لندن : برطانیہ میں حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ امیز چاقو بردار شخص کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد علاج کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں بیلفیئرز میتھوڈسٹ کے ایک چرچ میں حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی ڈیوڈ امیز کو ایک حملہ آور نے تیز دھار چاقو کے پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا
انہتر سالہ برطانوی رکن پارلیمنٹ کو شدید زخمی ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج انہوں نے دم توڑ دیا. ڈیوڈ امیز اپنے حلقے کے ووٹرز سے رابطہ مہم کے سلسلے میں چرچ پہنچے تھے
ڈیوڈ امیز کے ساتھی رکن پارلیمنٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کے دو گھنٹے بعد تاخیر سے اسپتال منتقلی ہلاکت کا باعث بنی
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک چاقو ملا تھا، جب کہ عینی شاہدین کی مدد سے پچیس سالہ حملہ آور کو تعاقب کے بعد حراست میں لے لیا گیا، تاہم ابھی ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی.