نوجوان شہزاد اعوان کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ سے ہے، وہ سائیکل پر ملک بھر کا سفر کرتے ہیں
شہزاد کا مقصد ماحولیات کی بہتری کے ساتھ ساتھ اس بات کو اجاگر کرنا ہے کہ ہمارا ملک بالکل محفوظ ہے اور یہاں سیاحت کو کوئی خطرہ ہے
حال ہی میں وہ اپنی سائیکل پر لاہور سے آزاد کشمیر پہنچے
شہزاد اعوان کا کہنا ہے ”جب میں نے اپنے ملک کی خوبصورتی اور امن دنیا کو دکھانے کا پروگرام بنایا تو میرے ذہن میں ایک خیال آیا کہ مجھے یہ سفر سائیکل پر کرنا چاہیے“
اپنے مقصد کے حوالے سے انہوں نے بتایا ”سائیکل پر سفر کرنے کا مقصد یہ تھا کہ میں اپنے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں کے کام کی جگہ قریب ہے تو وہ سائیکل کا استعمال کریں۔ اس سے ماحول آلودہ نہیں ہوگا، آپ کی ورزش بھی ہوگی اور آپ صحت مند بھی رہیں گے“
شہزاد بتاتے ہیں ”کشمیر میں داخل ہوتے ہی کوہالہ پل پر ٹورازم پولیس نے میرا استقبال کیا اور مجھے پروٹوکول میں مظفرآباد لائے۔ اسی طرح جب ضلع نیلم میں داخل ہوا تو ٹورازم پولیس نے میرا استقبال کیا اور 10 دن ٹورازم پولیس کے جوان یا تو میرے ساتھ رہے یا پھر رابطے میں رہے اور میری مدد کرتے رہے“
ان کا کہنا ہے ”کَیل میں ایک جگہ میری سائیکل خراب ہوئی تو ٹورازم پولیس نے مجھے ٹھیک کر کے دی۔ پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پر بھی ٹورازم پولیس ہونی چاہیے جو سیاحوں کی مدد کریں“
انہوں نے بتایا ”پندرہ دن کے سفر کے بعد جب نیلم پہنچا تو محسوس ہوا کہ اگر اللہ پاک نے دنیا میں کہیں جنت بنائی ہے تو وہ نیلم ہے۔ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔ مجھے مہمان بنانے والے اتنے زیادہ ہوتے ہیں کہ میرے لیے فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ میں کس کا مہمان بنوں“
سائیکلسٹ شہزاد اعوان کہتے ہیں ”میں دنیا کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ لوگ نیلم کی سیر کو آئیں اور یہاں کی خوبصورتی اور لوگوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں“
انہوں نے کہا ”نیلم ایک پر امن اور محفوظ علاقہ ہے۔ ایک جگہ میرا بٹوا گم ہو گیا تو دو گھنٹے بعد مجھے واپس مل گیا اور اس میں میری تمام چیزیں محفوظ تھیں۔ میں اپنی سائیکل کو سڑک پر کھڑی کر کے اوپر گاؤں میں جا کر سو جاتا تھا، کبھی میری سائیکل کو نہیں چھیڑا گیا“
شہزاد نے بتایا ”میں نے اپنے ملک کی خوبصورتی دنیا کو دکھانے کے لیے وی لاگ بھی بنانے شروع کیے ہیں۔ لوگ میرے وی لاگ پسند کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں اس سے مجھے آمدنی بھی ہوگی“
بقول شہزاد ”میں دو پیغامات دنیا تک پہنچانے کا اپنا مشن جاری رکھوں گا۔ میرا ملک سیاحت کے لیے محفوظ ہے اور ماحول کو صاف رکھیں“