ٹرافی نے آواز دے کر کہا تھا ’آؤ، مجھے اُٹھاؤ‘ لیونل میسی

ویب ڈیسک

ورلڈکپ جتینے والی ارجنٹائن کی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی اور کپتان لیونل میسی نے کہا ہے کہ انہیں سنہری ٹرافی نے آواز دے کر کہا تھا کہ ’آؤ، مجھے اٹھاؤ۔‘

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینتیس سالہ فٹبالر نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا ’کپ نے مجھے آواز دے کر کہا قریب آؤ، اب تم مجھے چُھو سکتے ہو۔‘

میسی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’میں نے خوبصورت اسٹیڈیم میں اس کی چمک دمک دیکھی تھی اور اس کا بوسہ لینے سے گریز نہیں کیا تھا۔‘

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا انعقاد قطر میں کیا گیا تھا اور لوسیل اسٹیڈیم میں اس کا فائنل کھیلا گیا تھا، جہاں فتح کے بعد لیونل میسی نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی تھی

یہ وہی ارجنٹائن تھا جو 2014 کے فائنل میں جرمنی سے ہار گیا تھا

قطر میں فائنل جیتنے کے بعد لیونل میسی نے کہا تھا کہ ’بہت مشکلات سہنے اور فائنلز ہارنے کے بعد خدا نے اس ٹرافی کو میرے لیے رکھا تھا۔‘

میسی ڈیاگو میراڈونا کے بعد ارجنٹائن کے دوسرے کپتان کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ جیتا۔ اس سے قبل میراڈونا یہ کپ 1986 میں اٹھا چکے تھے۔ ارجنٹینا مجموعی طور پر تین ورلڈکپ کے فاتح کا اعزاز حاصل کر چکا ہے

لیونل میسی کا کہنا تھا ’میں چاہتا تھا کہ میراڈونا کے ہاتھ سے کپ لوں اور وہ ارجنٹائن کو ایک بار پھر چیمپیئن بنتے ہوئے دیکھتے۔‘

خیال رہے ڈیاگو میراڈونا دو سال قبل دل کے دورے کے باعث انتقال کر گئے تھے

لیونل میسی کے مطابق ’بہت سے لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ قوت مجھے انہی (میراڈونا) سے ملی۔‘

بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میسی ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاہم انہوں نے مزید کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عالمی چیمپیئن بننے میں ان کا ساتھ دینے والے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں رہ سکیں

تاہم ساتھ ہی میسی نے یہ اظہار بھی کیا کہ ان کا کیریئر زیادہ لمبا نہیں رہ گیا، جس میں انہوں نے ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ دیگر کئی اہم ٹورنامنٹس میں بھی فتح حاصل کی

ان میں چار چیمپیئن لیگز، دس بارسلونا ایونٹس سمیت دوسری ٹرافیز شامل ہیں

لیونل میسی نے انٹرویو میں مزید کہا ’بس یہی کچھ تھا، اب مزید کچھ کرنے کو نہیں رہ گیا۔ میں نے جو چاہا اپنی قومی ٹیم کے ہمراہ پا لیا ہے۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close