بفیلو کے باغی: ریاست اور ضمیر کے درمیان جنگ کی کہانی

سنگت ڈیسک

امریکہ میں ایک زمانہ ایسا بھی آیا جب جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں لڑی جا رہی تھی۔ وہ عدالتوں میں، یونیورسٹیوں میں، گرجا گھروں میں اور عام لوگوں کے ضمیر میں بھی جاری تھی۔ ہزاروں امریکی نوجوان ویتنام کے جنگلات میں مارے جا رہے تھے اور جنگ کی آگ ایشیا کے جنگلوں کو نگل رہی تھی، جبکہ ہزاروں میل دور نیویارک کے شہر بفیلو اور اس کے گرد و نواح میں کچھ نوجوانوں کے ذہنوں میں ایک اور جنگ شروع ہو چکی تھی، ضمیر اور ریاست کے درمیان جنگ۔

یہ 1960 کی دہائی کے اواخر کی بات ہے، جب امریکہ ایک عجیب کشمکش کا شکار تھا۔ ایک طرف ویتنام کی جنگ تھی جس میں ہر ماہ ہزاروں امریکی نوجوان لقمہ اجل بن رہے تھے، اور دوسری طرف ملک کے اندر Draft System ’ڈرافٹ سسٹم‘ (جبری بھرتی) کے خلاف غم و غصہ عروج پر تھا۔ تب چند نوجوانوں، جن میں سے زیادہ تر کیتھولک پس منظر رکھنے والے تھے، نے یہ فیصلہ کیا کہ اگر حکومت جنگ کے لیے انسانوں کو بھیج رہی ہے تو وہ جنگ کی اس مشین کے پہیے ہی جام کر دیں گے۔ ان کے ہاتھوں میں بندوقیں نہیں تھیں، لیکن ان کے سامنے ایک اور ہتھیار تھا: فوجی بھرتی کے ریکارڈ۔ اگر وہ ریکارڈ ہی نہ رہیں تو فوجی بھرتی کیسے ہوگی؟



یوں ایک خفیہ منصوبہ بنا اور اس منصوبے نے امریکی تاریخ میں شہری نافرمانی کی ایک انوکھی مثال قائم کی۔ یہ کہانی ہے امریکی تاریخ کے اسی عجیب مشن کی۔

گرمیوں کی ایک خاموش رات تھی۔ نیویارک کے شہر بفیلو کے وسط میں واقع ایک بھاری بھرکم سرکاری عمارت کے اندر چند نوجوان سانس روکے بیٹھے تھے۔ عمارت کے اوپر ایک تنگ اور گرد آلود اٹاری میں وہ تقریباً ایک دن سے چھپے ہوئے تھے۔ نیچے دفاتر میں ہزاروں فائلیں رکھی تھیں، ایسی فائلیں جن میں ان نوجوانوں کی تقدیر لکھی تھی، جنہیں جلد ہی ہزاروں میل دور ویتنام کے اندر جنگ کی آگ میں جھونکا جانا تھا۔ ان نوجوانوں کا یقین تھا کہ اگر وہ ان فائلوں کو تباہ کر دیں تو شاید چند جانیں بچائی جا سکیں۔ اس رات ان کے ہاتھوں میں بندوقیں نہیں تھیں، لیکن ان کا ارادہ کسی بھی سپاہی سے کم خطرناک نہیں تھا۔

اس کہانی کی جڑیں ایک ذاتی المیے سے نکلتی ہیں۔ پنسلوانیا کے ایک بڑے کیتھولک خاندان میں پیدا ہونے والا پال گڈ بچپن ہی سے زندگی سے بھرپور، ہنسنے کھیلنے والا اور غیر معمولی طور پر باصلاحیت بچہ تھا۔ گھر میں دس بہن بھائی تھے، لیکن وہ اپنی ماں کا سب سے لاڈلا بیٹا سمجھا جاتا تھا۔ دوستوں کے درمیان وہ اپنی شوخ مزاجی اور بلیئرڈ کے کھیل میں غیر معمولی مہارت کے باعث مشہور تھا۔

