آپ نے ہمیشہ سیاست کی وجہ سے قومی سرحدوں کے بٹواروں کے بارے میں سنا اور پڑھا ہوگا، لیکن کیا آپ نے کبھی حقیقی طور پر بھی کسی براعظم کو بٹتے ہوئے دیکھا ہے؟ یہ ممکن ہے، اور یہ ابھی افریقہ میں ہو رہا ہے
2005 میں شمال مشرقی ایتھوپیا میں کھلنے والی ایک بڑی دراڑ جدید انسانوں کے ارتقاء کے بعد سے پہلی براعظمی ٹوٹ پھوٹ کی خبر دیتی ہے، آتش فشاں، ڈوبتی ہوئی زمین، اور سمندری پانی کا سیلاب۔۔ افریقی براعظم آہستہ آہستہ الگ ہو رہا ہے اور ایک نیا سمندر بن رہا ہے
ایک سمندر کی ابتدا: پلیٹ ٹیکٹونکس میں، ایک سمندر کی تشکیل مینٹل کنویکشن کے نتیجے میں کرسٹ میں پھٹنے کے عمل سے شروع ہوتی ہے۔ افریقی رفٹ ویلی کی طرح ایک وادی ایک حالیہ مثال ہے۔ اگلے مرحلے میں، سمندری پانی داخل ہونے تک وادی کھل گئی ہے۔ ایک اچھی مثال بحیرہ احمر ہے۔ پھیلنے کا عمل جاری رہتا ہے، سمندر وسیع تر ہوتا جاتا ہے اور بحر اوقیانوس کی طرح ایک پختہ سمندر بن جاتا ہے
ستمبر 2005 میں چند دنوں کے دوران، آتش فشاں پھٹنے اور سینکڑوں زلزلوں کے درمیان، شمال مشرقی ایتھوپیا میں زمین پھٹ گئی۔ ڈباہو آتش فشاں میں پھٹنے کے بعد شدید زلزلہ کی سرگرمی نے زمین کی پرت پر ایک شگاف شروع کر دیا، جو زپ کے کھلنے کی طرح تیزی سے جنوب میں پھیل گیا۔ دراڑ 60 کلومیٹر لمبی اور 8 میٹر چوڑی تھی، جب کہ ان کے درمیان کی زمین 2 میٹر تک دھنس گئی۔ یہ سب کچھ چند دنوں میں ہوا۔ اگلے چند مہینوں کے دوران، صحرائی فرش میں سیکڑوں دراڑیں پھٹتی ہوئی دیکھی گئیں اور زمین 100 میٹر تک گر گئی۔ اسی وقت، سائنسدانوں نے میگما کو نیچے سے گہرائی سے اٹھتے ہوئے دیکھا، جب اس نے بننا شروع کیا جو بالآخر بیسالٹ سمندری فرش بن جائے گا
تیس ملین سال پہلے، افریقہ ایک بڑی پلیٹ تھا لیکن پھر پگھلی ہوئی چٹان کا ایک بہت بڑا دھارا زمین کی پرت کے نیچے سے نکلا اور جزیرہ نما عرب کو افریقہ سے الگ کرتے ہوئے افریقی براعظمی پلیٹ میں سے کاٹنا شروع کر دیا اور بحیرہ احمر کی تخلیق کی۔ آج، دو نہیں بلکہ تین الگ الگ پلیٹیں ہیں جو افار ٹرپل جنکشن کے نام سے جانی جانے والی جگہ پر ملتی ہیں۔ یہ پلیٹیں عربی، صومالیہ اور افریقی ہیں۔ تینوں پلیٹیں تقریباً ایک سنٹی میٹر فی سال کی رفتار سے ایک دوسرے سے دور ہو رہی ہیں۔ بالآخر، جب عرب اور افریقی پلیٹ کے درمیان شگاف کافی بڑا ہو جائے گا، بحیرہ احمر اور خلیج عدن نئے دباؤ میں داخل ہوں گے اور ملیں گے، اور ایک نیا سمندر بن جائے گا۔ اس عمل میں تقریباً دس ملین سال لگنے کی امید ہے
ایک نئے سمندری فرش کی تشکیل عام طور پر سمندروں کے نیچے گہرائی میں چھپی رہتی ہے، لیکن افار ڈپریشن میں زمین کی سطح پر نئی سمندری کرسٹ بن رہی ہے جو ماہرین ارضیات کو نئے سمندر کی پیدائش کا مطالعہ کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ ابھی کے لیے، ڈیناکل ڈپریشن کے آس پاس کے پہاڑی علاقے بحیرہ احمر کو ان علاقوں میں سیلاب آنے سے روکتے ہیں، لیکن بہت جلد — ارضیاتی ٹائم اسکیل میں — کٹاؤ اور ٹیکٹونک پلیٹ کی حرکت اس قدرتی رکاوٹ کی اونچائی کو کم کر دے گی
