ہم طوطا فال نکالنے والی ریاست بن چکے ہیں؟

وسعت اللہ خان

جب حالات بے قابو ہو جائیں اور بظاہر کوئی بھی انہیں سدھارنے کے قابل نہ رہے تو خود کو تسلی دینے اور نااہلی چھپانے کے لیے یا تو ’شان دار ماضی‘ کی داستانیں کام آتی ہیں یا پھر اردگرد کی ہم سے بھی گئی گذری مثالیں

مثلاً سردار موچی سے لے کے محلے کی مسجد میں جمعۃ الوداع کا خطبہ دینے والے مولوی صاحب تک سب کے سب صاحب الرائے اکابرین اپنی دنیاوی و دینوی عظمت ثابت کرنے کے لیے موجودہ عالمِ اسلام کے ہر ہر قابلِ ذکر فرد کو کوستے ہوئے شاندار ماضی کے تالاب میں کود کے روپہلی سنہری مچھلیاں پکڑ کے معتقدین کے حوصلے بڑھاتے رہتے ہیں

ان اکابرین کو زندہ لوگوں میں کوئی ہارون رشید، البیرونی، ابنِ سینا اور صلاح الدین ایوبی نظر نہیں آتا

ویسے بھی کنوئیں میں مقید آدمی کو آخر کتنا آسمان ٹپائی دے سکتا ہے؟

ہماری قسمتوں کے فیصلہ ساز مملکتی ڈرائیوروں کی خوش امیدی و رجائیت عام آدمی سے بھی چار ہاتھ آگے ہے

جب 1990 کے عشرے میں کراچی میں اوسطاً پچاس لاشیں روزانہ مل رہی تھیں تو ابتری پر قابو پانے والے ذمہ دار یہ کہہ کے حوصلہ بڑھاتے تھے کہ مانا کراچی میں حالات اچھے نہیں مگر یہ بھی تو دیکھیے کہ کولمبیا کے دارلحکومت بوگوٹا میں روزانہ کراچی سے دوگنی لاشیں گرتی ہیں اور اسٹریٹ کرائمز کی وبا پر شور مچانے والے ذرا نیویارک اور جوہانسبرگ کی پولیس سے پوچھیں کہ وہاں اسٹریٹ کرائمز کا کیا بھاؤ چل رہا ہے۔ ان کے مقابلے میں کراچی اب بھی جنت ہے میاں جنت!

یا تیس برس پہلے تک اس پر سینہ پھلایا جاتا تھا کہ بھائی ہم معاشی طور پر کمتر سہی پر انڈیا سے تو اچھے ہیں، جہاں کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں لاکھوں لوگ فٹ پاتھ پر رہتے ہیں۔ اب کسی محبِ وطن کے منہ سے یہ مثال سنے عرصہ ہو گیا

اس کہانی پر بھی ایک مدت تک سینہ چوڑا رہا کہ معلوم ہے جنوبی کوریا نے پچھلے ساٹھ سال میں کیوں ترقی کی؟ اپنے ڈاکٹر محبوب الحق مرحوم تھے نا، ضیاءالحق کے وزیرِ خزانہ۔۔ اس سے پہلے وہ عالمی بینک میں ٹاپ کے افسر تھے۔ انہوں نے ہی انیس سو ساٹھ باسٹھ میں جنوبی کوریا کو معاشی ترقی کا پلان بنا کے دیا تھا۔ ورنہ تو آج تلک یہ ملک چپل اور سائیکل ہی بنا رہا ہوتا۔۔

اور یہ جو امارات ائیرلائن والے ایک ایک وقت میں سو سو جہاز خرید رہے ہیں۔۔ بھائی یقین مانو چالیس سال پہلے ایسی حالت تھی کہ دوبئی کے شیخ کی درخواست پر اپنی پی آئی اے نے دو جہاز ادھاری پر دیے تھے، جن کی دم پر الامارات لکھا گیا۔ آج دیکھو کہاں سے کہاں پہنچ گئے یہ بدو اور ہمیں پہچانتے تک نہیں۔۔

