کرکٹ کا سیاہ ترین دن۔۔ تاریخ میں پہلی بار ویسٹ انڈیز ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر!

ویب ڈیسک

کس نے سوچا ہوگا کہ پہلے دو آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی اور تیسرے ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ویسٹ انڈیز پر کبھی ایسا وقت بھی آئے گا کہ وہ ورلڈکپ کھیلنے کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کر سکے گی

اپنی کرکٹ کی تاریخ میں ویسٹ انڈیز ایک ایسے ہی مرحلے سے گزر رہی ہے، جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ میں رینگتی اور آہستہ سے بڑھتی تباہی نے اسے آخری دھچکہ بھی پہنچا دیا ہے

گزشتہ روز یہ داستان بھی رقم ہوگئی اور وہ بھی اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں، جس نے ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈکپ کے سپر سکس کوالیفائنگ میچ میں ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر کر دیا یوں اب وہ میگا ایونٹ میں نظر نہیں آئے گی

واضح رہے کہ زمبابوے میں چھ ٹیموں کے درمیان ورلڈکپ کوالیفائنگ میچز کھیلے جا رہے ہیں، جن میں سے دو ٹیمیں ہی رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈکپ ایونٹ میں جگہ بنا پائیں گی

سپر سکس کوالیفائنگ مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے ہفتے کو ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ سپر سکس مرحلے میں ویسٹ انڈیز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لیے یہ تاریخی شکست اس اعتبار سے بھی ہے کہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے بغیر کھیلا جائے گا

زمبابوے کے شہر ہرارے میں ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف پچاس اوور بھی کھیلنے سے معذور رہی اور 43 اعشاریہ پانچ اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 45 اور روماریو شیفرڈ 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان شائے ہوپ 13، برینڈن کنگ 22، نکولس پورن 21 اور کیون سنکلیئر 10 رنز بنا سکے، جب کہ چار بلے باز ڈبل فیگر کے دروازے پر بھی دستک نہ دے سکے

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے اوپنرکرسٹوفر میک برائڈ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، جس کے بعد دوسری وکٹ پر میتھیو کراس اور برینڈن میکملن نے 125 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈال دیا

میکملن 69 اور جارج منسی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس نے 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

اس سے قبل انڈیز کو سپر سکس راؤنڈ میں پہلے زمبابوے نے پینتیس رنز سے ہرایا تھا، جس کے بعد اسے نیدرلینڈز کے خلاف اگلے ہی میچ میں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست ہوئی

سال 1975 اور 1979 کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نہ صرف اپنے بقیہ تینوں میچز جیتنے تھے، بلکہ سری لنکا اور زمبابوے میں سے کسی ایک ٹیم کی دو شکستوں پر بھی انحصار کرنا تھا، لیکن اسکاٹ لینڈ سے شکست نے اس کی امید کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی

ویسٹ انڈیز کی بھینس تو گئی پانی میں، لیکن اسکاٹ لینڈ کی جیت کے بعد ورلڈکپ کوالیفائنگ مرحلے میں دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے

سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کے مزید دو میچز باقی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائںٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے اور اس کے بھی مزید دو میچز باقی ہیں

دوسری جانب عمان اور ویسٹ انڈیز کا ورلڈکپ کھیلنے کی دوڑ کر سفر اب تمام ہو چکا ہے

ورلڈکپ 2023 کے مقابلے پانچ اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں جاری رہیں گے۔ ایونٹ میں شامل 10 ٹیمیں 46 روز تک بھارت کے مختلف گراؤنڈز میں مدِ مقابل ہوں گی، جس میں پہلی بار ویسٹ انڈیز کی ٹیم شامل نہیں ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close