پیرس کلب چھوڑ کر انٹر میامی جوائن کرنے پر میسی کیا کہتے ہیں؟

ویب ڈیسک

ایک طرف الہلال فٹبال کلب نے برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر کے ساتھ معاہدہ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، دوسری جانب اس وقت دنیائے فٹبال کے ایک اور عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے امریکہ آنے کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات کی ہے

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے کہا کہ وہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) چھوڑنے کے بعد انٹر میامی میں شامل ہونے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں

واضح رہے کہ میامی میں شامل ہونے کے بعد سے چھ میچوں میں نو گول کرنے والے میسی نے پی ایس جی کے ساتھ دو سیزن کھیلنے کے بعد میجر لیگ سوکر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میامی پہنچنے کے بعد پہلی بار مقامی میڈیا سے گفتگو میں میسی نے اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا کے ساتھ بیتا ہوا وقت فرانس میں گزارے وقت سے بالکل مختلف تھا

انہوں نے کہا، ”جیسا کہ میں نے اس وقت کہا تھا، پیرس روانگی ایسی چیز نہیں تھی جس کی میں نے خواہش کی تھی۔ یہ وہ چیز نہیں تھی جس کے لیے میں بارسلونا چھوڑنا چاہتا تھا“

میسی کا کہنا تھا ”یہ ٹھیک ہے کہ مجھے ایک ایسی جگہ کی عادت ڈالنی پڑی جو اس سے بالکل مختلف تھی، جہاں میں نے ساری زندگی گزاری تھی۔ شہر کے لحاظ سے اور کھیل کے لحاظ سے یہ مشکل وقت تھا لیکن اس کے برعکس اب میں خوش ہوں۔“

میسی تیرہ سال کی عمر سے بارسلونا کے ساتھ تھے، جب وہ ارجنٹائن سے ہسپانوی کلب میں شامل ہونے کے لیے یہاں پہنچے تھے، لیکن برسوں کی کامیابی کے بعد کلب میں مالی مشکلات ان کی رخصتی کا وجہ بنی

قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ میسی بارسلونا واپس آ سکتے ہیں یا وہ سعودی لیگ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں، لیکن میسی نے کہا کہ وہ میامی میں شمولیت کے اپنے فیصلے سے خوش ہیں۔

ان کے بقول، ”میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ میں اس فیصلے سے بہت خوش ہوں، نہ صرف اس کھیل بلکہ میرے خاندان کے لیے بھی اہم ہے کہ ہم کس طرح وقت گزارتے ہیں اور کس طرح شہر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ میامی میں نیا تجربہ اور لوگوں کا استقبال جو پہلے دن سے ہی غیر معمولی تھا“

میسی نے مزید کہا، ”میں نے ٹیم کے ساتھ دو ٹور کیے اور لوگوں کا میرے ساتھ برتاؤ شاندار تھا، اس لیے میں ان لمحات کے لیے شکر گزار اور خوش ہوں جو میں جی رہا ہوں“

سات بار ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے والے میسی کے پاس پہلی امریکی ٹرافی جیتنے کا موقع ہے، جب ہفتے کو لیگس کپ کے فائنل میں میامی کا مقابلہ نیش ول سے ہوگا

یہ ان کے کلب کی صرف تیسرے سیزن میں پہلی فتح بھی ہو سکتی ہے۔

ممکنہ فتح کے بارے میں میسی نے کہا، ”یہ حیرت انگیز ہوگا۔ میرے لیے، کلب کے لیے اور ان تمام لوگوں کے لیے جو میامی کی حمایت کرتے ہیں۔“

ان کا کہنا تھا ”ہم ایک نقطہ نظر بننا چاہتے ہیں اور ٹائٹل جیتنے سے اس سے بہت مدد ملے گی۔ یہ ایک نیا کلب ہے اور ہمارا پہلا ٹائٹل جیتنا ہم سب کے لیے بہت اچھا ہوگا“

امریکہ میں وقت گزارنے والے میسی نے کہا کہ وہ محض کھیل اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ”سچ یہ ہے کہ میں ان تمام چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ میں یہاں صرف کھیلنے آیا ہوں اور فٹبال سے لطف اندوز ہونے، جو میں نے ساری زندگی پسند کیا ہے اور سب سے بڑھ کر میں نے اس جگہ کا انتخاب اس وجہ سے کیا“

میسی نے بتایا کہ ان کی فیملی امریکی ریاست میں اچھی طرح بس گئی ہے اس کے باوجود کہ انہیں ابھی تک اس علاقے میں کوئی مستقل گھر نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جنوبی فلوریڈا میں ہسپانوی بولنے والی کمیونٹی کا حصہ بن کر اچھا لگا

میسی نے کہا ”شروع سے میری آمد کے بعد میرا استقبال متاثر کن تھا۔ یہ بہت سے لاطینی باشندوں کا شہر ہے اور اس سے ہر چیز بہت آسان ہو جاتی ہے۔ میں خوش ہوں۔ میں اپنی زندگی کے اس نئے باب سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ امریکہ میں رہنا میری ہمیشہ سے خواہش تھی“

 ’میں ہلالی ہوں‘ سعودی عرب میں موجود اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر الہلال کلب میں شامل

الہلال فٹبال کلب نے برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کرنے کا اعلان کیا ہے

سبق ویب سائٹ کے مطابق الہلال کلب نے ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر وڈیو جاری کی ہے، جبکہ نیمار کی الہلال کی جرسی پہنے ہوئے متعدد تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں

الہلال کلب کی انتظامیہ نے کہا ہے ”ہفتے کے دن کنگ فہد اسٹیڈیم میں اسٹار فٹبالر نیمار کا استقبال کیا جائے گا“

الہلال کے مطابق ”پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں، جس کے تحت ہم نے 90 ملین یورو کے عوض نیمار کی خدمات حاصل کر لی ہیں“

الہلال نے مزید کہا ”نیمار کے ساتھ ایک سو ملین یورو سالانہ تنخواہ پر معاہدہ کر لیا ہے“

الہلال کلب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وڈیو اپلوڈ کی، جس میں نیمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ وہ اب اِس کلب کا حصہ ہیں

وڈیو میں اکتیس سالہ فٹبالر کہتے ہیں ”میں یہاں سعودی عرب میں ہوں اور میں ہلالی ہوں“

سعودی پرو لیگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیمار نے کہا ہے کہ وہ ’کھیلوں کی نئی تاریخ‘ لکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا ”الہلال بہت بڑا کلب ہے، جس کے شاندار مداح ہیں اوریہ ایشیا کا بہترین فٹبال کلب ہے، جس کے بعد مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میرا یہ فیصلہ صحیح ہے، صحیح وقت پر ہے اور صحیح کلب کے ساتھ ہے۔ مجھے جیتنا اور گول اسکور کرنا پسند ہے اور میرا سعودی عرب میں الہلال کے ساتھ یہی کرنے کا ارادہ ہے“

دوسری طرف پیرس سینٹ جرمین کے صدر ناصر الخلیفی کہتے ہیں ”نیمار جیسے شاندار کھلاڑی کو خدا حافظ کہنا بہت ہی مشکل ہے، جو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں“

نیمار 2017 میں اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا سے پی ایس جی میں 24 کروڑ ڈالر کی ورلڈ ریکارڈ فیس کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے پی ایس جی کی جانب سے 173 میچوں میں 118 گول کیے۔

نیمار نے فرانسیسی لیگ ون کے پانچ ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ تین فرانسیسی کپ بھی جیتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close