مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے، جلد اسلام آباد جائیں گے اور حکومت کو چلتا کریں گے
لورالائی میں گیارہ جماعتی حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہماری جنگ پاکستان میں جمہوری فضاؤں کی بحالی کے لئے ہے، ہم نے فیصلہ کن جنگ لڑنی ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے، یہ موجیں مارتا سمندر کوئی مقاصد، کوئی نظریہ رکھتا ہے، آج فیصلہ کن وقت آ گیا، عمران خان کو جانا ہی ہوگا
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا ہمارے حکمرانوں میں خود اعتمادی نام کی چیز نہیں، آج ہماری مدد کرنے والا کوئی نہیں، پڑوسی ملک ہمارا ساتھ نہیں دے رہا، افغانستان ہمارا ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں، چین پاکستان سے ناراض ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ اور جے یو آئی (ف) کے قائد نے کہا کہ افغانستان کی معیشت ترقی کر رہی، ایران کی معیشت ہم سے طاقتور ہے، پورے خطے میں ایک پاکستان ہے جس کی معیشت ڈوب رہی ہے، ملکی معیشت کا کباڑا کر دیا، خدا جانے کیسے ٹھیک ہوگی
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھارت، یورپ، اسرائیل سے پیسہ آیا، یہ پیسے کہاں سے آئے، الیکشن کمیشن حساب تو لے، آج تمہاری پارٹی کا بانی رکن الیکشن کمیشن میں جا جا کر تھک گیا
فضل الرحمٰن نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں صوبوں کو حقوق دیئے گئے ہیں، ہم دوبارہ صوبوں کا حق مرکز کو دینے کو تیار نہیں، آئین کہتا ہے صوبے کے حصے میں اضافہ ہوسکتا ہے، کمی نہیں، ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خود مختاری اور قانون کی عملداری کے لئے ہے۔