اسلام آباد – نو آموز مشترکہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے سے یو ٹرن لے لیا ہے جبکہ نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا فیصلہ کیا ہے
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے بیان پر واضح کیا ہے کہ ”سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے“
یاد رہے کہ وفاق میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے بارے میں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں بطور وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں اعلان کیا تھا
وزیراعظم شہباز شریف نے کم سے کم تنخواہ 25 ہزار، ایک لاکھ سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ اور ساتھ ہی پینشنز میں بھی اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر دو روز بعد ہی یو ٹرن لے لیا گیا ہے
حتیٰ کہ وزیرِ اعظم نے تنخواہوں اور پینشز میں اس اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہی کرنے کی نوید بھی سنائی تھی لیکن 11 اپریل کا یہ اعلان اپریل فول ثابت ہوا
گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کے وزیراعظم شہباز شریف نے تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے ’یوٹرن‘ لے لیا ہے
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس یو ٹرن کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ”کوئی یو ٹرن نہیں لیا جا رہا“
انہوں نے لکھا کہ ”دو ماہ قبل وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا اس لیے ہم اس میں دوبارہ اضافہ نہیں کر رہے“
”ان کی تنخواہوں کے مسئلے پر آئندہ بجٹ میں غور کیا جائے گا“
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ’ہم نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشن میں اضافہ ضرور کر دیا ہے۔ مجھے یقین ہے اس سے سب واضح ہو جائے گا۔‘
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مفتاح اسماعیل کی اسی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ ’پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن u-turn لے لیا گیا۔‘
عثمان بزدار نے بھی ٹوئٹر پر ہی لکھا کہ ’پچھلے سال پی ٹی آئی حکومت نے تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، جس میں دس فیصد بنیادی تنخواہ میں اضافے کےساتھ 25 فیصد ڈسپیریٹی/اسپیشل الاؤنس شامل تھا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس سال وفاق میں مزید 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن اور 15 فیصد کا اعلان ہوچکا تھا۔‘
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا فیصلہ کر لیا گیا
اگلے کچھ دنوں میں لندن میں جلا وطن رہنماؤں کے پاسپورٹس کی تجدید کر دی جائے گی۔ نواز شریف اور اسحاق ڈار کو نئے پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کا عملہ احکامات پر فوری عمل درآمد کرے گا
ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف کو سفارتی جب کہ اسحاق ڈار کو نارمل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا
واضح رہے کہ منگل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کے دوران سوالوں کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی ہے، دونوں پاکستانی شہری ہیں اور پاسپورٹ کا حصول ان کا بنیادی حق ہے
انہوں نے کہا ”وہ علاج کے لیے بیرون ملک ہیں۔ ان کے پاسپورٹ کی تجدید ان کا حق ہے جسے روکنا زیادتی تھی“
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ”جب بھی نواز شریف کو ڈاکٹرز سفر کی اجازت دیں گے، وہ پاکستان آ جائیں گے“