اوڑیسا: بھارت میں غمزدہ شوہر اپنی بیوی کی جلتی ہوئی چتا میں کود گیا جس کے نتیجے میں جل کر ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اوڑیسا کے شہر بھوانی پٹنہ کے گاؤں سیلجوڑی میں ساٹھ سالہ خاتون رائے باری کی موت واقع ہوئی اور اس کی آخری رسومات کے موقع پر اس کے پینسٹھ سالہ شوہر نلامانی صابر سے اپنی بیوی کی جدائی برداشت نہ ہوئی تو غمزدہ شوہر بیوی کی جلتی ہوئی چتا میں ہی کود گیا
بھارتی پولیس کے مطابق فوت ہونے والی خاتون کی آخری رسومات کے موقع پر ان کے چار بیٹے اور دیگر رشتہ دار رسم کے طور پر قریب پانی میں غوطہ لگانے گئے تھے، جبکہ خاتون کے شوہر اپنی بیوی کی چتا کے قریب ہی کھڑے تھے، تاہم کسی کو سامنے نہ پاکر وہ اچانک جلتی آگ میں کود گئے اور جل کر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے.
پولیس نے نلامانی صابر کے بیٹوں اور رشتے داروں کے بیانات کے مطابق غیرفطری موت کا کیس درج کرلیا ہے۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے آفیسر کے مطابق بظاہر مذکورہ شخص نے بیوی کی موت کے غم اور جدائی میں یہ قدم اٹھایا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا.
دوسری جانب بھارتی ریاست بھوپال میں ایک نوجوان لڑکی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ساس نے سرعام دہکتے ہوئے کوئلوں پر چلنے کے لیے مجبور کردیا.
بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک وڈیو میں نوجوان لڑکی کو دہکتے ہوئے کوئلوں پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے
یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کا ہے جہاں چند روز قبل مذکورہ لڑکی کو سسرال والوں نے اپنی سچائی ثابت کرنے کے لیے ‘اگنی پرکشا’ کے لیے مجبور کیا.
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ نوجوان لڑکی سے اس کا شوہر بے پناہ محبت کرتا ہے جس پر لڑکے کی والدہ نے اپنی بہو پر الزام لگایا کہ اس نے کالا جادو کر کے میرے بیٹے کو مجھ سے دور کر دیا ہے
نوجوان لڑکی اپنی ساس کے روز روز کے الزامات سے تنگ آکر مقامی افراد پر مشتمل پنچایت کے پاس چلی گئی تھی، جنہوں نے لڑکی سے ہندوؤں کی مقدس کتاب پر کالا جادو نہ کرنے کا حلف اٹھوایا
لڑکی کی ساس نے مقدس کتاب پر قسم کھانے کی گواہی بھی قبول نہیں کی اور کہا کہ میں اسی وقت یقین کروں گی جب وہ ‘اگنی پرکشا’ دے گی یعنی انگاروں پر چلے گی
جس کے بعد مجبور ہو کر تمام رشتے داروں اور اہل محلہ کے سامنے اور پنچایت کی زیر نگرانی لڑکی نے دہکتے ہوئے کوئلوں پر چل کر دکھا دیا.