لیاری کے فٹبال کوچ کی برطانوی فٹبال کلب میں تربیت کے لیے روانگی

ویب ڈیسک

برطانیہ کے ’سوئنڈن فٹبال کلب‘ میں پروفیشنل فٹبال سیکھنے کے لیے کراچی کے پہلے فٹبال کوچ آج یعنی 10 فروری کو برطانیہ روانہ ہو رہے ہیں

جبکہ اٹھارہ نوجوانوں پر مشتمل فٹبال ٹیم بھی جلد ہی برطانیہ روانہ ہوگی، جس میں کھلاڑیوں کی اکثریت کا تعلق لیاری ٹاؤن سے ہے

یاد رہے کہ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن اور سوئنڈن فٹبال کلب کے اشتراک سے کراچی کے اٹھارہ نوجوان کھلاڑیوں اور دو فٹبال کوچز کو سوئنڈن کلب لے جانے کے لیے گذشتہ سال مارچ میں ٹرائل ہوئے تھے

تقریباً دو ہزار سے زیادہ بچوں میں سے ٹرائلز کے بعد تیئیس بچوں کو شارٹ لسٹ کر کے مئی 2022ع سے ان کی تربیت شروع کی گئی۔ ان تیئیس میں سے اٹھارہ فٹبالرز کی سلیکشن کا عمل شروع ہو گیا ہے

اس اسکالرشپ میں فٹبال کوچ کی حیثیت سے منتخب ہونے والے لیاری کے زبیر غلام رسول 10 فروری کو سوئنڈن کلب میں تربیت کے لیے روانہ ہوجائیں گے

زبیر غلام رسول کہتے ہیں ”میں انگلینڈ جا کر پروفیشنل فٹبال کوچنگ سیکھ کر کراچی کے بچوں کو سکھاؤں گا۔ اس لیے میں بہت خوش ہوں“

انہوں نے بتایا ”ٹرائلز کے موقع پر مجھے بہترین کوچ آف دی ویک قرار دیا گیا تھا اور انگلش کوچ الیکس پائک نے ایوارڈ بھی دیا تھا۔ انگلینڈ میں جدید کوچ کا طریقہ کار سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ کوچز کے بعد پلیئرز دو سال کی اسکالرشپ پر انگلینڈ جائیں گے اور انہیں عالمی فٹبال کلبوں سے بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔ امید ہے یہ سلسلہ آگے جائے گا اور ہمارے بچوں کے لئے عالمی فٹبال میں حصہ لینے کے مواقع بڑھیں گے“

سلیکٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی لیاری ٹاؤن کے علاقے بغدادی کے رہائشی محمد اذان نے بتایا ”جب میں نے اپنی سلیکشن کا گھر والوں کو بتایا تو گھر والوں نے خوشی سے نیاز بانٹی“

اس موقع پر کراچی میں فٹبال ٹیلنٹ کی تلاش میں گذشتہ سال سے کئی بار کراچی آنے والے سوئنڈن فٹبال کلب کے کوچ ایلکس پائیک کا کہنا تھا کہ منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کے تمام اخراجات سوئنڈن کلب کی جانب سے ادا کیے جائیں گے

ایلکس پائیک نے کہا ”کوئی تعداد نہیں بتا سکتے کہ کتنے کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے۔ اس سال مئی میں دوبارہ ٹرالز ہوں گے۔“

ان کا کہنا تھا ”جب لڑکے اپنے گھر کے ماحول سے دور رہنے کے لیے نفسیاتی طور پر تیار ہوجائیں گے تو ان کو برطانیہ لے جا کر پروفیشنل فٹبال سکھائی جائے گی“

یوں انگلینڈ کے سوئنڈن ٹاون فٹبال کلب کی جانب سے پاکستان کے فٹبال کھلاڑیوں اور کوچز کے مرحلہ وار انگلینڈ جانے کا راستہ کھل گیا ہے اور انہیں ویزوں کا اجراء کر کے وہاں ٹریننگ لینے کا گرین سگنل مل گیا ہے

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی فٹبال کلب کے کوچز باسط علی اور زبیر غلام رسول کو انگلینڈ کے ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں، دونوں کوچز کے انگلینڈ میں کوچنگ کی ٹریننگ سوئنڈن فٹبال کلب سے حاصل کر نے کے بعد کراچی میں موجود کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے

اس سلسلے میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کا کردار قابل تعریف رہا ہے، جنہوں نے کراچی کے فٹبالرز کے لئے انگلینڈ جیسے فٹبال ایکسپرٹ سے ملک میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے جہدوجہد کی اور نتیجے کے طور پر سوئنڈن فٹبال کلب اور کراچی کلب کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کا موقع ملا

فٹبال کی دنیا میں نمایاں مقام رکھنے والے انگلینڈ میں ٹریننگ سے باصلاحیت نوجوان فٹبال کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، غریب کھلاڑی جو ترقی یافتہ ملکوں میں ٹریننگ لینے کا سوچ نہیں سکتے تھے اب وہاں کے پروفیشنل فٹبال کلبوں میں بھی مقابلہ کرتے نظر آئیں گے

قبل ازیں کراچی فٹ بال کلب اور سوئنڈن ٹائون کلب کے درمیان ایم او یو کے تحت فٹ بال کوچز کو منتخب کیا گیا اور کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد 23 منتخب کھلاڑیوں سے پہلے مرحلے میں آذان اور وسیم کا انگلینڈ بھیجنے کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب کھلاڑیوں کا سوئنڈن ٹاؤن کلب کے کوچ الیکس پائک کی زیر نگرانی کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں چار روزہ فٹ بال کوچنگ کیمپ کے اختتام سےقبل پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا تھا

انگلینڈ کے سوئنڈن فٹ بال کلب کے زیراہتمام جدید کوچنگ کے لئے منتخب کئےجانے والے خوش نصیب لیاری سے تعلق رکھنے والے باسط علی کا کہنا تھا ”میں پاکستانی فٹ بال کا خوش نصیب شخص ہوں، انٹرنیشنل فٹبالر کی حیثیت سے میں نے فٹبال کھیلی۔ لیاری کے ڈی ایے ایف سائوتھ کے کلب رفیع محمد فٹ بال کلب سے اپن کیریئر کا آغاز کیا اور 2009ء میں کے پی ٹی یوتھ اور پھر 2011ء سے نیشنل بینک فٹ بال ٹیم جوائن کی اور ابھی تک اس سے وابستہ ہوں۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close