موسم گرما میں سندھ کا مشہور فرحت بخش مشروب تھادل

ویب ڈیسک

گرمی کے موسم میں جب سورج کا پارہ چڑھتے ہی لُو لگنا شروع ہوتی ہے تو انسان تو انسان جانور، پرندے بھی اپنے اپنے آشیانے میں دبک کر بیٹھ جاتے ہیں۔ صبح سے رات گئے تک یوں لگتا ہے جیسے آدمی کسی آگ کی بھٹّی میں جل رہا ہو۔ سندھ کے دیہاتی علاقوں اور میدانوں میں دور دور تک اگر نگاہ دوڑائیں تو زمین سے آگ کے شعلے نکلتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ درخت، پودے اور گھاس سب سوکھے اور روکھے دکھائی دیتے ہیں

وسطی اور بالائی سندھ سمیت بلوچستان کے جنوب مشرقی علاقوں کا درجہ حرارت موسم گرما میں 50 ڈگری سیلسیئس تک پہنچ جاتا ہے تو گرمی کے موسم کے آغاز سے ان علاقوں کی شاہراہوں کے مختلف مقامات پر رنگ برنگے اسٹال سج جاتے ہیں، جن میں مقامی طور پر تیار کردہ مشروب تھادل فروخت کیا جاتا ہے

تھادل سندھی زبان کے لفظ ’تھد‘ سے ماخوذ ہے، جس کے معنی ’ٹھنڈ‘ کے ہیں، یوں ’تھادل‘ کا مطلب ’ٹھنڈک‘ بنتا ہے۔ سندھ میں عمومی طور پر تھادل کو گرمی کا توڑ سمجھا جاتا ہے

سندھ کے متعدد شہروں میں یہ بڑے پیمانے پر ’پبلک ڈیمانڈ‘ میں ہے۔ اسے بڑے پیمانے پر پسند کئے جانے کا ایک سبب اس کا مزیدار ذائقہ ہے، تو دوسرے اس کی ٹھنڈی تاثیر ہے۔ تھادل کے بارے میں روایت ہے کہ یہ جگر کے مرض میں بہت سُود مند ہے

مختلف مقامات پر جھونپڑیاں ڈال کر سندھ کا مشہور دودھ کی طرح سفید مشروب تھادل فروخت کیا جاتا ہے۔ شہر کے چھوٹے بڑے مقامات، بس اسٹینڈ اور دیگر علاقوں میں تھادل فروخت کرنے والے اپنے اسٹال لگا دیتے ہیں اور ان اسٹالز سے ڈنڈے سے بندھی گھنگھرو کی آواز کے ساتھ تھادل تیار کیا جاتا ہے۔ گرمی بڑھنے پر یہ لوگوں کا پسندیدہ مشروب بن جاتا ہے

تھادل گرمیوں کا مشہور اور دلفریب مشروب ہے جس کے پینے سے نہ صرف ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے بلکہ دن بھر گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔ انتہائی معقول قیمت میں دستیاب تھادل جسے گرمی میں کام کرنے والے بالخصوص غریب لوگ، مسافر اور ٹرانسپورٹر بڑے شوق سے پیتے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق تھادل گرمیوں کے لیے بہت اچھا ریفریشمنٹ ہے اور نقصان دہ کولڈ ڈرنکس کے برعکس یہ صحت کے لیے بہتر ہے۔ مٹی کے کونڈے اور ڈنڈے سے بنائی جانے والی تھادل میں زیرا، الائچی، کالی مرچ، خشخاش، بادام، گلاب کی پتیاں و دیگر ٹھنڈک پہنچانے والی اشیاء ملائی جاتی ہیں۔اس مہنگائی کے دور میں مختلف مفید اشیاء سے بنایا گیا تھادل اب عام طور پر استعمال کیا جانے لگا ہے

تھادل کی مقبولیت اور کثیر استعمال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کسی بھی لنک روڈ، بازاروں یا قومی شاہراہ پر سفر کے دوران ہر ایک کلو میٹر پر تھادل کے ٹھیلے نظر آتے ہیں جو لوگوں کو گرمیوں میں ٹھنڈک پہنچانے کے علاوہ ایک روزگار کا ذریعہ بھی بنے ہوئے ہیں

لاڑکانہ میں ایسے ہی ایک اسٹال کے مالک نصیر بتاتے ہیں ”ہمارے گاؤں کے دیگر افراد اسی پیشے سے منسلک ہیں اور وہ گرمیوں کے دنوں میں اپنے گھر بار چھوڑ کر ملک کے بیشتر علاقوں میں جا کر شاہراہوں پر یہ اسٹالز سجاتے ہیں، جہاں سفر کرتے ہوئے لوگ ان کے تیار کردہ مشروب سے لطف اندوز ہوتے ہیں“

تھادل کو تیار کرنے کے لیے صحت افزا اجزا استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں خسخاس، کالی مرچ، زیرہ، سونف، بادام، اور چار مغز سمیت مختلف جڑی بوٹیاں شامل ہیں

کچھ عرصہ قبل تک ان اجزا کو کوٹنے کا کام سل بٹے پر ہاتھوں سے کیا جاتا تھا ، لیکن سب تمام اجزا کو مشین سے منسلک ایک سراہی نما دیگ میں ڈال لیا جاتا ہے، جب مشین ان تمام اجزا کو پیستی ہے تو یہ دودھیہ رنگت کے پیسٹ کی شکل اختیار کر لیتا ہے، جسے پانی میں ڈال کر، ہلکے سے میٹھے شربت کی مٹھاس دے کر برف سے ٹھنڈا کر کے خریدار کو پیش کیا جاتا ہے

نصیر کے مطابق ایک اسٹال تقریباً چار سے پانچ ماہ کے دوران ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی آمدنی کماتا ہے

اس کاروبار سے منسلک افراد سال کے دیگر مہینوں میں روزگار کے دیگر مواقع تلاش کرتے ہیں، تاہم موسم گرما آتے ہی وہ واپس اپنے اسٹالز والے علاقوں کا رخ کرتے ہیں

تھادل اسٹالز پر رک کر مشروب سے لطف اندوز ہونے والے چند افراد گاڑھی تھادل پینا پسند کرتے ہیں اور اس کے لیے تھادل کے میزے کو ایک کپڑے میں لپیٹ کر تیار کردہ تھادل میں ڈبو کر برائے راست کسٹمر کے گلاس میں نچوڑا جاتا ہے، جس سے پانی میں تھادل کے میزے کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور گلاس گاڑھی تھادل سے بھر جاتا ہے

تھادل اسٹالز مالکان گاہکوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے تھادل کی تیاری میں شامل ہونے والے اجزا کی تصاویر پینافلیکسز پر سجا کر آویزاں کرتے ہیں، جن پر مختلف خوبصورت محاورے اور دلچسپ جملے بھی درج ہوتے ہیں

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہر گزرتے سال گرمی کی شدت میں تو اضافہ ہورہا ہے لیکن تھادل کے سالہا سال پرانے ذائقے میں شاید کسی تبدیلی کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی۔ لوگ اسے ایسے ہی پسند کرتے ہیں جیسا کہ یہ سالوں سے تیار کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close