گھی کو آگ، بجلی کا جھٹکا اور پٹرول بم، عوام کا احساس رکھنے والی حکومت کا تحفہ!

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا

مہنگائی پر قابو پانے کے تمام تر حکومتی کے برعکس یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا گیا ہے اور مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جب کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا

یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور 10 لیٹر کین میں 1090 روپے کا ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا دس لیٹر کا کین 2500 روپے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا ہے

اسی طرح میزان گھی کے دس لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے  بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360 روپے مقرر کی گئی ہے

یوٹیلیٹی اسٹورز پر پانچ لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد من پسند پانچ لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ہے

جب کہ حکومت نے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم بھی گرا دیا ہے  اور بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے

وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔  بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی

ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے، نیپرا نے سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، نیا سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا

گھی کو آگ لگانے اور بجلی کا جھٹکا دینے  پر ہی بس نہیں کی گئی، اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لٹر تک اضافے کی سفارش کرتے ہوئے پٹرول بم گرانے کی بھی تیاری کر رہی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ اوگرا نے وزارت خزانہ کو سمری ارسال کی ہے جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے تک اضافے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں

اوگرا کی جانب سے ارسال کردہ سمری میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 90 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 10 روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے، نئی قیمتوں کا اطلاق وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کردیا جائے

ادہر وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.20 فیصد کا اضافہ ہوگیا اور مہنگائی کی مجموعی شرح 12.66 فیصد تک پہنچ گئی

ادارہ شماریات کے مطابق کم آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 14.12 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ایک ہفتے میں 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 43 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، برانڈڈ گھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 6 روپے 90 پیسے مہنگا ہوا، برانڈڈ گھی فی کلو 2 روپے 99 پیسے مہنگا ہوا جبکہ لہسن، چاول، مٹن، آلو، گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 10 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ ایک ہفتے میں چینی 6 روپے 72 پیسے سستی ہوئی، زندہ مرغی فی کلو 4 روپے اور انڈے فی درجن 6 روپے تک سستے ہوئے، آٹے کا 20 کلو تھیلا 11 روپے سستا ہوا، دال ماش، دال مونگ، دال مسور اور کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close