راولپنڈی : پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اٹھارہ سال بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کر دی گئی ہے
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز ڈھائی بجے ہونا تھا، مگر دو بجے ٹاس کے وقت دونوں ٹیمیں گراؤنڈ میں نہیں پہنچی تھیں، جس کے بعد میچ کے انعقاد پر شکوک شبہات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے
ٹاس کی تاخیر پر جب انتظامیہ سے سوال کیا گیا تو پہلے ان کی طرف سے یہی معلومات دی گئیں کہ کچھ کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، مگر بعد میں سکیورٹی صورت حال کو وجہ قرار دیا گیا
گراؤنڈ میں میڈیا براڈکاسٹرز نے اپنا سامان بند کر دیا اور جو چند شائقین سٹیڈیم میں داخل ہو پائے تھے وہ بھی منسوخی کی خبر کے بعد سٹیڈیم سے باہر نکل گئے
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا تھا کہ انہیں سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے
پی سی بی کا موقف ہے کہ ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی۔ وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سکیورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ٹویٹر پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اس سیریز کو شیڈول کے مطابق منعقد کرانا چاہتا ہے اور اس کی اچانک منسوخی سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کو مایوسی ہوئی ہے
واضح رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا.