اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے
الیکشن کمیشن نے کہا کہ وفاقی اور دو صوبائی حکومتیں آئینی ذمے داریاں پوری کرنے میں ناکام رہیں
الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سندھ ، بلوچستان حکومتوں اور وزارت داخلہ کے ساتھ متعدد میٹنگز ، مراسلات اور کیسوں کی سماعت کی، مگر مذکورہ بالا اتھارٹیز الیکشن کمیشن کو ضروری قانون سازی، دیگر دستاویزات و ڈیٹا مہیا کرنے میں ناکام رہیں
الیکشن کمیشن کے مطابق اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013، اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور ان کے رولز کے تحت جو کونسلیں / ٹیر(Tier) مقرر کئے گئے تھے، ان کے مطابق حلقہ بندی اور لوکل گورنمنٹس الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے
اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے حوالے سے تین نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں جن کے تحت بلوچستان میں حلقہ بندی کے کام کا آغاز 6 دسمبر 2021 سے شروع کیا جائے گا. جس کی تکمیل 28 فروری 2021 کو ہوگی
اسلام آباد فیڈرل کیپٹل میں حلقہ بندی کا آغاز 25 نومبر 2021 سے شروع ہو کر 3 فروری 2021کو اختتام پذیر ہوگا
جبکہ سندھ میں اس کام کا آغاز یکم دسمبر 2021 سے شروع ہونے کے بعد 23 فروری 2022 کو مکمل کیا جائے گا
حلقہ بندی کے کام کی تکمیل کے فوراً بعد الیکشن کمیشن سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد فیڈرل کیپٹل کے لوکل گورنمنٹس الیکشن کا شیڈول جاری کرے گا.