اگر کسی وفاقی خزانچی سے پوچھا جائے کہ آخر کیا وجہ ہے ملکی و غیرملکی قرضہ بڑھتے بڑھتے کل قومی پیداوار کے لگ بھگ 80 فیصد کے برابر ہو گیا ہے؟ اب تو قسط بھرنے کے لیے بھی قرضہ لینا پڑ رہا ہے؟

پٹاخ سے جواب ملتا ہے کہ بھائی یہی سوال آپ جاپان سے کیوں نہیں پوچھتے، جس کا قرضہ اس کی قومی پیداوار کا ڈھائی گنا ہے (235 فیصد)۔

جاپان سے پوچھنے کی ہمت نہیں تو سوڈان سے ہی پوچھ لو، جس پر قرضے کا بوجھ اس کی کل قومی پیداوار سے بھی دوگنا (210 فیصد) ہے۔ ہمارا تو ابھی صرف 80 فیصد تک پہنچا ہے۔ کیوں دل چھوٹا کرتے ہو۔ دال دلیہ چل ہی رہا ہے۔۔

اور یہ جو تم میڈیا والے آسمان سر پہ اٹھا رہے ہو کہ افراطِ زر 45 فیصد سے بھی اوپر چلا گیا ہے اور عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور ڈالر نے روپے کا بلادکار کر دیا ہے، تمہیں کچھ پتہ بھی ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔۔

بھائی صاحب وینزویلا میں افراطِ زر کی شرح 1200 فیصد، سوڈان میں 350 فیصد، لبنان میں 201 فیصد اور ارجنٹینا میں 104 فیصد ہے۔ تو کیا ان ملکوں میں لوگ زندہ نہیں یا یہ ملک دنیا کے نقشے سے غائب ہو گئے

تم لوگوں کا اللہ کی رحمت پر آخر بھروسہ کیوں نہیں ہے، جو قوم میں مایوسی پھیلا رہے ہو۔ وہ تو پتھر میں مقید کیڑے کو بھی رزق پہنچاتا ہے۔

ہاں ٹھیک ہے، انسانی ترقی کے عالمی اشاریے میں ہمارا درجہ 192 ممالک کی فہرست میں 161 نمبر پر اور سارک ممالک میں سب سے نیچے ہے۔ لیکن برخوردار شکر کرو کہ ہم سے زیادہ بری حالت میں تینتیس اور ممالک بھی ہیں

معلوم ہے آج پاکستانی پاسپورٹ 198 ممالک کی فہرست میں 194 نمبر پر ہے۔ مگر ہم پھر بھی یمن، صومالیہ، عراق اور شام سے اس معاملے میں بہتر ہیں۔ چالیس سال پہلے ہمارا پاسپورٹ ٹاپ 20 میں تھا۔ ایک دن یہ پاسپورٹ اوپر والے کے حکم سے ٹاپ 10 میں نظر آئے گا

اب تو لگتا ہے کہ ہم بحیثیت ریاست اس فٹ پاتھی ماہر دست شناس کی طرح ہو گئے ہیں، جو طوطا فال نکال کے ہر کسی کا نصیب بتا اور بنا سکتا ہے، سوائے اپنی قسمت کے!

حالات کی درستی کا سفر خود احتسابی سے شروع ہوتا ہے۔ لیکن جب میں عقلِ کل ہوں اور کسی سے کچھ سیکھنے اور پھر اس سیکھ کو خود پر لاگو کرنے پر بھی آمادہ نہ ہوں اور بحرانی بیل کے سینگ سامنے سے پکڑنے کی نیت بھی نہ ہو تو ساری افلاطونی آزمائش کے ترازو میں برف کے باٹ رکھ کے باتوں کے خربوزے تولنے میں صرف ہو جاتی ہے۔۔

آخر ٹائم بھی تو پاس کرنا ہے۔

بشکریہ: بی بی سی اردو
(نوٹ: کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں پیش کی گئی رائے مصنف/ مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے سنگت میگ کا متفق ہونا ضروری نہیں۔)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close