اس کے بڑے بھائی جم کے مطابق پال ایک ایسا لڑکا تھا جس سے جیتنا تقریباً ناممکن تھا۔ وہ بِلیئرڈ کا ماہر کھلاڑی تھا، اتنا ماہر کہ لوگ اس کے خلاف کھیلنے سے کتراتے تھے۔ مغربی پنسلوانیا کے آس پاس جب بھی کوئی اچھا کھلاڑی ہوتا، پال وہاں پہنچ کر اسے بھی شکست دے دیتا۔۔ لیکن پھر تاریخ نے اپنا راستہ بدلا۔

ہائی اسکول کے فوراً بعد پال کو ایک طرح کی جبری بھرتی کے ذریعے فوجی خدمت کے لیے منتخب کیا گیا اور اسے ویتنام بھیج دیا گیا۔ اس کی والدہ بیٹی نے اسے رخصت کرتے وقت فخر سے دیکھا تھا، اس کے نزدیک بیٹا ملک کی خدمت کے لیے جا رہا تھا۔ لیکن چند ہفتوں بعد، 19 جون 1967 کی ایک صبح، اس کے دل میں ایک عجیب سا خوف جاگا، جیسے کچھ بہت برا ہو چکا ہو۔

چند دن بعد فوجی اہلکار گھر کے باہر نمودار ہوئے۔ وہ خبر جو ماں پہلے ہی دل میں محسوس کر چکی تھی، اب حقیقت بننے والی تھی۔ پال گُڈ سائگون کے باہر ایک فوجی کارروائی میں مارا جا چکا تھا۔۔ اور ابھی اس کی بیسویں سالگرہ بھی نہیں آئی تھی۔

پال کے بڑے بھائی جم نے اپنی جوانی کا آغاز مذہبی راستے سے کیا تھا۔ چودہ برس کی عمر میں وہ کیتھولک مدرسے (seminary) میں داخل ہوا اور آٹھ سال تک پادری بننے کی تربیت حاصل کرتا رہا۔ لیکن اس کا دل عبادات سے زیادہ دنیا دیکھنے کی خواہش میں اٹکا ہوا تھا۔ وہ مشنری بننا چاہتا تھا، ایسا شخص جو دنیا کو بدلنے نکلے۔ لیکن چرچ نے اسے ”نرم الفاظ میں“ رخصت کر دیا، کیونکہ وہ ادارہ جاتی نظم و ضبط کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا تھا۔

بعد میں وہ پیس کور کے ذریعے ڈومینیکن ریپبلک پہنچا۔ وہاں اس نے پہلی بار براہِ راست دیکھا کہ طاقت کا اصل کھیل کیا ہوتا ہے۔ بظاہر امریکہ وہاں مدد کے لیے موجود تھا، لیکن حقیقت میں حالات کچھ اور تھے۔ مقامی لوگوں نے اس کا استقبال خوش دلی سے نہیں کیا۔ ”ہیلو، میں جائمے بوئینو ہوں، آپ کی مدد کے لیے آیا ہوں!“
”جہنم میں جاؤ“ — یہ جواب اسے جلد ہی مل گیا۔

جم نے جلد ہی سمجھ لیا کہ یہ مشنری خدمت نہیں بلکہ سیاسی مفادات کا کھیل ہے۔ وہ اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے واپس آ گیا، اور اب اس کا نیا نام بھی تھا، جائمے بوئینو۔

بفیلو میں وہ نوجوانوں کے ایک ایسے حلقے میں شامل ہوا جہاں مذہب، اخلاقیات اور سیاست آپس میں ٹکرا رہے تھے۔ یہاں جیریمیا ہوریگن جیسے نوجوان تھے جو ایک بااثر خاندان سے تعلق رکھتے تھے مگر اندرونی طور پر روحانی سوالات سے بھرا ہوا تھا۔

مائیک ہِکی ایک ایسا لڑکا تھا جس کا ضمیر بہت حساس تھا۔ بچپن میں اس نے جب دیکھا کہ مذہبی کتاب میں ”قتل نہ کرو“ کے حکم کے ساتھ جنگی مناظر دکھائے گئے ہیں، تو اس کے اندر ایک سوال پیدا ہوا، کیا اصول اور عمل واقعی ایک ہو سکتے ہیں؟

کین موڈی ایک آئرش کیتھولک محلے میں بڑا ہوا، لیکن اس کی زندگی میں تضاد اور بے ترتیبی شروع سے موجود تھی۔ اس کا خاندان طلاق اور معاشی مشکلات سے گزرا، لیکن اس کے باوجود وہ تعلیمی طور پر آگے بڑھا۔