ٹولین یونیورسٹی کی ماہر ارضیات سنتھیا ایبنگر بتاتی ہیں ”ہم نے ایسا کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اس قسم کی چیز سمندری فرش پر باقاعدگی سے ہوتی ہے، لیکن یہ زمین پر پہلی معلوم مثال تھی۔“
دباہو فشر Dabbahu Fisure، جیسا کہ 2005 کی شگاف کے بارے میں جانا جاتا ہے، شاید ہی افار کو ہلانے والا پہلا ارضیاتی واقعہ ہے، جو گیزر، گیس وینٹ، گرم چشموں، آتش فشاں، اور دنیا کی واحد لاوا جھیلوں میں سے ایک سے بکھرا ہوا ایک دور دراز علاقہ ہے۔ آپ کی انگلی کے ناخن بڑھنے کی رفتار سے، یہ پلیٹیں الگ ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے نیچے ہونے والے عمل انتہائی حرارت اور توانائی پیدا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے یہ خطہ ان منفرد جیو فزیکل خصوصیات کا باعث بنتا ہے
ان خصوصیات میں سے، آج ڈباہو فشر شو کا ستارہ ہے۔ سائنسدانوں کو اب شبہ ہے کہ اسی دراڑ کے ساتھ ہی Pangea کے بعد پہلا براعظم ٹوٹ جائے گا اور یہ کہ چند ملین سال یا اس سے زیادہ عرصے میں، افریقہ دو براعظموں پر محیط ہو سکتا ہے، جس سے زمین اپنے نئے سمندر کا آغاز کر سکے گی
مشرقی افریقی رفٹ سسٹم کیا ہے؟
دنیا کے سب سے بڑے ارضیاتی عجائبات میں سے ایک، شمال-جنوب مشرقی افریقی رفٹ سسٹم (یا EARS) درحقیقت زمین کی پرت کے ٹوٹنے کی وجہ سے دراڑوں اور وادیوں کا ایک جال ہے۔ EARS کو بنانے میں تقریباً 25 ملین سال لگے ہیں اور یہ دو شاخوں پر مشتمل ہے: ایسٹرن رفٹ ویلی اردن سے موزمبیق کے ساحل تک پھیلی ہوئی ہے۔ دریں اثنا، ویسٹرن رفٹ ویلی، یوگنڈا سے موزمبیق تک پھیلی ہوئی ہے، اور دنیا کی کچھ گہری جھیلوں پر مشتمل ہے
لیکن EARS کے اندر گھومنے والی تمام زمینوں میں سے، افار ڈپریشن سب سے زیادہ شدید ہے، جس میں میگما کی پیداوار کی بلند ترین شرح اور خطے میں سب سے زیادہ فعال آتش فشاں ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ، ڈیپریشن کے نیچے میگما کا ایک مینٹل پلوم Mantle plume بن گیا تھا، جو گرم چٹانوں کو سطح کے خلاف دھکیل رہا تھا، جیسے لاوا کے چراغ میں تیل کے گلوب اٹھ رہے ہیں۔ بالآخر، انتہائی دباؤ کی وجہ سے میگما ان چٹانوں کے درمیان کی دراڑوں میں دھکیلنے لگا، جس نے 2005 میں ڈباہو فشر کو کھول دیا
عام طور پر یہ ارضیاتی عمل جیسا کہ دریاؤں، سمندروں اور پہاڑوں کی تشکیل ایک ناقابل برداشت حد تک سست عمل ہے، لیکن ہارن آف افریقہ کے قریب واقع افار مثلث میں، یہ حیران کن شرح سے ہو رہا ہے
ایبنگر کے مطابق، دباؤ اتنا طاقتور تھا کہ پلیٹیں 25 فٹ تک الگ ہو گئیں، چند دنوں میں علیحدگی کے 400 سال مکمل ہو گئے۔ یہ اتنی سب کچھ اتنا عجیب اور تیز رفتار تھا کہ سیٹلائٹ ڈیٹا کا استعمال کرنے والے سائنسدانوں میں سے ایک کو یقین تھا کہ اس سے اپنے حساب میں ہی غلطی ہو گئی ہے
