سلیکان و یلی: سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گوگل کروم کے بھیس میں موبائل وائرس آپ کی ڈیوائس کو متاثر اور نجی معلومات چُرا سکتا ہے
تفصیلات کے مطابق سائبر سیکورٹی پر کام کرنے والی کمپنی Padeo کے ماہرین نے ایک نئے مالویئر (کمپیوٹر، سرور، موبائل کو نقصان پہنچانے کی غرض سے بنایا گیا سافٹ ویئر) کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے جو کہ اب تک ہزاروں ڈیوائسز کو نقصان پہنچا چکا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل کے ویب براؤوزر کروم کی شکل میں ایک نئے مالویئر ’اسمیشنگ ٹروجن‘ کی مدد سے موبائل میں موجود آپ کی نجی معلومات(پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ انفارمیشن وغیرہ) چوری ہو جاتی ہیں
محققین کا کہنا ہے کہ اگر ایک بار یہ جعلی کروم ایپ آپ کے موبائل میں انسٹال ہوگئی تو پھر یہ روزانہ آپ کے فون نمبرز سے سینکڑوں نمبرز پر ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیتی ہے
ماہرین نے بتایاکہ یہ مالویئر گوگل کے آفیشنل کروم ایپ کے نام اور آئیکون کو استعمال کرتا ہے۔ تاہم اس کے پیکج، سِگنیچر اور ورژن میں آفیشل ایپ کی طرح کچھ بھی عام نہیں ہے، ’اسمیشنگ ٹروجن‘ کی شدت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ زیادہ تر اینٹی وائرس نقصان دہ ایپلی کیشن کو فلیگ کردیتے ہیں، تاہم یہ جعلی کروم ایپ نئے سگنیچر کے ساتھ ری پیکجڈ ہوسکتی ہے
جعلی کروم ایپ کے مالویئر سے محفوظ رہنے کے لیے سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ حد تک اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کی معلومات کسی انجان ویب لنک پر نہ دیں، کسی بھی ایپلی کیشن کو ہمیشہ گوگل پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے ہی ڈاؤن لوڈ کریں.