میو کونسیڈین نے شہری اور دیہی زندگی دونوں کا فرق اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس نے نسلی اور طبقاتی تقسیم کو قریب سے محسوس کیا، اور یہی تجربہ اسے بعد میں سماجی بیداری کی طرف لے گیا۔

1968 میں یہ سب نوجوان کالج کی دنیا میں داخل ہوئے۔ یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ سیاست بھی پڑھائی جا رہی تھی، خاص طور پر جنگ اور مزاحمت کی سیاست۔

لی موئن کالج اور فورڈہم یونیورسٹی جیسے جیسوئٹ ادارے اب صرف درسگاہیں نہیں رہے تھے، بلکہ فکری تحریکوں کے مراکز بن چکے تھے۔ طلبہ کو وہی اساتذہ پڑھا رہے تھے جو عدم تشدد اور ریاستی مزاحمت کے نظریات پر یقین رکھتے تھے۔

یہیں مائیک ہِکی کو پہلی بار پولیس نے گرفتار کیا، وہ صرف مزدوروں کے حق میں پمفلٹ تقسیم کر رہا تھا۔

یہی وہ نوجوان تھے، جنہیں آگے جا کر ایک مشن کے لیے آپس میں جڑ جانا تھا۔

اپنی اپنی جگہ ان نوجوانوں نے امریکہ میں ایک اور حقیقت دیکھی: ویتنام جنگ میں سیاہ فام امریکی غیر متناسب طور پر زیادہ تعداد میں مارے جا رہے تھے۔

یہ وہ زمانہ تھا جب وڈ اسٹاک جیسے میوزک فیسٹیول نوجوانوں کے لیے ایک متبادل دنیا کی علامت بن رہے تھے۔ موسیقی صرف تفریح نہیں تھی بلکہ احتجاج بن چکی تھی۔ ایک گانا جو ان کے ذہنوں میں نقش ہو گیا وہ تھا ”Sky Pilot“ — ایک فوجی پادری کی کہانی جو جنگ کے لیے دعا دیتا ہے اور پھر اپنے ہی الفاظ کے بوجھ میں دب جاتا ہے۔ یہ گانا ان کے لیے محض موسیقی نہیں تھا، بلکہ ایک آئینہ تھا۔

ادہر پال کی موت نے اس کے بڑے بھائی جم گڈ کی زندگی کا رخ بدل دیا تھا۔ وہ پہلے ہی امریکی خارجہ پالیسی اور جنگ کے بارے میں شکوک رکھتا تھا، لیکن اب یہ مسئلہ ذاتی ہو چکا تھا۔ اسے محسوس ہوا کہ اس جنگ نے اس کے لاڈلے اور پیارے چھوٹے بھائی کی جان لے لی ہے۔ اسی غصے اور دکھ نے اس کے اندر ایک ضد پیدا کر دی۔ جم گڈ کے لیے یہ محض ایک خاندانی صدمہ نہیں تھا، بلکہ امریکی پالیسیوں کے خلاف ایک اعلانِ جنگ تھا۔ جم نے تہیہ کر لیا کہ وہ حکومت کو یہ احساس دلائے گا کہ اس کا نظامِ جبر اتنا محفوظ نہیں جتنا وہ سمجھتی ہے۔

اس وقت تک امریکہ میں جنگ کے خلاف غم و غصہ پہلے ہی پھیل چکا تھا۔ ہزاروں نوجوانوں کو لازمی فوجی خدمت یا جبری بھرتی کے لیے بلایا جا رہا تھا۔ یہ نظام Selective Service System کے ذریعے چلایا جاتا تھا، جس میں ایک ٹیلی ویژن لاٹری کے ذریعے نوجوانوں کی تاریخِ پیدائش نکالی جاتی اور انہیں جنگ کے لیے بلایا جاتا۔ بہت سے لوگوں کو یہ منظر ایک عجیب سا کھیل لگتا تھا، ایک قومی جوا جیسا کھیل، جس میں ایک نیلے رنگ کے شیشے کے برتن سے کیپسول نکالا جاتا اور اس کے اندر موجود تاریخ کسی نوجوان کی تقدیر کا فیصلہ کر دیتی۔ فرق صرف یہ تھا کہ اس کھیل کا انجام اکثر موت پر ہوتا تھا۔

