گوگل کو شکست دے کر پہلے نمبر پر آنے والا ٹک ٹاک دو بڑے فیچر لانے کے لیے تیار

ویب ڈیسک

بیجنگ – گذشتہ دنوں ٹک ٹاک نے گوگل کو شکست دے کر دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ کا تاج اپنے سر پر سجا لیا، اب ایک اور دلچسپ خبر یہ آئی ہے کہ ٹک ٹاک نے بھی ری ٹویٹ کی طرح ’ری پوسٹ‘ کے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے

اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کلپس کو مزید پھیلانا چاہتا ہے تاکہ فالوورز کے لیے بہتر مواد پیش کیا جاسکے

جب کہ ٹک ٹاک مقبول کھانوں کے لیے ’ٹک ٹاک کچن‘ نامی ایپ بھی جلد متعارف کرائے گا

واضح رہے کہ ٹک ٹاک ایک چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے، جہاں صارفین مختصر وڈیوز کی شکل میں ہر طرح کا مواد تخلیق کرکے دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں، اس پلیٹ فارم نے اب گوگل کو شکست دے کر دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ کا تاج اپنے سر پر سجا لیا ہے

ٹک ٹاک کے مقبول ترین ہونے کا انکشاف ’کلاؤڈ فلیئر بلاگ‘ پر ایک حالیہ پوسٹ میں کیا گیا ہے

مذکورہ پوسٹ کے مطابق، 2020 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹس میں ٹک ٹاک اوسطاً ساتویں نمبر پر رہی، لیکن موجودہ سال میں اس کی مقبولیت بہت تیزی سے بڑھتی رہی، یہاں تک کہ نومبر 2021 کے اختتام تک یہ گوگل کو واضح شکست دے کر دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ بھی بن گئی

اس سے پہلے ستمبر 2021 میں ’والارُو میڈیا‘ پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک نہ صرف دنیا بھر میں، بلکہ امریکا میں بھی تیزی سے مقبول ہونے والی سوشل میڈیا ایپ بن چکی ہے جسے ہر عمر کے لوگ استعمال کر رہے ہیں

بتاتے چلیں کہ چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ نے 2018 میں ’میوزکلی‘ ایپ خریدلی اور اسے اپنے مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ڈوئیان‘ کے ساتھ ضم کرکے ’ٹک ٹاک‘ ایپ لانچ کردی، جس نے صرف ایک سال میں مقبولیت کے نئے رکارڈ قائم کر دیئے

اس وقت نہ صرف انفرادی صارفین بلکہ عالمی ادارہ صحت جیسے بڑے اور بین الاقوامی اداروں تک نے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹس بنائے ہوئے ہیں

ویب سائٹ ’گزموڈو‘ کے مطابق، انٹرنیٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کوئی چینی ویب سائٹ، دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی قرار دی گئی ہے

دوسری جانب ری پوسٹ کرنے کے فیچر کے حوالے سے ایک صارف نے ری پوسٹ بٹن کا اسکرین شاٹ بھی پیش کیا ہے، جو دیگر کئی صارفین کو بھی دکھائی دیا ہے۔ اس میں آپ چاہیں تو ایک شخص یا تمام فالوورز تک اسے ری پوسٹ کرسکیں گے۔ اس طرح آپ کے رابطے کے لوگ آپ کا شیئرکردہ کلپ دیکھ سکتے ہیں۔ فیسبک کی طرح آپ اس میں اپنی رائے بھی لکھ سکتے ہیں

اگرچہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ری پوسٹ کے اس آپشن سے مطمئن نہیں اور اس کے منفی اثرات کو محسوس کرچکے ہیں، لیکن عین اسی تناظر میں ٹک ٹاک اس آپشن کو استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے بالخصوص کورونا وبا میں غلط فہمیاں اسی سے پروان چڑھی ہیں۔ ٹک ٹاک اس فیچر کے ذریعے وڈیو کو مزید پھیلانے کا خواہشمند ہے

ٹک ٹاک نے اس کے لیے تمام افراد کے علاوہ ایک یا کئی دوستوں کو ری پوسٹ کا آپشن منتخب کیا ہے، کیونکہ لوگ ایک دوسرے سے واقف ہوتے ہیں اور ویڈیو پر تبصرہ کرسکتے ہیں

علاوه ازیں ٹک ٹاک ایک ایسی سروس بھی متعارف کروانے جا رہا ہے، جس کے تحت صارفین وہ کھانے ڈیلیور کروا سکیں گے، جن کی وڈیوز ٹک ٹاک پر مقبول ہوتی ہیں

عرب نیوز کے مطابق ٹک ٹاک کھانوں کی ایپ ’ورچوئل ڈائننگ کانسیپٹس‘ اور ’گرب ہب‘ کے ساتھ اشراک کرنے جا رہا ہے

ٹک ٹاک کچن نام کی یہ سروس امریکہ بھر میں کھانے ڈیلیور کرے گی

بلوم برگ کے مطابق ٹک ٹاک کچن کا مینیو اس ایپ کی مقبول ڈشز پر مبنی ہوگا، جن میں فیٹا پاستا بھی شامل ہے، جس کو گوگل نے 2021 کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ڈش قرار دیا تھا

ابتدائی طور پر مینیو میں پاستا چپس، سمیش برگرز اور کارن ربز ہوں گے

ورچوئل ڈائننگ کانسیپٹس کے شریک بانی نے بلوم برگ کو بتایا کہ یہ مینیو ہر تین ماہ میں تبدیل کیا جائے گا اور ابتدائی منصوبوں کے مطابق اس میں وہ ڈشز شامل کی جائیں گی جو ٹک ٹاک پر وائرل ہوتی ہیں

ایک بیان میں ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ کمائے گئے منافع میں سے کچھ رقم ان افراد کو دی جائے گی، جن کے کھانوں کی وڈیوز ٹک ٹاک پر مقبول ہوتی ہیں۔ تاہم اب تک یہ بات واضح نہیں کہ منافع کا کتنا فیصد حصہ انہیں ملے گا

ٹک ٹاک کا ارادہ ہے کہ ٹک ٹاک کچن کو تین سو مقامات پر لانچ کیا جائے جو مارچ میں ڈشز کی ڈیلیوری کا آغاز کریں گے

سال 2022 کے آخر تک ٹک ٹاک ایک ہزار سے زائد ریستوران بھی کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے

واضح رہے کہ ٹک ٹاک کا کہنا ہے رواں برس رمضان میں کئی خواتین نے یہ ایپ کھانوں کی ترکیب کے لیے استعمال کی تھی، رمضان کے دوران ’کوکنگ‘ ٹک ٹاک کی ٹاپ کیٹیگریز میں تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close