بینظیر بھٹو کی برسی چھوڑ کر زرداری کی اسلام آباد آمد کی وجہ کیا ہے؟

نیوز ڈیسک

اسلام آباد –  ایک ایسے موقع پر جب آج (پیر) بینظیر بھٹو کی چودہویں برسی کی تعزیتی تقاریب منائی جارہی ہیں ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی اسلام آباد آمد کو خاصا معنی خیز اور اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ وہ اپنی شریک حیات کی برسی کے موقعہ پر ہونے والے اجتماع میں بھی شرکت نہیں کریں گے اور اسلام آباد میں ہی کچھ دن قیام کریں گے

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بینظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے ایک تعزیتی پیغام جاری کر دیا ہے

جبکہ لاڑکانہ میں جب سید مراد علی شاہ سے برسی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی عدم شرکت کے بارے میں پوچھے گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کے یومِ وفات کی مناسبت سے ہونے والے جلسے میں شرکت کریں

ادہر آصف علی زرداری نے گذشتہ رات اسلام آباد میں کچھ شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی شامل ہیں

گوکہ جے یو آئی کے ذرائع اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کر رہے، لیکن گزشتہ دنوں زرداری کے ایک ’ایلچی‘ نے کراچی میں فضل الرحمٰن سے ایک تقریب میں شرکت کے دوران ملاقات کی تھی اور دونوں شخصیات کی ملاقات کے لئے وقت اور مقام کا تعین بھی کیا گیا تھا

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے گزشتہ کچھ دنوں سے ملکی سیاست میں تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر بعض اہم فیصلوں کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، جن میں بالخصوص نواز شریف کی وطن واپسی اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ڈیل کی خبریں شامل ہیں

ان حالات میں آصف علی زرداری خاصے فعال ہیں، حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بلاول کی سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں اور کافی دنوں سے بلاول سیاسی منظر سے اوجھل ہیں

آصف زرداری کی اچانک اسلام آباد آمد کو قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے تناظر میں بھی دیکھا جارہا ہے

قبل ازیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 2013ع کے بعد مسلسل پارلیمنٹ کے اختیار پر حملے ہو رہے ہیں اور اس کی عزت اور وقار کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، جس کی پیپلز پارٹی مزاحمت کر رہی ہے

انہوں نے کہا کہ ملک کی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور بینظیر بھٹو شہید کی قربانی رائیگاں نہیں ہونے دیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close