پاکستان میں پندرہ لاکھ بچوں کو مفت پڑھانے والی آن لائن اکیڈمی

نیوز ڈیسک

’نون اکیڈمی‘ کے نام سے سعودی عرب سے شروع ہونے والی بین الاقوامی آن لائن اکیڈمی پاکستان بھر میں خصوصاً یہاں کے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انقلاب کا ذریعہ بن رہی ہے

پاکستان میں نون اکیڈمی کا آغاز گذشتہ برس کیا گیا تھا اور رواں ماہ تک پندرہ لاکھ پاکستانی طلبہ اس آن لائن اکیڈمی کے ذریعے نہ صرف مفت اور معیاری تعلیم بلکہ بہتر نتائج بھی حاصل کر رہے ہیں

بنیادی طور پر یہ ایک سوشل لرننگ پلیٹ فارم ہے، جو سعودی عرب سے ٹیسٹ بیسڈ ویب سائٹ کے طور پر شروع کیا گیا، تاہم بہترین نتائج کی وجہ سے یہ آہستہ آہستہ دنیا بھر میں پھیل گیا اور اب آٹھ ممالک کے بارہ ملین طلبہ اس سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں

نون اکیڈمی پاکستان کے اکیڈمک ہیڈ نیشنل بورڈ، سعد سلمان سلہری کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ہم نے فیسبک اور یوٹیوب کے ذریعے اپنا مفت اور معیاری تعلیم کا پیغام طلبہ تک پہنچایا۔ کچھ بچوں نے جب کلاسز لینا شروع کیں تو انہیں اس سے فائدہ ہوا، جس کے بعد انہوں نے اپنے دوستوں کو بتایا کہ ہم یہاں سے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں

سعد سلمان نے بتایا کہ جس گروہ کو میں نے پڑھایا اس میں ایک لاکھ سے زیادہ بچے تھے۔ بچوں کے پاس یہ سہولت بھی ہوتی ہے کہ وہ لائیو لیکچر کے بعد ریکارڈنگ دیکھ سکیں۔ ایسے بچے دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔ کئی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اپنے اسکولوں میں استاد دیکھا ہی نہیں۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمیں یہاں پر استاد سے بات کرنے کا موقع مل رہا ہے

نون اکیڈمی پاکستان کی ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے باوجود اس ادارے نے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کو آن بورڈ لے رکھا ہے۔ اس کا اندازہ  اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ادارے کے اکیڈمک ہیڈ کیمبرج اسٹریم ہارون طارق نے سات ورلڈ ریکارڈز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے او اور اے لیولز میں کل ملا کر 87 اے گریڈز حاصل کرکے ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا

ہارون طارق کا کہنا ہے کہ 2013ع میں جب میں نے اپنا اے لیول مکمل کیا، تو مجھے آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف میلبورن میں مکمل سکالرشپ ملی۔ وہاں پر میں نے کمپیوٹر سائنس پڑھی اور 2017ع میں پاکستان واپس آیا۔ مجھے شروع سے ہی ٹیچنگ کا شوق تھا، 2020ع میں جب نون اکیڈمی پاکستان آئی تو ان کا اور میرا پیغام ملتا جلتا تھا کہ معیاری اور مفت تعلیم مہیا کی جائے، لیکن ہاں جن بچوں کو زیادہ توجہ چاہیے تو وہ معاوضہ ادا کریں

صوبہ بلوچستان کے علاقے سوئی سے تعلق رکھنے والے نون اکیڈمی کے طالب علم سیف اللہ بگٹی بتاتے ہیں کہ میں ایک ایسے ضلع سے تعلق رکھتا ہوں جہاں تعلیم کا کوئی نظام موجود نہیں، میں نے نون ایپ انسٹال کی جس کے ذریعے مجھے پاکستان کے بہترین اساتذہ سے پڑھنے کا موقع ملا۔ نون اکیڈمی کی بدولت میں نے ایف ایس سی میں بہت اچھے نمبرز لیے ہیں اور ایم ڈی کیٹ کی تیاری بھی مفت میں نون اکیڈمی سے ہی کی ہے

طلبہ learnatnoon.com پر جا کر اسٹوڈنٹ اکاؤنٹ بناسکتے ہیں اور مضامین کے حساب سے اساتذہ کے گروپ جوائن کر سکتے ہیں۔ نون پاکستان کی ایپ کے ذریعے بھی آئی فون اور اینڈرائڈ استعمال کرنے والے افراد اس سے مستفید ہو سکتے ہیں

اس آن لائن لرننگ پلیٹ فارم پر بچوں کے لیے کوئز وغیرہ بھی کروائے جاتے ہیں اور انہیں ایسے انعامات بھی دیے جاتے ہیں، جو آگے چل کر تعلیم حاصل کرنے میں طلبہ کے لیے  مددگار ثابت ہو سکیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close