کراچی _ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع وسطی میں ایک بار پھر مسلح ملزمان نے باآسانی کیش وین لوٹ لی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو سیکیورٹی گارڈز کو زخمی کردیا
مسلح ملزمان نے محض آٹھ سیکنڈ میں واردات مکمل کی اور آناً فاناً فرار ہو گئے ، پولیس حکام کے مطابق کیش وین تقریبا تین کروڑ تیس لاکھ روپے کی رقم بینک میں جمع کرانے پہنچی تھی، جس میں سے مسلح ملزمان تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے ہیں
جمعے کی شب نارتھ ناظم آباد تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی واقع نجی بینک میں ایس او ایس نامی پرائیوٹ سیکورٹی کمپنی کے گارڈز رقم جمع کرانے پہنچے، تو اس دوران موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے دو سیکورٹی گارڈز کو گولیاں مارکر رقم سے بھرا ایک تھیلا چھین لیااور فرار ہوگئے
ملزمان نے یہ ڈکیتی یوں پلک جھپکتے کی کہ سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کرنے تک کی مہلت نہیں مل سکی۔ ملزمان نے محض آٹھ سیکنڈ میں یہ واردات مکمل کی اور فرار ہوگئے
واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے گارڈز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں ان کی شناخت پینتالیس سالہ حسن علی اور تینتالیس سالہ سبیل شاہ کے نام سے کی گئی
اس حوالے سے ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد ظفر حسین نے بتایا کہ کیشن وین میں مجموعی طور پر تین تھیلوں میں تین کروڑ تیس لاکھ روپے کی رقم موجود تھی اور مسلح ملزمان رقم سے بھرا ایک تھیلا چھین کر فرار ہوئے جس میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود تھی
ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران کیش وین کے سیکیورٹی گارڈز کی غفلت و لاپروائی سامنے آئی ہے، نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں واقع بینک کےعقب میں ایک کمپاؤنڈ بنا ہوا ہے اور عام طور پر جب بھی کوئی کیش وین رقم جمع کرانے آتی ہے تو وہ کمپاؤنڈ میں چلی جاتی ہے اور کمپاؤنڈ کے دروازے بند کرکے رقم منتقل کی جاتی ہے. لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور ایس او پی کی دوسری خلاف ورزی کیش وین بینک کے سامنے کھڑی کرنا تھی
وین میں سوار سیکیورٹی گارڈز کو ڈیلیوری سے پہلے وین سے اتر کر پوزیشن سنبھالنا چاہئے تھی، لیکن سیکیورٹی گارڈز کیش وین میں ہی بیٹھے رہے اور ڈیلیوری کرنے والے سیکیورٹی گارڈز وین سے اترے اور سیکیورٹی گارڈ رقم سے بھرا تھیلا بینک میں لے جانے لگا تو اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے اور کیش وین کے ساتھ رقم سے بھرے تھیلے کے ساتھ کھڑے ہوئے دوسرے سیکیورٹی گارڈ پر گولیاں برسا دیں، جس کے باعث گارڈ زخمی ہو کرگر پڑا. جبکہ مسلح ملزمان نے بینک جانے والے گارڈ پر بھی گولیاں چلائیں اور آناً فاناً فرار ہو گئے
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جائے وقوع سے تیس بور پستول کے دو خول اور دیگر شواہد اکٹھا کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے
دوسری جانب واردات کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق شام چھ بج کر اٹھاون منٹ پر ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکو عین اس وقت کیش وین کے سامنے رکے، جب ایک گارڈ رقم کا تھیلہ لے کر بینک جارہا تھا، جبکہ دوسرا گارڈ رقم کا ایک اور تھیلہ لے کر وین کے ساتھ کھڑا تھا
ایک ڈاکو نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، موٹر سائیکل سے اترتے ہی پہلے کیش وین کے ساتھ کھڑے گارڈ کو گولی ماری اور پھر دوسرے گارڈ کو نشانہ بنایا۔ آناً فاناً ڈکیتی کی اس واردات میں فائرنگ کرنے والا ڈاکو رقم کا ایک تھیلہ لے کر موٹر سائیکل پر بیٹھا اور دونوں باآسانی فرار ہوگئے
ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم کے مطابق پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزمان ایک کروڑ اَسی لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے ہیں، لیکن ایس او ایس سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ کنفرم نہیں کررہے ہیں ۔ اس حوالے سے مزید جانچ کا عمل جاری ہے
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بفرزون میں بھی ملزمان کیش وین لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان نے دن دہاڑے دو سکیورٹی گارڈ کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا اور رقم لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ تاحال انویسٹیگیشن پولیس ان ملزمان کو بھی گرفتار نہیں کرسکی ہے.