کراچی میں گرین لائن بس چل پڑی، پہلے دن ہی پھڈا!

نیوز ڈیسک

کراچی – تقریباً چالیس سال کی تاخیر کے بعد کراچی میں پہلا ماس ٹرانزٹ سسٹم فعال ہو گیا، گرین لائن بس سروس کا محدود اور آزمائشی آغاز کر دیا گیا

وفاقی حکومت کے زیر انتظام گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے تحت نئی جدید ہائبرڈ بسیں سرجانی ٹاؤن تا نمائش چورنگی اکیس کلومیٹر آپریشنل ہوگئیں اور کراچی کے شہریوں کو بھی پہلے ماس ٹرانزٹ سسٹم کی سہولیات میسر آ گئی

گرین لائن بس سروس کا محدود اور آزمائشی آغاز کردیا گیا، پہلی بس عبداللہ چوک سے روانہ ہوگئی، آخری اسٹاپ نمائش ہے، گرین لائن بس سروس کے اکیس اسٹاپس میں سے گیارہ اسٹاپس پر سہولت میسر ہوگی

بسیں صرف صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چلائی جائیں گی، آزمائشی بنیادوں پر بسوں کی تعداد بھی محدود کرکے پچیس کردی گئی، منصوبہ 10جنوری سے مکمل طور پر 80 بسوں کے ساتھ آپریشنل ہوگا

منصوبے کو سرجانی تا ٹاور کے بجائے نمائش تک محدود کردیا گیا، ٹاور تک ٹریک کی تعمیر کے لیے 6 ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

ٹکٹ کی ادائیگی چارج ایبل پلاسٹک کارڈز سمیت نقد بھی کی جاسکے گی، چارج ایبل پلاسٹک کارڈز کے ذریعے ایک سے زائد مرتبہ استعمال ہونے والا ٹکٹ لیا جاسکے گا، پہلی مرتبہ کارڈ بنانے کی لاگت ایک سو روپے ہوگی اور اس میں بیلنس لوڈ کرایا جاسکے گا، کم سے کم کرایہ پندرہ روپے ہوگا، جبکہ پورے ٹریک پر سفر کے لیے ٹکٹ پچپن روپے ہے

آج گرین بس سروس کا پہلا دن تھا، تاہم کراچی میں ٹرانسپورٹ کی روایت کے مطابق پہلے دن ہی اس کا آغاز پھڈے سے ہوا

سرجانی ٹاؤن عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی، دوسری جانب گرین لائن بس کے کرائے کے معاملے پر ایک شہری مشتعل ہو گیا اور شور مچا دیا

گرین بس سے ناظم آباد جانے والا شہری کرائے کا سن کر مشتعل ہو گیا، جس کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاؤن سے ناظم آباد جانے کے لیے پچپن روپے کرایہ مانگ رہے ہیں

مشتعل شہری نے کہا کہ اس سے کم میں تو چنگ چی پر کرایہ لگتا ہے، یہ سب مل کر لوٹ رہے ہیں

گرین لائن سروس کی بسیں سرجانی ٹرمینل سے نکلنا شروع ہوئیں تاہم پہلا اسٹیشن لوگوں کے لیے تاخیر سے کھولا گیا، اسٹیشن کے باہر شہری بس کے لیے گیٹ کھلنے کے منتظر رہے

بزرگ شہری نے شکایت کی کہ کافی دیر سے کھڑے ہیں، بس اسٹیشن کے گیٹ بند ہیں، بس لیٹ آنی تھی تو اطلاع کے لیے کوئی بینر یا نوٹس لگا دیتے

پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر کے بعد سرجانی ٹاؤن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی

واضح رہے گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح 10 دسمبر کو وزیرِ اعظم عمران خان نے کیا تھا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close