منتخب کر کے فوری طور پر ضروری اقدامات شروع کیے جائیں۔‘
یاد رہے کہ اس حوالے سے ایک ہفتہ قبل وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے تفصیلی پالیسی بیان بھی دیا تھا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’اردو اور انگلش میڈیم اسکولوں کے معیار میں فرق کی وجہ سے بچوں میں احساس کمتری پیدا ہوتا ہے۔‘
انہوں نے اردو میڈیم اسکولوں کو انگریزی میڈیم اسکولوں کے برابر لانے کے لیے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کرنے اور جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی
خیال رہے کہ نجی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما ’پری زاد‘ کافی مقبول ہوا تھا اور جنوری میں اس کی آخری قسط پیش کی گئی تھی
وزیرعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ کے ایک عہدے دار نے تصدیق کی کہ ’وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بھی یہ ڈراما باقاعدگی سے دیکھتے تھے اور انہوں نے یہ اقدام معروف ڈراما سیریل ’پری زاد‘ سے متاثر ہو کر کیا ہے۔‘
اس ڈرامے کی آخری قسط میں ’پری زاد‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے ملک میں انگریزی اور اردو میڈیم اسکولوں میں تفریق کا ذکر کیا تھا
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے ٹوئٹر پر آخری قسط کے اس حصے کا ایک کلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں ’پری زاد‘ کہتا ہے کہ ’کوئی اسکول چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا، وہاں دیا جانے والا علم بڑا ہوتا ہے۔ میڈیم اردو ہو یا انگریزی، اہمیت تعلیم کی ہوتی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’جو سہولیات مہنگے انگریزی اسکولوں کو دی جاتی ہے، اردو میڈیم اسکولوں کو بھی اتنی ہی توجہ کا حق ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری حکومت صوبے میں اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کا معیار بلند کر کے بلوچستان کے لوگوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
عبدالقدوس بزنجو نے تعلیمی پالیسی کی کمزوریوں کو اجاگر کرنے پر ’پری زاد‘ کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا
واضح رہے کہ اس ڈرامے کے لکھاری ہاشم ندیم کا تعلق بھی بلوچستان سے ہے۔ وہ سینیئر بیورو کریٹ ہیں اور سیکریٹری اطلاعات سمیت مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں
اس حوالے سے پری زاد کے مصنف ہاشم ندیم کا کہنا ہے کہ ’یقیناً مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ڈرامے میں جس مسئلے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے، اس پر میرے اپنے صوبے میں حکومت نے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔‘
ہاشم ندیم کے مطابق ’جب سے ڈرامے کی آخری قسط نشر ہوئی ہے تب سے وزیراعلیٰ بلوچستان مسلسل ان سے رابطے میں ہیں۔‘
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے پالیسی بیان پر ڈرامے میں پری زاد کا کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا ایک حیرت انگیز فیصلہ! مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس اقدام کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ دوسرے صوبوں میں بھی پھیلے گا
احمد علی اکبر نے مزید لکھا کہ ’پری زاد‘ بہتری کے لیے تبدیلی لا رہا ہے.