بھارت: چرسی چوہے دو سو کلو منشیات چٹ کر گئے

ویب ڈیسک

بھارتی ریاست اترپردیش میں پولیس نے ایک عدالت کو بتایا ہے کہ منشیات فروشوں سے برآمد کی گئی تقریباً دو سو کلو گرام چرس چوہوں نے کھا کر چٹ کر لی ہے

اس پر اترپردیش کی عدالت کا کہنا تھا کہ چوہے بہت چھوٹے جانور ہوتے ہیں اور انہیں پولیس کا کوئی ڈر نہیں اس لیے چرس کو چوہوں سے بچانا آسان نہیں ہے

واضح رہے کہ عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں عدالت میں شہادت پیش کریں۔ جج نے اپنے فیصلے میں تین ایسے عدالتی کیسوں کا حوالہ بھی دیا، جن میں بھنگ اور چرس کو چوہوں نے تباہ کر دیا تھا

جج سنجے چودھری نے اپنے فیصلے میں لکھا ”پولیس کو کہا گیا تھا کہ قبضے میں لی گئی منشیات کو شہادت کے طور پر عدالت میں پیش کریں، لیکن پولیس نے عدالت کو بتایا کہ چوہوں نے 195 کلو چرس کو ضائع کر دیا ہے۔“

ایک اور مقدمے میں پولیس نے عدالت میں رپورٹ دائر کی تھی کہ 386 کلو چرس میں سے کچھ چوہے کھا گئے ہیں

جج سنجے چودھری نے ایک اور کیس کا حوالہ بھی دیا، جس میں اترپردیش کی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ قبضے میں لی گئی سات سو کلو چرس پولیس اسٹیشن میں پڑی ہے، جہاں اسے چوہوں سے خطرہ ہے

جج نے لکھا کہ پولیس کے پاس چوہوں کو روکنے کی کوئی مہارت نہیں ہے، کیونکہ وہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔ جج نے تجویز کیا کہ کہ قبضے میں لی گئی منشیات کو ’بے خوف چھوٹے جانوروں‘ سے بچانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اسے میڈیکل کمپنیوں اور لیبارٹریوں کو بیچ دیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا دی جائے

متھورا ضلع کے سینیئر پولیس اہلکار ایم پی سنگھ نے کہا کہ ان کی حدود کے تھانوں میں اسٹور کی گئی منشیات کو چوہوں سے نہیں، لیکن شدید بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے

2018ع میں ارجنٹینا کی ایک عدالت نے ایسے آٹھ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دیا تھا، جنہوں نے آدھا ٹن چرس کے غائب ہونے کی وجہ چوہوں کو قرار دیا تھا

ماہرین نے پولیس کا موقف ماننے سے انکار کیا تھا کہ چوہے چرس کو خوراک سمجھ کر کھا لیں گے۔ ماہرین کا خیال تھا کہ اگر ایسا ہوا تو پولیس ویئر ہاؤس میں مرے ہوئے چوہوں کی ایک بڑی تعداد نظر آنی چاہیے تھی

2019ع میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ جب ایک لیبارٹری میں چوہوں کو چرس کھلائی گئی تو یہ سامنے آیا کہ چوہے سست پڑ گئے اور ان کے جسم کا درجہ حرارت بھی کم ہو گیا

2017ع میں بھارتی ریاست بہار کی عدالت میں پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ ریاست میں شراب پر پابندی کے ایک سال بعد قبضے میں لی گئی ہزاروں لیٹر شراب چوہے پی گئے تھے

2018ع میں بھارت کی ریاست آسام میں جب ٹیکنیشن ایک خراب اے ٹی ایم مشین کو ٹھیک کرنے گئے، تو انہوں نے دیکھا کہ بارہ لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ کترے ہوئے تھے۔ اس کا شک بھی چوہوں پر ہی ظاہر کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close