’گھر کا پورا راشن نہ خرید سکنے والا پستول کیسے خرید سکتا ہے؟‘

ویب ڈیسک

جمعرات تین نومبر کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم نوید مہر کے ہمسائے ابھی تک اس بات پر حیران ہیں کہ ملزم نوید نے یہ کارروائی کیسے کر ڈالی

علاقہ مکینوں کے مطابق ’ملزم نوید حالات سے تنگ تھا اور تعلیم نہ ہونے کے باعث روزگار کے لیے ادھر ادھر ٹھوکریں کھانے کے بعد ننھیال سے پیسے ادھار لے کر سعودی عرب محنت مزدوری کرنے گیا لیکن کچھ عرصے بعد واپس آگیا۔ اس کا تین مرلے کا مکان، جس میں صرف چھت ڈلی ہے، بجلی کی وائرنگ اور پلستر بھی محروم ہے۔‘

نوید کے پڑوسیوں کے مطابق ’نوید پسند کی شادی کے بعد بھائیوں سے علیحدہ رہتا ہے اور دو بچوں کا باپ ہے۔ ملزم کو کبھی نہ مسجد جاتے دیکھا نہ ہی کسی سیاسی یا مذہبی جماعت کے جلسے میں جاتا دکھائی دیا۔‘

لگ بھگ بائیس تیئیس سالہ نوید کا تعلق وزیر آباد کے قصبہ سوہدرہ سے ہے

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ’نوید کو کسی سے لڑائی جھگڑا تو کیا گالم گلوچ کرتے بھی نہیں دیکھا۔ اس نےاتنا مہنگا پستول خرید کر عمران خان کے کنٹینر پر سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں فائرنگ کیسے کر دی؟‘

اسی حیرانی کا اظہار ملزم نوید احمد کے قریبی ہمسائے چاند اشتیاق بٹ نے بھی کیا

ان کے بقول ’نوید احمد خاموش طبع نوجوان ہے، جسے بچپن سے جانتا ہوں والد اور بڑے بھائی کی وفات کے بعد انہوں نےزندگی کافی غربت میں گزاری۔‘

انہوں نے بتایا ’ملزم کے پاس تیسری جماعت کے بعد تعلم حاصل کرنے کا خرچہ نہیں تھا اور وہ دو سال پہلے سعودی عرب میں بے روزگاری سے تنگ آ کر واپس آگیا تھا، جس کے بعد اس کے پاس کوئی خاص کام نہیں تھا اور اس کا منشیات کے عادی افراد کے ساتھ اٹھنا بیٹھا تھا، تو وہ اتنا بڑا قدم کیسے اٹھا سکتا ہے؟‘

نوید کو کئی سال پہلے جیل کیوں جانا پڑا؟

تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں جمعرات کی شام اللہ والا چوک پہنچتے ہی فائرنگ ہوئی جس میں ایک کارکن ہلاک جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

اس واقعے کے دوران موقعے پر فائرنگ کرنے والے نوید احمد کو پکڑ لیا گیا۔ جس کے بعد حیرت انگیز طور پر تھوڑی ہی دیر میں ان کے وڈیو بیانات میں انہوں نے جرم قبول کرتے ہوئے مذہبی وجوہات پر فائرنگ کر کے عمران خان کو نشانہ بنانے کا بیان بھی دیا

تھانہ سوہدرہ کے ایک پولیس افسر ماجد علی کا کہنا ہے ’نوید احمد کا کوئی خاص کریمنل ریکارڈ نہیں ہے البتہ ان کے خلاف 2011 میں ایک چوری کی ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ اس مقدمے میں نوید احمد نے کباڑ کا کام کرنے کے دوران چوری کا سامان خریدا تھا اور چوروں نے پکڑے جانے پر بتایا تھا کہ انہوں نے سامان نوید احمد کو فروخت کیا لہذا پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور عدالتی حکم پر چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا وہاں سے ملزم کو ضمانت پر رہائی ملی تھی اور یہ مقدمہ ابھی تک چل رہا ہے۔‘

