جیسے جیسے زمین کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آب و ہوا کی تبدیی بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں کی وجہ بن رہی ہے، سائنسدانوں کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ گلوبل وارمنگ کو روکنے کے لیے نئے نئے حل سامنے لا رہے ہیں، جن میں کچھ تو واقعتاً بہت دلچسپ ہیں
حال ہی میں سانئسدانوں نے ایک نیا نظریہ پیش کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے ”اگر چاند کی مٹی یا دھول کو زمین اور سورج کے درمیان حائل کر دیا جائے تو زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کا عمل نہ صرف رک جائے گا بلکہ اس میں کمی آنا شروع ہو جائے گی“
ان کا کہنا ہے ”اگر سورج کی حرارت کے زمین تک پہنچنے کا ایک سے دو فی صد کا راستہ روک دیا جائے تو کرہ ارض کے درجہ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہو جائے گی“
ماحولیات کے سائنسدان اس وقت ایسے اقدامات پر زور دے رہے ہیں، جن سے زمین کے درجہ حرارت میں تقریباً ڈیڑھ درجے سینٹی گریڈ کی کمی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ درجے کی کمی سے زمین کا درجہ حرارت گر کر اس سطح پر چلا جائے گا جب صنعتی ترقی کا آغاز ہوا تھا
واضح رہے کہ اس دور کے موسم ماحول دوست تھے۔ اور موسم سے منسلک وہ قدرتی آفات کم کم ہی آتی تھیں، جنہوں نے اب کرہ ارض کا راستہ دیکھ لیا ہے اور آئے روز کہیں خشک سالی، کہیں شدید بارشیں اور سیلاب اور کہیں سمندری طوفان تباہیاں پھیلا رہے ہیں
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے زمین گرم ہوتی جائے گی، ان واقعات کی تعداد اور شدت میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا اور اگر زمین کو مزید گرم ہونے سے روکا نہ گیا تو ہو سکتا ہے کہ اس صدی کے آخر تک زمین رہنے کے قابل نہیں رہے
سانئسدان کہتے ہیں کہ گلوبل وارمنگ کا سبب کاربن گیسیں ہیں جو کارخانوں کی چمنیوں، گاڑیوں کے سائلنسروں اور گھروں کے آتش دانوں سے نکل رہی ہیں۔ انسان کی لائی ہوئی ترقی اب اس کے لیے بربادی کا باعث بن رہی ہے
سانئسدان کاربن گیسوں کا اخراج صفر کی سطح پر لانے پر اصرار کرتے ہیں۔ لیکن دو سو برسوں میں کوئلے اور معدنی ایندھن جلا کر حاصل ہونے والی ترقی کو کسی متبادل بندوبست پر لانا آسان نہیں ہے۔ اس کے لیے کیثر سرمایہ، وقت اور تحقیق کی ضرورت ہے
کچھ عرصے سے ماہرین کی توجہ کسی ایسے قابل عمل طریقے کی تلاش پر مرکوز ہے جو سستا بھی ہو۔ جس کے لیے ان کی نظریں خلا پر جمی ہیں۔ یہ تو آپ کو معلوم ہی ہو گا کہ جب آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں تو زمین پر قدرے خنکی محسوس ہونے لگتی ہے کیونکہ بادل کی تہیں سورج کی حرارت کے ایک بڑے حصے کو زمین پر جانے سے روک دیتی ہیں اور حرارت کی لہریں واپس خلا میں پلٹ جاتی ہیں
اسی طرح کا ایک بڑا واقعہ سن 1991ع میں فلپائن کی آتش فشاں ماؤنٹ پیناٹوبو کے پھٹنے سے پیش آیا تھا، جس سے نکلنے والے گرد وغبار نے فضا کے ایک حصے کو ڈھانپ لیا تھا جس سے سورج سے زمین پر آنے والی حرارت کی لہروں کے درمیان ایک رکاوٹ کھڑی ہو گئی تھی۔اس کے نتیجے میں زمین کے شمالی نصف حصے میں ایک سال تک درجہ حرارت معمول سے تقریبا آدھا ڈگری سینٹی گریڈ کم رہا تھا
لیکن اس سے موسم پر اثر پڑا تھا اور جن علاقوں میں لوگ فصلیں اگانے کے لیے بارشوں پر انحصار کرتے ہیں، وہاں پیداوار متاثر ہوئی تھی۔ چنانچہ اس طرح کے طریقے استعمال کرنے کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے
زمین اور سورج کے درمیان چاند کی دھول اور مٹی کے تہہ بچھانے سے قبل کئی سائنس دان اس پہلو پر بھی سوچ بچار کرتے رہے ہیں کہ خلا میں بڑے بڑے آئینے نصب کر دیے جائیں جو زمین کی طرف آنے والی سورج کی حرارت کو واپس پلٹ دیں
بعد ازاں ان کی توجہ خلا کی جانب مبذول ہو گئی اور انہیں کسی ایسی چیز کی تلاش ہوئی جو زمین اور سورج کے درمیان ایک باریک سی چادر تان دے جو فلڑ کے طور پر کام کرے
خلا میں بے شمار سیاروں کا گرد و غبار گردش کر رہا ہے۔ ماہرین فلکیات نے کمپیوٹر پر بنائے گئے ماڈلز کے ذریعے مختلف سیاروں کی گرد کا مطالعہ کیا تو انہیں معلوم ہوا که اس مقصد کے لیے سب سے اچھا انتخاب چاند کی مٹی ہے جو سب سے زیادہ حرارت روکتی ہے
سائنسدان کہتے ہیں کہ اگر اس مٹی کو زمین اور سورج کے درمیان ایک ایسے مقام پر بکھیر دیا جائے جہاں زمین اور چاند کی کشش کی قوت برابر ہو تو وہ مٹی وہاں مستقلاً موجود رہے گی اور سورج کی حرارت کی اتنی مقدار روک سکے گی جس کا تعین ماہرین کریں گے
وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ کوئی مہنگا سودا نہیں ہے کیونکہ چاند سے مطلوبہ مقدار میں مٹی لانے پر اتنا ہی خرچ آئے گا جتنا کہ ایک کان کی کھدائی پر آتا ہے
یونیورسٹی آف ایڈمبرا کے پروفیسر سٹوارٹ ہسزیڈائن کا کہنا ہے کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہے۔ یہ گویا سنگ مرمرکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو فٹ بال پر اس طرح توازن میں رکھنا ہے کہ وہ گرنے نہ پائیں۔ بصورت دیگر لانی جانے والی زیادہ تر مٹّی ہفتے بھر میں وہاں سے سرک جائے گی
امپیریل کالج لندن میں فلکیات کی پروفیسر جوہانا ہیگ کہتی ہیں کہ مسئلہ یہ ہے کہ ممکن ہے یہ طریقہ آب و ہوا کی تبدیلی کو روکنے میں مددگار ثابت ہو مگر اس سے آلودگی پھیلانے والوں کو اپنے ذمہ لگائے گئے کام نہ کرنے کا ایک بہانہ مل جائے گا۔