ایک سمندر کی پیدائش کا گواہ
2005 کے ایونٹ کے چند ہفتوں کے اندر، ایبنجر ایتھوپیا جانے کے لیے ہوائی جہاز پر تھی، جہاں اس نے دنیا بھر کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر زمین پر جیو فزیکل آلات کو جلد از جلد حاصل کرنے کے لیے کام کیا۔ فوری طور پر، ٹیم نے دیکھا کہ سطح کے نیچے میگما کے حجم کی وجہ سے، پلیٹیں جو خطے کے نیچے ہیں، معمول سے کہیں زیادہ تیزی سے حرکت کر رہی تھیں
ایبنگر کا کہنا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں، 2005 کے رافٹنگ سے ملتے جلتے 13 مزید واقعات ہوئے لیکن کم شدید تھے۔ آج، پلیٹیں اپنی معمول کی رفتار پر واپس آ گئی ہیں
ایبنگر نے پیش گوئی کی ہے کہ ان میں سے مزید ڈرامائی اقساط ہوں گے، شاید ہر پچاس یا سو سال بعد ایک۔ جیسے جیسے زمین الگ ہو جائے گی، افار ڈپریشن اور گہرائی میں ڈوب جائے گا، ایک ایسا عمل جسے ’سمندری سطح پر پھیلنا‘ کہا جاتا ہے۔ ”اگر ہم تقریباً پا نچ لاکھ سال تیزی سے آگے بڑھیں، تو افار ڈپریشن سطح سمندر سے نیچے گر سکتا ہے اور پانی سے بھر سکتا ہے“
نیا سمندر براعظم کو مکمل طور پر دو حصوں میں تقسیم کر سکتا ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے ایبنگر کا کہنا ہے ”جب آپ جنوب میں جاتے ہیں تو علیحدگی کی شرحیں کم ہوتی جاتی ہیں۔ لہٰذا یہ صرف سمندر کے پانی کا ایک پَچّر (ایسی چیز جو دراڑ کو قائم رکھتی ہے) ہو سکتا ہے، جو اندر جاتا ہے۔“
معقول شک
تمام براعظمی دراڑیں سمندروں میں تبدیل نہیں ہوتیں، اور اب بھی امکان ہے کہ مشرقی افریقی رفٹ ناکام ہو جائے۔ درحقیقت، سائنسدانوں نے پگھلی ہوئی چٹان کے علاقے اور زمین کی پرت میں پھیلی ہوئی زمین کو دراڑ سے میلوں کے فاصلے پر پایا ہے، یہ ایک ایسی دریافت ہے جو روایتی ارضیاتی حکمت کی نفی کرتی ہے، جس کا خیال ہے کہ تقسیم کی تمام سرگرمیاں دراڑ ہی میں ہونی چاہئیں
ڈباہو فشر شمالی امریکہ کے وسط کانٹینینٹل رفٹ (MCR) کے راستے پر جا سکتا ہے، جو ایک اٹھارہ سو میل لمبی قوس قزح کی شکل کی طرح مڑی ہوئی ہے، جو ایک ارب سال پہلے کھل گئی تھی۔ اس دراڑ، جو جدید دور کے ڈیٹرائٹ سے وسطی کنساس تک پھیلی ہوئی تھی، نے تیس ملین سال سے زیادہ دو لاکھ چالیس ہزار مکعب میل سے زیادہ آتش فشاں چٹان پیدا کی تھی، اس سے پہلے کہ اچانک، پراسرار طور پر، پھیلنا بند ہو جائے، اس کے بارے میں بہت سے نظریات موجود ہیں، لیکن MRC اب تک دریافت ہونے والی سب سے گہری دراڑ ہے، جو سمندر نہیں بنی۔ شاید دباہو فشر اس کے نقش قدم پر چل پڑے۔۔ لیکن یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔
نوٹ: سنگت میگ کی اس رپورٹ کی تیاری میں پاپولر میکینکس، اسپیگل، ویکیپیڈیا، این ای آر سی میں شائع مضامین سے مدد لی گئی ہے۔ ترتیب اور ترجمہ: امر گل۔