ملزم نوید کی سیاسی وابستگی اور زندگی کے حالات

چاند اشتیاق بٹ کے بقول ’میں بھی تحریک انصاف سے تعلق رکھتا ہوں اور اسی گلی میں رہتا ہوں، جہاں نوید احمد کا گھر ہے۔ نوید تو کیا ان کی پوری فیملی کے بارے میں نہیں کہا جا سکتا کہ وہ کس سیاسی یا مذہبی جماعت کے ووٹر یا سپورٹر ہیں۔ انہیں کسی پارٹی یا لیڈر کی تعریف یا پرچار کرتے نہیں سنا نہ کسی کی مخالفت کرتے دیکھا۔ ان کے گھر پر تو کبھی کسی پارٹی کا جھنڈا بھی نہیں دیکھا عام انتخابات تو کیا انہیں بلدیاتی انتخابات میں کسی کی حمایت کرتے نہیں دیکھا یا سنا۔ یہ لوگ خاموش ووٹر ہیں۔‘

چاند بٹ نے کہا ’یہ پانچ بھائی اور دو بہنیں ہیں، ان کے والد بارہ سال پہلے وفات پا چکے ہیں اور ان کے بڑے بھائی کچھ سال پہلے سوہدرہ میں ہی نلکا لگاتے ہوئے لوہے کا پائپ بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے بعد کرنٹ لگنے سے فوت ہو گئے تھے۔ اب یہ چار بھائی ہیں، جن میں سب سے چھوٹا نوید ہے۔ ان کے تین بھائی علیحدہ رہتے ہیں اور یہ اپنی والدہ اور بیوی بچوں کے ساتھ الگ رہتے ہیں“

ان کے مطابق ”نوید کے پاس کوئی کام کاج نہ ہونے پر گھر کے مالی حالات انتہائی خراب ہیں۔ اس کا اٹھنا بیٹھنا بھی منشیات کے عادی لڑکوں کے ساتھ ہے۔ مجھ سے اچھی سلام دعا ہے۔ ان کے والد بھی انتہائی شریف انسان تھے اور سارے بھائی بلکہ یہ خود بھی شرافت سے جینے والے ہیں، کبھی نہیں دیکھا یا سنا کہ ان کی کسی سے لڑائی جھگڑا یا گالم گلوچ بھی ہوئی ہو“

چاند بٹ کہتے ہیں کہ انہیں ’یہ سن کر حیرانی ہوئی کہ خان صاحب کے کنٹینر پر حملہ کرنے والا ملزم نوید ہے کیونکہ یہ پستول تو کیا گھر کا پورا راشن نہیں خرید سکتا۔ اگر اس نے فائرنگ کی ہے تو کسی نے برین واشنگ کی ہوگی اور دو تین لاکھ کا پستول خرید کر دیا ہوگا، کیونکہ نوید کی شخصیت ایسی نہیں کہ وہ خود سے اتنا بڑا قدم اٹھانے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو“

جب سے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور ملزم نوید کے پولیس حراست کے دوران وڈیو بیان منظر عام پر آئے ہیں، شہریوں کی جانب سے مختلف رائے سامنے آرہی ہیں

نوید مہر کے نام سے بنا نوید احمد کا فیسبک کا اکاؤنٹ، جس پر زندگی کے مختلف اوقات میں بنائی گئی تصاویر بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں۔ ان میں سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی اور معروف مقامات پر بنی تصاویر بھی شامل ہیں

شہریوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ’ملزم نوید کا پہلا وڈیو بیان جاری ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ایس ایچ او سمیت پورا متعلقہ تھانہ معطل کر دیا لیکن کچھ ہی گھنٹے بعد سی ٹی ڈی کی حراست سے ملزم کا ایک اور وڈیو بیان جاری کر دیا گیا۔۔ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close