اسی دوران امریکی معاشرے میں ایک نئی قسم کی مزاحمت جنم لے رہی تھی۔ کچھ مذہبی کارکنوں اور طالب علموں نے یہ سوچنا شروع کیا کہ اگر فوجی بھرتی کے ریکارڈ ہی تباہ کر دیے جائیں تو حکومت کے لیے نوجوانوں کو جنگ میں بھیجنا مشکل ہو جائے گا۔ اس خیال کو عملی شکل دینے والوں میں کیتھولک پادری ڈینیئل بیریگن اور ان کے بھائی فلپ بیریگن نمایاں تھے۔ 1968 میں انہوں نے ’کیٹنز ول‘ کے ایک ڈرافٹ آفس سے فائلیں نکال کر انہیں جلا دیا اور اعلان کیا کہ بچوں کو جلانے سے بہتر ہے کہ کاغذات کو جلا دیا جائے۔ یہ واقعہ امریکی تاریخ میں شہری نافرمانی کی ایک علامت بن گیا اور یہ کارروائی امریکی سماج میں تہلکہ مچا گئی۔ بہت سے نوجوانوں نے سوچنا شروع کیا کہ اگر یہ ریکارڈ تباہ ہو جائیں تو شاید ہزاروں نوجوان جنگ میں جانے سے بچ سکتے ہیں۔

نیویارک کے شہر بفیلو میں بھی ایسے ہی خیالات رکھنے والے نوجوان آہستہ آہستہ ایک دوسرے کے قریب آنے لگے۔ جم گڈ نے بفیلو میں ہم خیال نوجوانوں کا ایک گروہ اکٹھا کیا، جن میں جم گڈ، مائیک ہکی، کین موڈی، جیرمیا ہوریگن اور موکس کنسڈائن جیسے نوجوان شامل تھے۔

زیادہ تر کا پس منظر کیتھولک تھا اور ان میں سے کئی نے مذہبی تعلیم حاصل کی تھی، لیکن وہ چرچ کی رسمی حدود سے نکل کر اس کے اخلاقی پیغام کو زیادہ سنجیدگی سے لے رہے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر ”قتل نہ کرو“ ایک اخلاقی حکم ہے تو پھر جنگ اس حکم کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہی سوچ آہستہ آہستہ انہیں اس نتیجے تک لے آئی کہ انہیں صرف احتجاج نہیں بلکہ کچھ عملی قدم اٹھانا چاہیے۔

ان میں سے اکثر یونیورسٹیوں میں پڑھتے تھے، جہاں جنگ مخالف تحریک زور پکڑ رہی تھی بالآخر ایک دن انہوں نے فیصلہ کیا: وہ بھی ڈرافٹ آفس پر حملہ کریں گے۔ لیکن یہ حملہ بندوقوں سے نہیں ہوگا۔

بالآخر انہوں نے اپنے ہدف کا انتخاب کیا۔ شہر کے وسط میں واقع ایک بڑی سرکاری عمارت – بفیلو کا اولڈ پوسٹ آفس – ان کے سامنے تھی۔ یہ ایک بھاری پتھریلی عمارت تھی جس میں کئی وفاقی دفاتر موجود تھے، جن میں دو ڈرافٹ بورڈ بھی شامل تھے۔ نیویارک کے شہر بفیلو میں واقع ’اولڈ پوسٹ آفس‘ کی یہ گوتھک طرز کی عمارت محض ایک سرکاری دفتر نہیں تھی، بلکہ ویتنام کی جنگ کے لیے انسانی ایندھن فراہم کرنے والا ایک خاموش کارخانہ تھی۔

نوجوانوں نے کئی ہفتے تک اس عمارت کی نگرانی کی۔ وہ دن رات اس کے آس پاس گھومتے، پولیس کے گشت کے اوقات نوٹ کرتے، دیکھتے کہ کون سی روشنیاں رات بھر جلتی رہتی ہیں اور کون سے دروازوں پر کس قسم کے تالے لگے ہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے بازار سے وہی تالے خرید کر گھر میں ان پر مشق شروع کر دی۔

