بحیرۂ روم کی غضب ناک لہریں، جو ہر سال ہزاروں تارکینِ وطن نگل جاتی ہیں

ویب ڈیسک

بدھ 14 جون کو تارکینِ وطن سے بھری ہوئی ایک بڑی کشتی یونان کے قریب بحیرہ روم میں ڈوبنے اور بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین اور پناہ گزینوں کے اداروں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں سمندر میں ڈوبنے والوں کی تلاش اور ان کی جانیں بچانے کو ضروری قرار دیتے ہوئے اموات روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا ہے

رپورٹس کے مطابق منگل کے روز بحیرہ روم میں تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی کی نشاندہی ہونے کے بعد یونان کے کوسٹل گارڈز نے مواصلاتی نظام اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے کشتی سے رابطہ کرنے اور انہیں مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی، لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ بدھ کی صبح جب کشتی یونان کے جزیرہ نما پیلوپونس سے لگ بھگ پچھتر کلومیٹر کے فاصلے پر تھی، الٹنے کے بعد ڈوب گئی۔اس دوران ساحلی محافظ مسلسل اس کا تعاقب کر رہے تھے

کشتی پر سوار افراد کی جانیں بچانے کے لیے کوسٹل گارڈز کے چھ جہازوں، بحریہ کے ایک فریگیٹ، ایک ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے، فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر، کئی نجی جہازوں اور فرنٹیکس کے ایک ڈرون نے حصہ لیا۔ ان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ایک سو چار افراد کو ڈوبنے سے بچالیا گیا اور اناسی نعشیں نکالی گئیں

حکام کا کہنا ہے کہ کشتی الٹنے سے قبل اس کی بجلی چلی گئی تھی۔ تاریکی کی وجہ سے مسافروں میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیلی۔ لوگوں کی دھکم پیل اور بھاگ دوڑ کے باعث کشتی کا توازن بگڑنے سے وہ الٹ کر ڈوب گئی۔ یونان کی حکومت نے سانحہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے

بتایا جاتا ہے کہ کشتی کا کپتان اسے اٹلی لے جانا چاہتا تھا، کیونکہ تارکینِ وطن سے متعلق یونان کے سخت قوانین کی وجہ سے بحیرہ روم کے راستے سفر کرنے والے اٹلی جانے کو ترجیح دیتے ہیں، جہاں سے تارکینِ وطن نسبتاً آسانی کے ساتھ دیگر یورپی ممالک میں جا سکتے ہیں

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تارکینِ وطن کی کشتی لیبیا کے ساحلی علاقے سے روانہ ہوئی تھی۔ یہ بنیادی طور پر ماہی گیری کا ایک ٹرالا تھا، جسے انسانی اسمگلر تارکینِ وطن کو یورپ پہنچانے کے لیے استعمال کر رہے تھے

کشتی پر سوار افراد کی تعداد کا صحیح علم نہیں ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ لیبیا سے اٹلی جانے والے اس ٹرالر کے ساتھ تقریباً پانچ سو افراد بھی ڈوب گئے۔ اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کا اندازہ ہے کہ کشتی میں ساڑھے سات سو افراد سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق ان میں ایک سو کے لگ بھگ بچے بھی شامل ہیں

یہ سمندری حادثہ 2015 کے بعد سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز واقعہ ہے۔ یو این مائیگریشن ایجنسی کے مسنگ مائیگرنٹس پراجیکٹ نے ٹویٹ میں لیبیا کے ساحل پر الٹنے والے بحری جہاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اپریل 2015ع کے اٹلی کے راستے میں ہونے والے المناک بحری جہاز کے تباہ ہونے کے بعد اب تک کا دوسرا سب سے مہلک حادثہ ہو سکتا ہے، جس میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً آٹھ سو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے

دوسری جانب اسپین کی این جی او اوپن آرمز نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس نے 25 خواتین اور ایک تین سالہ بچے سمیت 117 افراد کو بچایا ہے جن کا تعلق سوڈان، اریٹیریا اور لیبیا سے ہے

بیان کے مطابق کشتی نے لیبیا کی بندرگاہ سبراتھا سے رات کو سفر کا آغاز کیا اور یہ ریسکیو آپریشن لیبیا کے ساحل سے 30 کلومیٹر دور عالمی بحری حدود میں کیا گیا

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں غیرقانونی تارکینِ وطن کی آمد روکنے کے لیے یورپ نے زمینی اور بحری راستوں کی نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے، لیکن اس کے باوجود لوگ بحیرہِ روم کے انتہائی پُرخطر راستے سے یورپ جانے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ زمینی سرحدوں کو عبور کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے

انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2014 سے اب تک بحیرہِ روم میں لاپتہ ہونے والے تارکینِ وطن کی تعداد ستائیس ہزار سے زیادہ ہے

اٹلی نے رواں سال اب تک پچپن ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو رجسٹر کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں اکثریت آئیوری کوسٹ، مصر، گنی، بنگلہ دیش اور پاکستان سے آنے والوں کی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق یورپ کا رخ کرنے والے تارکینِ وطن کی سالانہ تعداد ایک لاکھ بیس ہزار کے لگ بھگ ہے

یورپی ملکوں میں پناہ گزینوں کے مسئلے پر اختلاف پایا جاتا ہے۔ بحیرہِ روم کے ممالک یہ شکایت کرتے ہیں کہ انہیں غیرقانونی تارکینِ وطن کا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔ تارکینِ وطن کی اکثریت وہاں پہنچنے کے بعد جرمنی، برطانیہ اور دیگر ملکوں میں جانے کی خواہش مند ہوتی ہے لیکن مشرقی یورپی ممالک تارکینِ وطن کی دیکھ بھال کا بوجھ اٹھانے سے انکار کرتے ہیں

انسانی حقوق کے گروپس کا کہنا ہے کہ یورپی یونین تارکینِ وطن کی آمد روکنے کے لیے لیبیا کے ساحلی محافظوں کو مدد فراہم کر رہی ہے، جو لیبیا کے ساحلوں پر پہنچنے والے تارکینِ وطن کو تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بناتے ہیں

یورپی یونین اور رکن ممالک نے شمالی افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سرحدی کنٹرول کو بہتر بنانے اور تارکینِ وطن کی کشتیوں کو یورپ پہنچنے سے روکنے کے لیے معاہدے بھی کیے ہیں، لیکن غریب ممالک میں زندگی گزارنے کے حالات اتنے ناگفتہ بہ ہیں کہ تارکینِ وطن اچھے دنوں کی آس میں ہر خطرہ مول لینے پر تیار ہو جاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close