ایک ایسے وقت میں جب دنیا کی بڑی کمپنیوں کے مابین الیکٹرک گاڑیاں بنانے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، معروف امریکی کار ساز کمپنی فورڈ نے ایندھن سے چلنے والی ایک ایسی سیونتھ جنریشن ’مسٹینگ‘ متعارف کرائی ہے، جس میں دو انجن ہیں
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں قائم کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اب تک کی سب سے بہترین کار ہوگی
فورڈ کی مسٹینگ کار ایک دور میں ’فائٹر جیٹ سے متاثر‘ فیچرز کے ساتھ کئی مشہور گیتوں کی وڈیوز اور لگ بھگ تین ہزار فلموں کے مناظر میں دکھائی گئی تھی
فورڈ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کار کا انٹیریئر اور کارکردگی کے فیچرز اس کو اب تک کی سب سے ’بہترین کار ثابت کریں گے، جو کسی نے چلائی ہو۔‘
اگرچہ دیگر بڑی کمپنیوں کی طرح فورڈ نے بھی حالیہ عرصے میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم پیٹرول سے چلنے والی اپنی مسٹینگ کار کو بنانا بھی جاری رکھا ہوا ہے
فورڈ کمپنی کے سی ای او جم فارلی نے ایک پریس ریلیز میں کہا ’ایک ایسے وقت مسٹینگ کی نیکسٹ جنریشن میں سرمایہ کاری ہمارے لیے اہم ہے، جب ہمارے بہت سے حریف ایندھن سے چلنے والی کاریں بنانے کے کاروبار سے نکل رہے ہیں‘
بیان کے مطابق ’فورڈ اپنی گاڑیوں کے انجن کو ٹربو پر لے کر جا رہا ہے اور مزید بہتر ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی منافع بخش اور مقبول کاروں کو ہائبرڈ بنا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سنہ 2026ع تک فورڈ الیکٹرک گاڑیوں میں پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے۔‘
فورڈ نے گزشتہ اٹھاون برس کی اپنی کار سازی کی تاریخ کی اس جدید ترین کار کے ڈیزائن کو ڈجیٹیل ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے
کار کی چابی گھما کر انجن کے اسٹارٹ ہونے کی گڑگڑاہٹ سننے کے شوقین حضرات کے لیے ایک بٹن لگایا گیا ہے، جس کو دبانے سے کار اسٹارٹ ہوگی۔