یہ کوئی عام ڈکیتی نہیں تھی بلکہ ایک ”روحانی مشق“ (Discernment) تھی جس میں اخلاقی نتائج پر طویل بحثیں کی گئیں۔ چھاپے کی تیاری کے لیے مو کونسیڈائن نے مہینوں تک کروشیا کی سوئیوں، بُنائی کے کانٹوں اور فونڈو فورکس سے تالے کھولنے کی مشق کی۔ چونکہ فائلیں جلانا عمارت کے لیے خطرناک ہو سکتا تھا، اس لیے انہوں نے ایک انوکھا طریقہ نکالا: ’رِٹ ڈائی‘ (کپڑے کا رنگ) اور بچوں کے نہانے والا ایک پلاسٹک کا ٹب۔۔ منصوبہ یہ تھا کہ فائلیں اس رنگین پانی میں ڈبو دی جائیں تاکہ ان میں موجود فہرستوں پر لکھے نام پڑھنے کے قابل ہی نہ رہیں۔۔ اور موت کی قرعہ اندازی میں ان کا قرعہ ہی نہ نکلے۔

ان کا منصوبہ بظاہر سادہ تھا لیکن اس میں خطرہ بہت تھا۔ منصوبہ یہ تھا کہ وہ دن کے وقت عمارت میں داخل ہوں گے اور اوپر کی اٹاری میں چھپ جائیں گے۔ رات کے وقت جب عمارت تقریباً خالی ہو جائے گی تو وہ نیچے آ کر تالے کھولیں گے، فائلیں نکالیں گے اور یا تو انہیں اپنے ساتھ لے جائیں گے یا انہیں اس طرح تباہ کر دیں گے کہ وہ دوبارہ استعمال کے قابل نہ رہیں۔

20 اگست 1971 کی صبح، مائیک ہکی نے ایک پرانا کوٹ پہنا جس میں برش اور اپنی گرل فرینڈ کی تصویر چھپائی، اور مو کونسیڈائن کے ساتھ اولڈ پوسٹ آفس میں داخل ہو گیا۔ انہوں نے رجسٹر پر ’کے مارکس‘ (K. Marx) کے نام سے دستخط کیے اور چپکے سے چھٹی منزل پر موجود ایک گندی اور تپتی ہوئی اٹاری میں چھپ گئے۔ ایک ایک کرکے گروہ کے سارے لوگ وہاں پہنچ چکے تھے۔ وہاں انہوں نے 24 گھنٹے بھوک، پیاس اور گرمی میں گزارے تاکہ ہفتے کی رات، جب عمارت خالی ہو، وہ اپنا کام شروع کر سکیں۔

رات کے اندھیرے میں، جب نیچے ایک پادری (فادر جم مینگ) نے گاڑی کا ہارن بجا کر اشارہ کیا، تو یہ نوجوان اپنے کپڑے اتار کر صرف زیرِ جامہ میں باہر نکلے تاکہ حرکت کرتے ہوئے کپڑوں کی آواز نہ آئے۔ انہوں نے ڈرافٹ بورڈ کی الماریاں کھولیں اور سینکڑوں فائلوں کو تباہ کرنا شروع کر دیا۔ جم گڈ نے ایک فوجی افسر کی میز پر پاؤں رکھ کر اپنے دوست کو فون کیا اور فخر سے اپنی موجودگی کی اطلاع دی۔

ابھی کام جاری ہی تھا کہ اچانک لفٹ کھلی اور ٹینک ٹاپس اور فلپ فلاپس (چپلوں) میں ملبوس ایف بی آئی ایجنٹ نمودار ہوئے۔ دراصل، ایک مخبر نے پہلے ہی بھانڈا پھوڑ دیا تھا۔ بھگدڑ مچ گئی؛ مو، چک، جیرمیا، این اور جم مارٹن گرفتار ہو گئے، لیکن جم گڈ اور مائیک ہکی نے کمال بہادری سے ایک جنگلے کے اوپر سے چھلانگ لگائی اور اس گھومنے والے دروازے کو توڑ کر باہر نکل گئے جس کے پیچ جم نے پہلے ہی ڈھیلے کر رکھے تھے۔ وہ دونوں نیم برہنہ حالت میں اندھیری گلیوں میں دوڑتے رہے یہاں تک کہ کچھ مقامی لڑکوں نے جم کی گھڑی کے عوض انہیں وہاں سے نکالنے میں مدد کی۔

بہرحال اگست 1971 کی اس تپتی ہوئی رات، اس سنگی قلعے کی خاموشی کو کسی گولی نے نہیں، بلکہ چند نوجوانوں کے ضمیر کی دستک نے توڑ دیا تھا۔

