ایشین فٹبال کپ 2027ع میں سعودی عرب میں ہوگا

ویب ڈیسک

ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے 2027ع ایشین کپ کی میزبانی کی بولی جیت لی ہے۔ یہ اعلان بحرین کے دارالحکومت منامہ میں اے ایف سی کانگریس میں کیا گیا

دسمبر میں بھارت کے دستبردار ہونے کے بعد سعودی عرب بولی لگانے والا واحد ملک تھا۔ مملکت کے کھیل کے وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے اعلان کے بعد کہا ’’ہم مقابلے کی تاریخ کا سب سے عظیم الشان ٹورنامنٹ پیش کرنے کے لیے پرجوش ہیں‘‘

منامہ گانگریس میں فیفا کے صدر جانی انفنٹینو کا کہنا تھا ’’مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب ایک شاندار ایشین کپ کی میزبانی کرے گا‘‘

عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے مزید کہا ”شاہی مملکت ہماری آنکھوں کے سامنے بدل رہی ہے اور ہم 2027ع میں کیسے نظر آئیں گے، اس کے لیے ہم بہت پرجوش ہیں“

واضح رہے کہ سعودی عرب نے قطر ورلڈ کپ کے بعد فٹبال کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ریاض میں گزشتہ ماہ اس وقت جشن کا سماں تھا، جب ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر لیونل میسی نے پرتگال کے فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کو شکست دی

شاہ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ فرینچ فٹبال کلب ’’پاری سان ژرمان‘‘ اور ’’ریاض سیزن الیون‘‘ کے درمیان تھا، جس میں ریاض کے دو بڑے کلب ’’النصر‘‘ اور ’’الہلال‘‘ کے بہترین کھلاڑی شامل تھے

میچ میں لگ بھگ اڑسٹھ ہزار کے قریب شائقین نے شرکت کی۔ اس دوستانہ میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے پہلی بار النصر کلب کی نمائندگی کی، جبکہ ان کے مدِمقابل ٹیم پاری سان کی قیادت لیونل میسی کر رہے تھے۔ افتتاحی تقریب میں بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن بھی شریک ہوئے

سعودی عرب میں فٹبال ایک مقبول کھیل ہے۔ دنیا کے ایک بڑے تیل کےبرآمد کنندہ، سعودی عرب نے کرسٹیانو رونالڈو کا حصول، جدہ میں فارمولا ون اور منافع بخش ایل آی وی گالف ٹور سمیت کھیلوں کے سودوں پر کروڑوں ڈالر لگائے ہیں

گزشتہ سال سعودی فالکنز نے فٹبال ورلڈکپ 2022ع کے اپنے افتتاحی میچ میں دو مرتبہ کے چیمپئن ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا

سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دے کر نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، بلکہ ایک ایسی ٹیم کو شکست دی جو مسلسل چھتیس میچز میں ناقابلِ شکست رہی تھی

اس میچ میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے پہلے ہاف میں گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی تھی لیکن دوسرے ہاف میں سعودی عرب کے اسٹرائیکر صالح الشہری اور سلیم الدوسیری نے ایک کے بعد دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو ناقابلِ یقین کامیابی دلا کر دنیائے فٹبال میں ہلچل مچا دی تھی

2023ع ایشین کپ کی میزبانی قطر کرے گا، جو حال ہی میں فٹبال ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد کر کے اپنی دھاک بٹھا چکا ہے۔ 2023 کے ایشیا کپ کا انعقاد پہلے چین میں ہونا تھا لیکن بیجنگ کووڈ-19 کی وجہ سے اس سے دست بردار ہو گیا۔ ایشین کپ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے

قطر نے ٹورنامنٹ کا آخری ایڈیشن 2019ع میں جیتا تھا، جس کی میزبانی متحدہ عرب امارات نے کی تھی۔ سعودی عرب نے اے ایف سی ایشین کپ کے تین ٹائٹل جیتے ہیں

آنے والے سالوں میں سعودی، جنہوں نے ہمسایہ ملک قطر کو نومبر اور دسمبر میں ورلڈکپ کی میزبانی کرتے دیکھا تھا، خواتین کا ایشیائی کپ، اولمپک سائز کے ایشین گیمز اور یہاں تک کہ موسم سرما کے ایشین گیمز بھی مصنوعی برف پر منعقد کریں گے

سعو دی عرب غالبأ ایک سرمائی اولمپکس، اور دوسرے بڑے ایونٹس کے ساتھ، ورلڈ کپ اور سمر اولمپکس پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہے

یہ سب کوششیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبوں کا حصہ ہیں، تاکہ ملک کے امیج کو ماڈرن بنانے کے ساتھ ساتھ سعودی معیشت کو جدید بنایا جا سکے اور اس سے پہلے کہ دنیا توانائی کے دوسرے متبادل ذرائع کی طرف بڑھے، تیل پر اس کا انحصار کم کر دیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close