بیہہ کے بنے ہوئے لاڑکانہ کے مشہور پکوڑے، جن کا چرچا دوسرے شہروں میں بھی ہوتا ہے

نیوز ڈیسک

صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں کنول کے پودے کی جڑ یعنی بیہہ سے بنے لذیذ پکوڑے بہت مشہور ہیں، حتیٰ کہ ان کا چرچا دوسرے شہروں میں بھی سنائی دیتا ہے

یوں تو کنول کے پھول کی جڑ بیہہ کو بطور سبزی استعمال کیا جاتا ہے اور اسے صوبے کے روایتی اور ثقافتی پکوان کی حیثیت حاصل ہے۔ بیہہ کہلانے والی یہ سبزی صوبے کے دیہی علاقوں میں رغبت اورشوق سے کھائی جاتی ہے

جوہڑ یا تالاب میں اُگنے والے کنول کے پودے کا پھول سفید یا گُلابی ہوتا ہے اور کنول کے مخروطے شکل کے پھل میں موجود دانے مکھانا کہلاتے ہیں ، اس لیے کنول کے پھول کو مکھانا بھی کہا جاتا ہے، جبکہ کنول کی ڈنڈی نما جڑ جس کے اندر سوراخ ہوتے ہیں، اسے سندھی زبان میں بیہہ کے نام سے پکارا جاتا ہے

سندھ میں بیہہ کی سبزی تو پائی ہی جاتی ہے، مگر لاڑکانہ میں بیہہ کے بنے پکوڑوں کے بھی چرچے ہیں۔ لاڑکانہ شہر میں باقرانی روڈ پر واقع اتاترک ٹاور سے متصل ﷲ آباد محلہ بیہہ کے پکوڑوں کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے

اس محلے میں بیہہ کے پکوڑے بنانے کا بیس سالہ تجربہ رکھنے والے روشن علی بھٹی کا کہنا ہے کہ مارکیٹ سے بیہہ لانے کے بعد اسے دھو کر صاف کر کے آلو کے ساتھ ابالا جاتا ہے، پھر انہیں مکس کر کے پکوڑوں کے لیے مصالحہ بنایا جاتا ہے

ان کے بقول اس مصالحے میں ابلے آلو میں زیرہ، اجینو موتو، ہرا دھنیا، مرچی اور بیہہ ڈالی جاتی ہے اور پھر اسے بیسن میں ڈبونے کے بعد تیل میں تل کر تیار کیا جاتا ہے

روشن علی بھٹی کہتے ہیں کہ بیہہ کے پکوڑے نہ صرف لاڑکانہ بلکہ آس پاس کے شہروں جیسا کہ لاڑکانہ ضلع کی ڈوکری شہر اور دیگر اضلاع جیسے دادو تک میں مقبول ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close