ان نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد مقدمہ شروع ہوا جس نے پورے شہر کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ کیس کی سماعت کرنے والے جج جان ٹی کرٹن تھے، جو خود دوسری جنگِ عظیم کے سابق فوجی اور بفیلو کے رہنے والے تھے۔

مقدمہ چلا تو ان پانچوں نے روایتی دفاع کے بجائے سچائی کا راستہ چنا۔ نوجوانوں نے اپنے دفاع میں صرف قانونی نکات نہیں اٹھائے بلکہ جنگ کے اخلاقی جواز پر بحث شروع کر دی۔ انہوں نے ویتنام کے متاثرین اور جنگ سے واپس آنے والے فوجیوں کو گواہی کے لیے بلایا۔ انہوں نے اپنے دفاع کے لیے جج سے عجیب درخواست کی: وہ خود اپنی وکالت کرنا چاہتے تھے۔ مقدمے کا سب سے جذباتی لمحہ وہ تھا جب استغاثہ نے پوچھا کہ ”اٹاری میں اور کون تھا؟“ تو تماشائیوں میں بیٹھے جم گڈ، مائیک ہکی اور کین موڈی نے باری باری کھڑے ہو کر بلند آواز میں کہا: ”میں وہاں تھا!“ اور پھر پورا ہال اس اعتراف سے گونج اٹھا۔ یہ منظر مشہور فلم اسپارٹیکس Spartacus کے اس لمحے کی یاد دلاتا تھا جب غلام ایک ایک کر کے کہتے ہیں: ”میں اسپارٹیکس ہوں۔“

آخرکار جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا اور انہیں کئی سال قید کی سزا ہو سکتی تھی، لیکن جج جان ٹی کرٹن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا: ”کاش مزید لوگ بھی آپ جیسا حوصلہ رکھتے۔“ تو عدالت میں موجود سب لوگ حیران رہ گئے۔ جج نے ایک سال قید کی سزا سنائی، لیکن فوراً اسے معطل کر دیا۔ ان نوجوانوں کو جیل نہیں جانا پڑا۔ عدالت میں موجود لوگ خوشی سے تالیاں بجانے لگے اور باہر نکل کر گانے گانے لگے۔

بعد کے برسوں میں ان میں سے ہر شخص اپنی زندگی کی طرف لوٹ گیا۔ کسی نے کتابوں کی دکان کھولی، کوئی صحافی بن گیا، کوئی نرس بن کر لوگوں کی خدمت کرنے لگا۔ لیکن ان سب کا کہنا ہے کہ بفیلو کی وہ رات ان کی زندگی کا ایسا لمحہ تھی جس نے انہیں ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ جم گڈ بعد میں کہا کرتا تھا کہ وہ جانتے تھے چند فائلیں تباہ کر کے وہ جنگ نہیں روک سکتے، لیکن وہ یہ ضرور دکھانا چاہتے تھے کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو جنگ کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے خطرہ مول لینے کو تیار ہیں۔ امن، اس کے نزدیک، کبھی خاموشی سے نہیں آتا، اس کے لیے ہمیشہ کسی نہ کسی کو آواز اٹھانی پڑتی ہے۔

برسوں بعد، چک ڈارسٹ نے کہا: ”مجھے ان دو سنگین جرائم پر اس ڈگری سے زیادہ فخر ہے، جو مجھے یونیورسٹی سے ملتی۔“

’بفیلو رَیڈرز‘ کی یہ مہم محض ایک چوری نہیں تھی، بلکہ ایک طاقتور پیغام تھا کہ جب ریاست انسانی جانوں کی سودے بازی پر اتر آئے، تو جنگ کے کاغذ کے پرزوں کو تباہ کرنا ایک مقدس فریضہ بن جاتا ہے۔ ان نوجوانوں نے ثابت کیا کہ تاریخ صرف فاتحین نہیں بناتے، بلکہ وہ لوگ بھی بناتے ہیں جو ہارنے کا یقین ہوتے ہوئے بھی سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی جرات کرتے ہیں۔


جب ماضی بول اٹھا: 2025 میں ترکیے میں آثارِ قدیمہ کی حیران کن دریافتیں

آرمینیا کے قدیم ’ڈریگن اسٹونز‘: چھ ہزار سال پرانے آبی فرقے کی یادگاریں

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button