انٹرنیٹ کی دنیا میں سب سے بڑی کمپنی گوگل نے کروم استعمال کرنے والے صارفین کو ایک نئی تبدیلی کی نوید سنائی ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے ڈیسک ٹاپ سرچ پیج پر ڈارک موڈ فیچر کی آزمائش کا آغاز کر دیا ہے، یہ تجربہ کامیاب ہوتے ہی یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا
خیال رہے کہ اس سے پہلے گوگل براؤزر پر سرچ پیج سفید رنگ کا آتا تھا، لیکن مستقبل میں یہ کسی گہرے رنگ میں تبدیل ہو جائے گا اور کروم کا لوگو بھی لال، پیلے سبز سے سفید ہو جائے گا
رپورٹ کے مطابق ڈیسک ٹاپ پر فی الوقت یہ سہولت محدود صارفین کو دستیاب ہے، جو صارفین ڈارک موڈ فیچر استعمال کررہے ہیں، وہ اپنی مرضی سے براؤزر کا رنگ بدل سکتے ہیں
ڈارک موڈ فیچر رنگ کی تبدیلی سے کروم کو محض خوش نما نہیں بنائے گا بلکہ اس سے انٹرنیٹ استعمال کررے وقت آنکھوں پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا
ڈارک موڈ فیچر آنکھوں کی روشنی کو محفوظ رکھنے، نظر کی حفاظت اور اس کے علاوہ موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی بیٹری بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا
دوسری جانب فیس بک کی زیر ملکیت ایپلیکیشنز اور یوٹیوب نے بھی سیاہ یا گہرے پس منظر والے فیچر کی سہولت صارفین کو فراہم کردی ہے، جس کو بہت پسند بھی کیا جارہا ہے کیونکہ اس سے بیٹری کئی گھنٹے زیادہ چلتی ہے.