سعودی عرب آئی پی ایل کی طرز پر دنیا کی سب سے بڑی ٹی20 لیگ شروع کرے گا

ویب ڈیسک

سعودی عرب میں بھی چھکوں اور چوکوں کی بارش کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔ جی ہاں، دنیا بھر میں ٹی20 کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سعودی عرب نے بھی اپنی ٹی20 لیگ کے آغاز کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے

اس لیگ میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی طرح بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے قانون کے تحت بھارتی کرکٹرز آئی پی ایل اور مقامی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے علاوہ دنیا کی کسی لیگ میں شرکت نہیں کر سکتے

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی بے پناہ کامیابی کے بعد دنیا بھر میں لیگ کا رجحان شروع ہوا اور بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، پاکستان، جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں بھی لیگ کا آغاز ہوا

دنیا بھر میں لیگ کے آغاز کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) آج بھی سب سے ممتاز ہے کیونکہ اس میں بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مشہور و معروف کرکٹرز شرکت کرتے ہیں اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی لیگ شروع کرنا چاہتا ہے، جس میں بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جا سکے

’دی ایج‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے نمائندوں نے انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز کے مالکان کو عرب خطے میں ایک لیگ کے قیام کا منصوبہ پیش کیا ہے، جہاں سعودی حکومت اسے دنیا کی سب سے مہنگی اور پرکشش لیگ بنانا چاہتی ہے

سعودی حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے گزشتہ ایک سال سے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں آئی پی ایل کے مالکان کے ساتھ بات چیت جاری ہے

رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے اس میں بھارتی کرکٹرز کو بھی شامل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی بات کر سکتی ہے

بھارتی کرکٹ بورڈ کے قانون کے تحت بھارتی کرکٹرز آئی پی ایل اور مقامی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے علاوہ دنیا کی کسی لیگ میں شرکت نہیں کر سکتے

اگر کوئی کھلاڑی دنیا کے کسی اور لیگ میں شرکت کرنا چاہے تو پھر اسے بھارتی بورڈ سے تمام تعلقات منقطع کرنا ہوتے ہیں اور پھر وہ آئی پی ایل اور بھارتی بورڈ کے زیر اہتمام دیگر ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کر سکتے تاہم سعودی حکومت کو امید ہے کہ وہ بھارتی بورڈ کو اپنے آئین میں ترمیم کے لیے قائل کر سکے گی

سعودی عرب میں سیاحت ویژن 2030 کے تحت گزشتہ چند سالوں کے دوران سعودی عرب کی حکومت نے کھیلوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور فارمولا1، گالف کے ساتھ ساتھ انگلش پریمیئر لیگ کے کلب نیوکاسل یونائیٹڈ بھی خرید لیا تھا اور اب وہ کرکٹ میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خواہاں ہے

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی سی سی چیئرمین بھی کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لیے سعودی عرب میں مقابلوں کے حق میں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close